Inquilab Logo

ہندوستانی خواتین ٹیم نے بنگلہ دیش کو۵۶؍ رن سے شکست دی

Updated: May 06, 2024, 10:20 PM IST | Dhaka

چوتھے ٹی میچ میں ڈک ورتھ لوئس اصول (ڈی ایل ایس طریقہ) کا استعمال کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو۵۶؍ رن سے شکست دے دی۔کپتان ہرمن پریت کور نے ۳۹؍رن بنائے

Team India Women  Players
ٹیم انڈیا خواتین کھلاڑی۔ (تصویر:آئی این این)

کپتان ہرمن پریت کورکے ۳۹؍ رن اور پھر گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت ہندوستانی خواتین ٹیم نے بارش کی وجہ سے روکے گئے چوتھے ٹی میچ میں ڈک ورتھ لوئس اصول (ڈی ایل ایس طریقہ) کا استعمال کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو۵۶؍ رن سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم نے ۵؍ میچوں کی سیریز میں۰۔۴؍ کی برتری حاصل کر لی ہے۔
بارش کے باعث بنگلہ دیش کو جیتنے کیلئے ۱۴؍  اوورس میں۱۲۵؍ رن کا ہدف ملا۔ بنگلہ دیش کا آغاز اچھا نہیں تھا اور چوتھے اوور میں مرشدہ خاتون (ایک) کی وکٹ گنوا بیٹھی۔ اس کے بعد دلارا اختر (۲۱؍رن) ۸؍ویں اوور میں۲۱؍ رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئیں۔ روبیہ حیدر(۱۳؍رن)، کپتان نگار سلطانہ ( ایک )، شورنا اختر (۵؍رن )، رتو مونی (ایک ) رابعہ خان  ۸؍رن   بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ شریفہ خاتون۱۱؍  اور ناہیدہ اختر ۲؍ رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔ بنگلہ دیشی بلے بازوں میں سے کوئی بھی  ہندوستانی گیند بازوں کے سامنے نہ ٹھہر سکی۔ بنگلہ دیش کی ٹیم ۱۴؍ اوورس میں ۷؍ وکٹوں پر صرف۶۸؍ رن بنا سکی اور۵۶؍ رن سے میچ ہار گئی۔ ہندوستان کی جانب سے دپتی شرما اور شوبھنا آشا نے ۲۔۲؍ وکٹ  حاصل کئے۔ پوجا وستراکر اور رادھا یادو نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔
اس سے قبل پیرکو سلہٹ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں بنگلہ دیش کی خواتین ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کیلئے آئی ہندوستانی ٹیم کی شروعات اچھی نہیں تھی اور دوسرے ہی اوور میں شیفالی ورما (۲؍ رن) کا وکٹ گنوا بیٹھی۔ دیلان ہیم لتا ۱۴؍ گیندوں پر ۲۲؍  رن بنانے کے بعد پانچویں اوور میں آؤٹ ہو گئیں۔ اسمرتی مندھانا نے ۱۸؍گیندوں میں  ۲۲؍رن بنائے۔ رابعہ خان نے انہیں بولڈ آؤٹ کیا۔ کپتان ہرمن پریت کور نے ٹیم کی جانب سے ۲۶؍ گیندوں پر سب سے زیادہ۳۹؍ رن بنائے۔ رچا گھوش نے۱۵؍  گیندوں پر۲۴؍  رن کی اننگز کھیلی۔ سنجیون سجنا ۸؍ رن  بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہیں۔ ہندوستان نے ۱۴؍ اوورس میں ۶؍ وکٹ پر ۱۲۲؍رن بنائے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے معروفہ اختر اور رابعہ خان نے ۲۔۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ شریفہ خاتون نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK