Inquilab Logo

آج کولکاتا نائٹ رائیڈرس کی ٹیم دہلی کیپٹلس کو زیر کرنے کیلئے کمر بستہ

Updated: April 29, 2024, 10:16 AM IST | Kolkata

کولکاتاکی ٹیم گھریلو میدان پر کامیابی کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگادے گی۔ ٹیم کی پلے آف میں پہنچنے کی کوشش۔

Kolkata team will try their best to win this match. Photo: INN.
کولکاتا کی ٹیم یہ میچ جیتنے کی پوری کوشش کرےگی۔ تصویر: آئی این این۔

دہلی کیپٹلس کی ٹیم انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) میں ہونے والے میچ میں گزشتہ ۵؍ میں سے ۴؍ میچ جیتنے کے بعد پر اعتماد ہے۔ کولکاتا نائٹ رائیڈرس کے خلاف دہلی کی ٹیم پیر کو ٹیبل میں ٹاپ ۴؍ میں پہنچنے کی کوشش کرے گی۔ میزبان کولکاتا بھی یہی کوشش کرے گا۔ 
رشبھ پنت کی قیادت والی ٹیم آہستہ آہستہ اپنی خامیوں کو دورکر رہی ہے اور اب ایک مضبوط ٹیم کی طرح کھیل رہی ہے۔ ساتھ ہی گوتم گمبھیر کی رہنمائی والی ٹیم کے کے آر کو گزشتہ ۵؍ میں سے ۳؍ میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس کی ذمہ دار اس کی کمزور گیندبازی ہے۔ 
دہلی میں لونگی اینگیڈی کی جگہ شامل کئے گئے آسٹریلیا کے جیک فریزر میک گرک نے ٹاپ آرڈر میں اپنی دھماکہ خیز بلے بازی سے خود کو `ایکس فیکٹر ثابت کیا ہے۔ اس۲۲؍ سالہ `پاور ہٹرنے اپنے شاندار شاٹس سے ۵؍ میچوں میں ۲۳۷ء۵۰؍ کے اسٹرائیک ریٹ سے۲۴۷؍ رن بنا کر آئی پی ایل میں ہلچل مچا دی ہے۔ جسپریت بمراہ جیسے بولر کے خلاف جارحانہ انداز میں رن بنانا ان کی مہارت کو ظاہر کرتا ہے۔ میک گرک نے ممبئی انڈینس کے اس تیز گیند باز کی پہلی ہی گیند پر چھکا لگا کر اپنی ذہنی طاقت کی جھلک دکھائی جس کی وجہ سے بمراہ نے اپنے پہلے ہی اوور میں ۱۸؍ رن دیئے۔ اس سیزن میں بمراہ کا یہ پہلا اوور تھا جس میں انہوں نے اتنے زیادہ رن دیئے۔ اس کی وجہ سے دہلی کیپٹلس نے سنیچر کو ممبئی انڈینس کو۱۰؍ رن سے شکست دی۔ 
میک گرک نے ممبئی انڈینس کے خلاف۲۷؍ گیندوں پر۸۴؍ رن بنائے اور وہ ایڈن گارڈنس میں بیٹنگ کے موافق حالات کا بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے جہاں پنجاب کنگز اور کے کے آر نے مل کر۵۲۳؍ رن بنائے تھے، جس میں ریکارڈ ۴۲؍ چھکے بھی شامل ہیں۔ پنجاب کنگز نے۲۶۲؍ رن کے ریکارڈ ہدف کا تعاقب کیا۔ لیکن دہلی کی بلے بازی صرف میک گرک تک محدود نہیں ہے۔ 
جنوبی افریقہ کے ٹرسٹن اسٹبس نے بھی اپنی `پاور ہٹنگ سے سب کو حیران کر دیا جب انہوں نے ممبئی انڈینس کے خلاف۲۵؍ گیندوں پر ناقابل شکست۴۸؍ رن بنائے۔ کپتان پنت ہر میچ کے ساتھ تیزی سے ترقی کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے دہلی کیپٹلس کے ٹاپ ۵؍ بلے باز میک گرک، ابھیشیک پورل، شائی ہوپ، پنت اور اسٹبس کے کے آر کی گیند بازی کیلئے پریشانی کا باعث بن سکتے ہیں۔  
 کے کے آر نے زخمی مشیل سٹارک کی جگہ سری لنکا کے تیز گیند باز دشمنتھا چمیرا کو شامل کیا لیکن انہوں نے ٹیم کیلئے اپنے آغاز میں ۱۶؍ رن فی اوور دیا۔ اسپنر سنیل نارائن کے علاوہ کے کے آر کا کوئی بھی گیند باز متاثر نہیں کرسکا۔ کے کے آر کو سب سے زیادہ مایوسی آئی پی ایل کے سب سے مہنگے کھلاڑی اسٹارک سے ہوئی ہے اور ٹیم کو امید ہے کہ یہ آسٹریلیائی کھلاڑی جلد ہی انگوٹھے کی چوٹ سے ٹھیک ہو کر فارم میں آ جائے گا۔ کلدیپ یادو دہلی کیپٹلس کی گیند بازی میں کولکاتا کی ٹیم کو اپنی صلاحیت دکھانا چاہیں گے کیونکہ جب وہ کے کے آر میں تھے تو انہیں دنیش کارتک کی قیادت میں موقع نہیں دیا گیا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK