کوالیفائر میچ میں آج ہندوستانی ٹیم کا مقابلہ امریکہ سے ہوگا۔ سویتا کی کپتانی والی ٹیم اولمپکس میں جگہ بنانے کے لئے پُرعزم۔
EPAPER
Updated: January 13, 2024, 11:14 AM IST | Agency | Ranchi
کوالیفائر میچ میں آج ہندوستانی ٹیم کا مقابلہ امریکہ سے ہوگا۔ سویتا کی کپتانی والی ٹیم اولمپکس میں جگہ بنانے کے لئے پُرعزم۔
مسلسل تیسری بار اولمپکس میں جگہ بنانے کی کوشش میں سویتا کی قیادت والی ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم سنیچر کو کوالیفائر ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں امریکہ سے مقابلہ کرے گی۔
اعتماد سے بھرپور کپتان سویتا نے کہاکہ ہم ٹورنامنٹ کیلئے تیار ہیں ۔ پوری ٹیم جانتی ہے کہ پیرس اولمپکس کے خواب کی طرف یہ پہلا قدم ہے۔ ہم نے انفرادی طور پر اور ایک ٹیم کے طور پر خود پر کام کیا ہے۔ ہماری توجہ ہماری طاقت پر مرکوز رہے گی نہ کہ پریشانیوں پر۔ سنیچر کے میچ کے بارے میں سویتا نے کہاکہ ’’جب ہم امریکہ کا سامنا کریں گی تو دباؤ ہوگا۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ وہ ایک اچھی ٹیم ہیں ۔ لیکن جیسا کہ میں نے ہمیشہ کہا ہے، ہر میچ اور ہر ٹورنامنٹ میں دباؤ ہوتا ہے، یہ مختلف نہیں ہے۔ ہم نے خود کو ذہنی طور پر تیار کیا ہے اور میچ میں مشکل حالات پر قابو پانے کیلئے کام کیا ہے۔‘‘
ہندوستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ جینیک شوپمین نے کہاکہ ’’اولمپکس سب سے بڑا ٹورنامنٹ ہے، اس لئے دباؤ ضرور ہوگا۔ یہاں کی ہر ٹیم اولمپکس کیلئے کوالیفائی کرنا چاہتی ہے اور ٹیم اپنے چیلنج سے واقف ہے، ہم ان کا سامنا کریں گے لیکن جیسا کہ سویتا نے کہا کہ ٹیم اچھی طرح سے تیار ہے اور رانچی میں کھیلنا فائدہ مند ہے۔ ہم نے دیکھا کہ جب یہاں ایشین چمپئن ٹرافی کا انعقاد ہوا تو ٹیم کو کتنا سپورٹ ملا، مجھے یقین ہے کہ اس بار بھی ان کی حمایت اہم ہوگی۔ ہماری ٹیم اپنی صلاحیت کے مطابق کھیلتی ہے، میں جانتا ہوں کہ ہمارے پاس کوالیفائی کرنے کا مضبوط موقع ہے۔ کل ۸؍ ٹیمیں میدان میں مدمقابل ہوں گی۔ پول اے میں جرمنی، جاپان، چلی اور جمہوریہ چیک شامل ہیں جبکہ میزبان ہندوستان کو نیوزی لینڈ، امریکہ اور اٹلی کے ساتھ پول بی میں رکھا گیا ہے۔