Inquilab Logo

ہندوستان نے۸؍ویں بار مردوں کے کبڈی کا خطاب جیتا

Updated: October 08, 2023, 12:10 PM IST | Agency | Hangzhou

ہندوستان نے ایشین گیمز میں کبڈی ایونٹ کے فائنل میں ایک قریبی میچ میں ایران کو۲۹۔۳۳؍سے شکست دے کر ۸؍ ویں بار خطاب اپنے نام کرلیا۔

India`s Gold Medal Winning Kabaddi Team Photo: INN
گولڈ میڈل جیتنے والی ہندوستان کی کبڈی ٹیم۔ تصویر:آئی این این

ہندوستان نے ایشین گیمز میں کبڈی ایونٹ کے فائنل میں ایک قریبی میچ میں ایران کو۲۹۔۳۳؍سے شکست دے کر ۸؍ ویں بار خطاب اپنے نام کرلیا۔ جکارتہ ایشین گیمز۲۰۱۸ء میں ہندوستان کو سیمی فائنل میں ایران کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس سے قبل بیجنگ۱۹۹۰ء میں ایشیائی کھیلوں میں ہندوستان نے کبڈی متعارف کروانے کے بعد سے تمام ۷؍ سونے کے تمغے جیتے تھے۔کپتان فضل اتراچلی کی قیادت میں مضبوط ایرانی دفاع نے زبردست ٹیکل کے ساتھ شروع میں ہندوستان پر دباؤ برقرار رکھا، تاہم ہندوستانی کبڈی کپتان پون سہراوت اور ریڈر نوین کمار نے لگاتار پوائنٹس حاصل کرکے ہندوستان کو میچ میں برقرار رکھا۔نائب کپتان سنیل کمار کی قیادت میں ہندوستانی دفاع نے ایران کو آل آؤٹ کرنے میں مدد کی اور بریک ہونے تک۱۳۔۱۷؍ کے اسکور کے ساتھ ۴؍پوائنٹس کی برتری حاصل کرلی۔ اس دوران اسلم انعامدار اور نوین کمار نے بھی اہم ریڈنگ پوائنٹس حاصل کئے۔ ہندوستان نے دوسرے ہاف کے آغاز میں ہی کچھ پوائنٹس حاصل کئے، لیکن ایران نے ہندوستان کو آل آؤٹ کر دیا اور فل ٹائم سے۱۰؍ منٹ قبل اسکور۲۵؍ رن سے برابر کرلیا۔اس کے بعد پون سہراوت نے ہندوستان کو آگے بڑھایا اور کپتان فضل اتراچلی کو ریڈ میں آؤٹ کیا۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان۲۵۔۲۸؍ سے آگے ہوگیا۔ ایران نے لگاتار ۳؍ پوائنٹس کے ساتھ واپسی کی اور سیٹی بجنے سے صرف ایک منٹ پہلے اسکور۲۸؍ پر برابر ہوگیا۔ کرو یا مرو کی ریڈ میں پون سہراوت نے ۳؍ پوائنٹس جیت کر اپنی ٹیم کو دوبارہ برتری دلائی تاہم، میچ کو معطل کردیا گیا کیونکہ ریفری اور ٹیموں نے پون سہراوت کی ریڈ پر حاصل کئے گئے پوائنٹس پر وضاحت طلب کی۔ اس کے بعد ایران کی جانب سے علی رضا میزیان ریڈ کے لئے گئے لیکن ہندوستانی دفاع نے انہیں آؤٹ کردیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK