Inquilab Logo

بنگلہ دیش کو شکست دے کر ہندوستان کی خواتین ٹیم نے ایمرجنگ ایشیا کپ پرقبضہ کر لیا

Updated: June 22, 2023, 11:59 AM IST | Hong Kong

ٹورنامنٹ کے فائنل میں ہندوستان نے حریف ٹیم کو ۳۱؍رن سے مات دی۔ کرکٹ ٹیم کیلئے شرینکا پاٹل اور منت کشیپ نے عمدہ گیندبازی کا مظاہر ہ کیا

photo;INN
تصویر :آئی این این

شرینکا پاٹل (۱۳؍۴) اور منت کشیپ (۲۰/۳) کی شاندار گیند بازی کی بدولت ہندوستان اے نے بدھ کو ایمرجنگ ایشیا کپ کے فائنل میں بنگلہ دیش اے کو۳۱؍ رن سے شکست دی۔
 ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہندوستان صرف۱۲۷؍ رن بنا سکا لیکن شرینکا اور منت کی بولنگ نے بنگلہ دیش کو۹۶؍ رن پر آل آؤٹ کر دیا۔ کنیکا آہوجا نے بھی ۴؍ اوور میں۲۳؍ رن دے کر ۲؍ وکٹ حاصل کئے جبکہ تیتاس سادھو نے ایک وکٹ حاصل کیا۔
 فائنل میں     ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کو۱۲۸؍ رن کا معمولی اسکور حاصل کرنا تھا لیکن مشن روڈ گراؤنڈ کی سست پچ پر ہندوستانی اسپنر بنگلہ دیشی ٹیم پر مکمل طور پر حاوی رہے۔بنگلہ دیش کی جانب سے ناہیدہ اختر ۱۷؍ رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہیں جب کہ ٹیم کے۸؍ بلے باز ڈبل فیگرس کو بھی نہ چھو سکیں۔ شوبھنا موسٹری نے۱۶؍ اور اوپنر شاتھی رانا نے۱۳؍ رن بنائے۔
 اس سے پہلے دنیش ورندا (۲۹؍ گیندوں،۳۶؍ رن) نے تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے ہندوستان کیلئے سب سے زیادہ رن بنائے۔ انہوں نے اپنی اننگز میں ۵؍ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔
   اوپنرز شویتا سہراوت (۲۰؍ گیند،۱۳؍ رن) اور اوما چھتری (۲۰؍ گیندوں،۲۲؍ رن) کے چھوٹے اسکور پر آؤٹ ہونے کے بعد مڈل آرڈر بھی ناکام ہو گیا، لیکن کنیکا آہوجا نے اہم کردار ادا کیا اور ناٹ آؤٹ۳۰؍ رن بنا کر ہندوستان کو۲۰؍ اوور میں ۷؍ وکٹ کے نقصان پر۱۲۷؍رن کے اسکور تک پہنچا دیا۔ کنیکا نے اپنی۲۳؍ گیندوں کی اننگز میں ۴؍ چوکے لگائے۔
 ہندوستانی ٹیم منگل کو سری لنکا کے خلاف سیمی فائنل  بارش کی نذر ہوجانے کے بعد فائنل میں پہنچی تھی۔اس ٹورنامنٹ میں  ہندوستان نے فائنل سے پہلے  صرف میزبان ہانگ کانگ کا سامنا کیا تھا جہاں اس نے ۹؍ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ اس کے علاوہ ہندوستان کے دیگر ۳؍ میچ بارش کی نذر ہوگئے۔ خیال ر ہے کہ بارش نے پورے ٹورنامنٹ میں خلل ڈالا، جس کے نتیجے میں کل ۸؍میچ منسوخ ہوئے تھے اور ٹورنامنٹ کا مزہ کرکرا ہوگیا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK