Inquilab Logo

آج لکھنؤ کے سامنے ۵؍بار کی چمپئن چنئی کا چیلنج

Updated: April 19, 2024, 1:09 PM IST | Agency | Lucknow

گزشتہ ۲؍میچ جیت چکی سپر کنگز کے حوصلے بلند، سپر جائنٹس بھی فتح حاصل کرکے کامیابی کی پٹری پر لوٹنے کی کوشش کرےگی، دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلے کی امید۔

Chennai Super Kings team is full of confidence after winning their last 2 matches and they will try to get success against Lucknow as well. Photo: INN
چنئی سپر کنگز کی ٹیم اپنے گزشتہ ۲؍مقابلے جیت کر پُر اعتماد ہے اور وہ لکھنؤ کے خلاف بھی کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کرےگی۔ تصویر : آئی این این

لکھنؤ سپر جائنٹس کواپنے گھریلو میدان میں ۵؍بار کی چمپئن چنئی سپر کنگز کے سخت چیلنج کا سامنا کرنا ہوگا۔ اکانا اسٹیڈیم کی وکٹ پر چنئی کے گیندباز بلے بازوں کو پریشان کر سکتے ہیں ۔ رتوراج گائیکواڑ کی کپتانی اور مہندر سنگھ دھونی کی رہنمائی والی چنئی کی ٹیم نے گزشتہ ۲؍ میچوں میں شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ دوسری جانب کے ایل راہل کی ٹیم کو گزشتہ ۲؍ میچوں میں لگاتار شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ٹیم کو ہار کی ہیٹ ٹرک سے بچنے کیلئے اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ 
 لکھنؤ سپر جائنٹس کے ہیڈ کوچ جسٹن لینگر نے کہا کہ وہ شکست سے فکر مند ضرور ہیں لیکن چنئی کے خلاف پوری توانائی کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ ٹیم میں کچھ تبدیلی بھی کی جا سکتی ہے۔ لکھنؤ کو نوجوان تیز گیندباز مینک یادو کی کمی محسوس ہو ری ہے جو زخمی ہوکر ٹیم سے باہر ہیں ۔ وہ گجرات کے خلاف ایک اوور ڈالنے کے بعد میدان سے باہر چلے گئے تھے۔ ان کے پیٹ میں تکلیف ہے۔ چنئی کے خلاف بھی ان کا کھیلنا مشکل نظر آرہا ہے۔ ان کی عدم موجودگی میں لکھنؤ کی تیز گیند بازی کی ذمہ داری یش ٹھاکر، نوین الحق اور محسن خان پر ہوگی۔ اسپن کی کمان بشنوئی، کرنال پانڈیا اور سدھارتھ سنبھالیں گے۔ 
 جہاں تک لکھنؤ کی بلے بازی کی بات ہے تو بلے باز بڑی اننگز نہیں کھیل پا رہے ہیں ۔ نکولس پورن رن بنا رہے ہیں لیکن دیگر بلے بازوں کا ساتھ انہیں نہیں مل پا رہا ہے۔ واضح رہے کہ پورن نے ٹیم کیلئے ایک ہاف سنچری کی مدد سے سب سے زیادہ ۲۲۳؍رن بنائے ہیں ۔ کوئنٹن ڈی کاک اب تک کوئی کمال نہیں دکھا پائے ہیں ۔ وہ بھی بڑی اننگز کھیلنے کیلئے بے قرار ہوں گے۔ کے ایل راہل نے اب تک ۲۰۴؍رن بنائے ہیں لیکن ان کی بلے بازی میں تسلسل نظر نہیں آرہا ہے۔ ٹیم کو اسٹوئنس اور آیوش بدونی سے بھی اچھی کارکردگی کی امید رہےگی۔ 
 جہاں تک چنئی سپر کنگز کی بات ہے تو رتوراج گائیکواڑ ٹیم کی کپتانی ضرور کر رہے ہیں لیکن مخالف ٹیموں کے خلاف جال بچھانے کی ذمہ داری وکٹ کیپر مہندر سنگھ دھونی نبھا رہے ہیں ۔ وکٹ کے پیچھے کھڑے رہ کر وہ پورے میدان پر نظر رکھتے ہیں ۔ چنئی کی ٹیم ۶؍میں سے ۴؍مقابلے جیت کر ٹاپ ۔ ۴؍میں موجود ہے اور کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں ۔ گائیکوڑ نے بلے بازی میں اپنا فارم حاصل کر لیا ہے اور دھونی بھی فنشر کا اپنا رول بخوبی ادا کر رہے ہیں ۔ 
 شیوم دوبے چنئی کےلئے ترپ کا اکا ثابت ہوئے ہیں ۔ وہ ۶؍میچوں میں چنئی کیلئے سب سے زیادہ ۲۴۲؍رن بنا چکے ہیں ۔ دوبے کی نگاہ شاندار کارکردگی کو برقرار رکھنے پر مرکوز ہوگی تاکہ وہ عالمی کپ کی ٹیم میں سلیکشن کیلئے اپنا دعویٰ پیش کر سکیں ۔ ان کے علاوہ رچن، ڈریل اور رہانے بھی ٹیم کو تعاون دے رہے ہیں ۔ گیندبازی میں مستفیض الرحمان شاندار گیندبازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اب تک ۵؍میچوں میں ۱۰؍وکٹیں حاصل کر چکے ہیں ۔ ان کے علاوہ پتھیرانا، دیشپانڈے اور دیپک چاہر بھی فارم میں ہیں ۔ اسپن گیندبازی کی کمان رویندر جڈیجہ اور معین علی کے ہاتھوں میں ہوگی۔ شائقین ایک دلچسپ میچ کی امید کر سکتے ہیں ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK