Inquilab Logo

ہندوستان کا آسٹریلیا کیخلاف ہاکی ٹیسٹ سیریز میں شکست کیساتھ آغاز

Updated: April 07, 2024, 11:22 AM IST | Agency | Perth

سیریز کے پہلے میچ میں میزبان ٹیم نے ہندوستان کو ایک کے مقابلے ۵؍گول سے روند کر اچھی شروعات کی۔

Indian players are seen during the match. Photo: INN
ہندوستانی کھلاڑی میچ کے دوران نظر آرہے ہیں۔ تصویر : آئی این این

ہندوستانی ہاکی ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف ہاکی ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ سنیچر کو پرتھ ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ہندوستان کو۱۔ ۵؍ سے شکست دی۔ آسٹریلیا کی جانب سے ٹم برانڈ (تیسرے منٹ)، ٹام وکھم (۲۰؍ویں اور۳۸؍ویں منٹ)، جوئل رنٹالا (۳۷؍ویں منٹ) اور فلین اوگیلیو (۵۷؍ویں منٹ) نے گول کئے جبکہ ہندوستان کی جانب سے گرجنت سنگھ نے۴۷؍ ویں منٹ میں واحد گول کیا۔ آسٹریلوی ٹیم نے کھیل کے تیسرے منٹ میں گول کر کے میچ کا شاندار آغاز کیا۔ عالمی نمبر ۵؍ آسٹریلوی ٹیم کیلئے ٹم برانڈ نے فیلڈ گول کر کے میچ کے پہلے کوارٹر میں اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ اس کے بعد ہندوستان نے بھی جوابی حملے کئے لیکن وہ کامیاب نہیں ہوئے۔ محمد راحیل نے کھیل کے ۱۰؍ویں منٹ میں ہندوستانی ٹیم کے لئے پہلا پنالٹی کارنر حاصل کیا تاہم انہیں کامیابی نہیں ملی۔ 
 کھیل کے دوسرے کوارٹر میں ہندوستانی واپسی کے ارادے سے میدان پر اترے لیکن آسٹریلوی کھلاڑیوں نے عالمی نمبر ۴؍ ہندوستانی ٹیم کو کھاتہ نہیں کھولنے دیا۔ میچ کے پہلے ہاف کے اختتام تک آسٹریلیا نے۰۔ ۲؍ کی برتری حاصل کر لی تھی۔ میچ کے پہلے ہاف کے بعد ہندوستانی ٹیم گول کرنے کی مسلسل کوشش کر رہی تھی وہیں کینگرو ٹیم نے تیسرے کوارٹر میں مزید ۲؍ گول کر کے اپنی برتری مضبوط کر لی۔ اس دوران ہندوستان نے گول کرنے کے کچھ مواقع بھی بنائے لیکن کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے۔ 
 ہندوستانی ٹیم نے کھیل کے آخری اور چوتھے کوارٹر میں کامیابی حاصل کی۔ ہندوستانی کھلاڑی گرجنت سنگھ نے فیلڈ گول کے ذریعے ٹیم کا کھاتہ کھولا اور میچ کے۴۷؍ویں منٹ میں گول کیا تاہم، تب تک ہندوستان میچ میں کافی پیچھے رہ چکا تھا جبکہ آسٹریلیا نے اسکور کو۱۔ ۵؍گول تک لے جانے کیلئے اپنے گول میں اضافہ کیا اور میچ یکطرفہ طور پر جیت کر ۵؍ میچوں کی سیریز میں ۰۔ ۱؍ کی برتری حاصل کرلی۔ واضح رہے کہ پیرس اولمپکس۲۰۲۴ء کو مدنظر رکھتے ہوئے ہندوستانی ٹیم اس سیریز کے ذریعے اپنی پریکٹس کو مضبوط کرنا چاہتی ہے۔ دونوں ٹیمیں ہاکی ٹیسٹ سیریز کا اپنا دوسرا میچ۷؍ اپریل کو اسی گراؤنڈ پر کھیلیں گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK