Inquilab Logo

آج چنئی اور حیدرآباد آمنے سامنے،رنوں کی بارش کی امید

Updated: April 05, 2024, 11:37 AM IST | Agency | Hyderabad

سپر کنگز کو مستفیض الرحمان کی کمی محسوس ہوگی،گزشتہ میچ میں ریکارڈ رن بنانے والے سن رائزرز کے بلے بازوں سے گھریلو شائقین کو جارح بلے بازی کی امید رہےگی۔

Chennai Super Kings` wicketkeeper Dhoni and captain Rituraj will have to get Hyderabad`s Henrik Klasenko out early if they are to win. Photo: INN
چنئی سپرکنگز کے وکٹ کیپر دھونی اور کپتان رتوراج کو اگر کامیابی حاصل کرنی ہے تو حیدرآباد کے ہینرک کلاسنکو جلد آؤٹ کرنا ہوگا۔ تصویر : آئی این این

چنئی سپر کنگز تیز گیندباز مستفیض الرحمان کے بغیر حیدرآباد سے مقابلہ کرنے کیلئے اترےگی۔ چنئی جمعہ کو آئی پی ایل کے ۱۸؍ویں میچ میں مستفیض کے بغیر سن رائزرس حیدرآباد کیخلاف کھیلے گی، جو اپنے دن ہونے پر کسی بھی بلے بازی لائن اپ کو ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ دہلی کیپٹلس کیخلاف آخری میچ میں شکست کا سامنا کرنے کے بعد سی ایس کے کی ٹیم جیت کی پٹری پر واپس آنا چاہے گی۔ دریں اثنا سی ایس کے کو گیندبازی کے شعبہ میں بہتری لانے کیلئے غور کرنا ہوگا کیونکہ ان کے سب سے اہم گیند باز مستفیض امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں منعقد ہونے والے ٹی۔ ۲۰؍ورلڈ کپ کیلئے ویزا کا عمل مکمل کرنے بنگلہ دیش واپس گئے ہیں۔ اب تک مستفیض الرحمان اور متھیشا پتھیرانا کی جوڑی چنئی کے لئے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی تھی۔ اب مستفیض کی جگہ مکیش چودھری کو آخری۱۱؍ میں موقع مل سکتا ہے۔ دہلی سے شکست کے بعد کپتان رتوراج گائیکواڑ نے کہا تھا کہ اتنے لمبے ٹورنامنٹ میں کارکردگی میں اتار چڑھاؤ فطری ہے۔ ایسے میں رتوراج اور رچن رویندرا کی اوپننگ جوڑی کو اسپن لیتی ہوئی گیندوں کا سامنا کرنے کے لئے تیار رہنا ہوگا۔ 
 کرکٹ کے شائقین مہندر سنگھ دھونی کو آٹھویں نمبر سے اوپر بیٹنگ کرتے دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ میچ میں اپنی فنشر فارم بھی دکھائی اور ۱۶؍گیندوں میں ۳۷؍رن بنائے۔ تاہم ان کے بلے بازی کیلئے آنے کا امکان بہت کم ہے کیونکہ وہ شیوم دوبے اور سمیر رضوی کو فنشر کا کردار ادا کرتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔ 
 دوسری طرف سن رائزرس حیدرآباد کو ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے کا فائدہ ملے گا۔ اس کے بلے بازوں نے ممبئی کے خلاف دوسرے میچ میں آئی پی ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا سکور بنایا۔ اگرچہ اوپننگ بلے باز مینک اگروال ابھی تک متاثر نہیں کر پائے ہیں۔ گجرات ٹائٹنس کے خلاف گزشتہ میچ میں سن رائزرز کے بلے باز ناکام رہے تھے۔ اب گھر پر، مہمانوں کو ٹریوس ہیڈ، ابھیشیک شرما، ہینرک کلاسن اور ایڈن مارکرم سے طوفانی اننگز کی توقع ہوگی جو انہوں نے ممبئی کے خلاف کی تھی۔ اس میچ میں ان کے ۴؍ بلے بازوں نے ۲۷۷؍کا اسکور بنایا تھا۔ 
  تاہم گیندبازی ٹیم کے لئے کچھ تشویش کا باعث ہے۔ جے دیو انادکٹ، مینک مارکنڈے اور بھونیشورکمار بہت مہنگے ثابت ہوئے ہیں۔ بھونیشور نے نئی گیند سے مایوس کیا ہے اور وہ ۳؍ میچوں میں صرف ۳؍ وکٹ لینے میں کامیاب رہے ہیں۔ کپتان پیٹ کمنز نے ۸؍ رن فی اوور کی شرح سے رن دئیےہیں لیکن انہیں دوسرے اینڈ سے تعاون نہیں ملا۔ اگر سن رائزرز سی ایس کے جیسی ٹیم کے خلاف جیتنا چاہتی ہے تو ان کے گیند بازوں کو بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ دونوں ہی ٹیموں میں ایک سے بڑھ کر ایک جارح بلے باز ہیں اور ایسے میں شائقین کو میچ کے دوران رنوں کی بارش ہوتے دیکھنے کا موقع مل سکتا ہے۔ حیدرآباد نے اپنے گزشتہ مقابلے میں آئی پی ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور بنایا تھا۔ اب گھریلو میدان پر شائقین کرکٹ کو ان اپنے بلے بازوں سے چوکوں اور چھکوں کی برسات کا انتظار رہےگا۔ دونوں ہی ٹیموں کے درمیان دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ تاہم چنئی کے خلاف حیدرآبد کی کارکردگی بہت خراب رہی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک ۱۹؍میچ کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے حیدرآباد نے صرف ۵؍ میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ چنئی نے ۱۴؍ میچ جیتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK