Inquilab Logo

ہندوستان نے تاریخ رقم کردی، تھامس کپ پر پہلی بار قبضہ

Updated: May 16, 2022, 11:34 AM IST | Agency | Bangkok

بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے فائنل میں انڈونیشیا کی ٹیم کو صفر۔۳؍ سے ہراکر پہلی بارمردوں کا خطاب پر قبضہ کرلیا

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

ہندوستان نے خطابی مقابلے میں شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے اتوار کو انڈونیشیاکوصفر۔۳؍سے شکست دے کر باوقار مردوں  کا بیڈمنٹن ٹیم  مقابلہ تھامس کپ پہلی بار جیت لیا۔ ہندوستان نے پہلے تینو ںمیچ جیت کر تھامس کپ جیت لیا۔ لکشیا سین اور کدامبی سری کانت نے سنگلز میچ جیت لیا اور ساتوک سائراج رینکی ریڈی اورچراغ شیٹی نے ڈبلز میچ جیت لیا۔ ہندوستان نے جمعہ کو تاریخ رقم کی جب اس نے ڈنمارک کو۲۔۳؍ سے شکست دے کر پہلی بار تھامس کپ کے فائنل میں جگہ بنائی۔  ہندوستانی ٹیم اس سے قبل۱۹۵۲ء،۱۹۵۵ء اور۱۹۷۹ء میں سیمی فائنل میں پہنچی تھی۔ نوجوان شٹلر لکشیا سین نے پہلے میچ میں عالمی نمبر ۵؍ انتھونی گنٹنگ کو شکست دی۔ لکشیا نے گنٹنگ کے خلاف۲۱۔۸، ۱۷۔۲۱، ۱۶۔۲۱؍ سے کامیابی حاصل کرلی۔ یہ عالمی نمبر۵؍ شٹلر کے خلاف ان کی مسلسل دوسری جیت تھی۔۲۰؍سالہ ہندوستانی شٹلر نے اس سال کے آغاز میں جرمن اوپن راؤنڈ آف۱۶؍ میں گنٹنگ کو سیدھے گیمز میں۹۔۲۱، ۹۔۲۱؍ سے شکست دی تھی۔گنٹنگ نے پہلا گیم۸۔۲۱؍ سے جیتا، جس کے بعد لکشیا نے دوسرا گیم ۱۷۔۲۱؍ سے جیت کر۱۔۱؍ سے برابر کر دیا۔ فیصلہ کن میچ میںانڈونیشیا کے گنٹنگ نے ابتدائی لمحات میں۷۔۱۱؍کی برتری حاصل کی  لیکن لکشیا نے لگاتار ۵؍ پوائنٹس کے ساتھ لوٹتے ہوئے گیم کو۱۲۔۱۲؍  پر لاکھڑا کیا۔  لکشیا نے میچ کے آخری لمحات میں گنٹنگ پر پوری طرح غلبہ حاصل کرلیا اور میچ  ۱۶۔۲۱؍ سے جیت لیا۔ ہندوستان کی بیڈمنٹن مینز ڈبلز جوڑی  ساتوک  اور چراغ شیٹی نے ڈبلز میچ میں محمد احسن اور کیون سنجے سوکامالوجو کی جوڑی کے خلاف کامیابی حاصل کرکے ہندوستان کی برتری صفر۔۲؍ کردی۔ ساتوک اور چراغ نے یہاں امپیکٹ ایرینا میں ایک گھنٹہ اور۱۳؍ منٹ کے سنسنی خیز مقابلے میں احسن اور سوکامالوجی پر ۲۱۔۱۸، ۲۳۔۲۱،۱۹۔۲۱؍ سے شکست دے کر کامیابی حاصل کرلی۔ انڈونیشیا کے احسن اور سوکامالوجی نے ابتدائی گیم۱۷؍ منٹ میں۱۸۔۲۱؍ سے جیت لیا۔ دوسرے گیم میں ہندوستانی جوڑی نے کھیل کے وسط تک۶۔۱۱؍ کی برتری حاصل کی۔ وقفے کے بعد انڈونیشیا نے واپسی کی اور۱۴۔۱۸؍سے آگے تھی، لیکن ہندوستان نے انہیں۲۱۔۲۳؍ سے شکست دی۔فیصلہ کن کھیل میں سخت مقابلہ ہوا اور دونوں ٹیمیں ایک موقع پر۱۶۔۱۶؍ سے برابر تھیں، لیکن ہندوستان نے منفرد کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ جیت کر انڈونیشیا پرصفر۔۲؍ کی برتری حاصل کرلی۔ دوسرے سنگلز مقابلے میں ہندوستان کے اسٹار شٹلرکدامبی سری کانت  نے انڈونیشیا کے جوناتن کرسٹی کو ۲؍گیمز میں شکست دےدی۔ کدامبی سری کانت نے ۱۵۔۲۱، ۲۱۔۲۳؍ کے اسکور سے میچ جیت لیا اور ہندوستان نے پہلی بار تھامس کپ پر قبضہ کرلیا۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK