گزشتہ میچ جیتنے والی دونوں ہی ٹیمیں فتوحات کے سلسلے کو برقرار رکھنا چاہیں گی،رشبھ پنت کی فارم میں واپسی سے کپیٹلز کے حوصلے بلند جبکہ کولکاتا بھی لگاتار تیسری جیت حاصل کرنا چاہےگی۔
EPAPER
Updated: April 03, 2024, 11:03 AM IST | Agency | New Delhi
گزشتہ میچ جیتنے والی دونوں ہی ٹیمیں فتوحات کے سلسلے کو برقرار رکھنا چاہیں گی،رشبھ پنت کی فارم میں واپسی سے کپیٹلز کے حوصلے بلند جبکہ کولکاتا بھی لگاتار تیسری جیت حاصل کرنا چاہےگی۔
موجودہ آئی پی ایل کا ۱۶؍واں میچ دہلی کپیٹلز اور کولکاتا نائٹ رائیڈرز کے درمیان بدھ کووشاکھاپٹنم میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کےلئے اچھی بات یہ ہے کہ دونوں نے آخری میچ جیتا ہے۔ دہلی کپیٹلز نے گزشتہ میچ میں چنئی سپر کنگز کو ۲۰؍رنوں سے شکست دی تھی اور یہ دہلی کی پہلی جیت تھی۔ ایسے میں رشبھ پنت کی قیادت والی ٹیم کا حوصلہ بلند ہوگا۔ دوسری جانب کولکاتا نائٹ رائیڈرس نے بھی لگاتار ۲؍ میچ جیتے ہیں۔ کولکاتا کی نظریں دہلی کے خلاف میچ میں جیت کی ہیٹ ٹرک پر ہوں گی۔
رشبھ پنت نے گزشتہ میچ میں ۳۲؍گیندوں میں ۵۱؍ رنوں کی اننگز کھیلی تھی اور وہ اپنے پرانے فارم میں نظر آرہے ہیں جبکہ پرتھوی شا کی واپسی سے ٹیم مضبوط ہوئی ہے۔ انہوں نے گزشتہ میچ میں ۲۷؍گیندوں پر ۴۳؍رنوں کی اننگز کھیلی تھی۔ ساتھ ہی ڈیوڈ وارنر کا بیٹ بھی خوب چلا تھا۔ ایسے میں وارنر اور شا پر کے کے آرکے خلاف تیز شروعات فراہم کرنے کی ذمہ داری ہوگی۔
جنوبی افریقہ کے ٹرسٹن اسٹبس اور آسٹریلیا کے مچل مارش بھی پاور ہٹنگ کے ماہر ہیں۔ ٹرسٹن اسٹبس نے راجستھان کے خلاف اچھی بلے بازی کی ہے۔ ایسے میں ان سے بھی توقعات وابستہ ہوں گی۔ دوسری جانب مارش نے اپنے قد کے مطابق بلے بازی نہیں کی ہے۔ انجری کے بعد واپسی کرنے والے جنوبی افریقی تیز گیندباز اینریک نورٹجے کو ابھی تک اپنی لینتھ اور لائن نہیں مل سکی ہے۔
دہلی کے تیز گیند بازوں پر کچھ دباؤ رہےگا
دہلی کے ہندوستانی تیز گیند بازوں کو کولکاتا نائٹ رائیڈرس کے پاور ہٹرز کے خلاف اچھا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ خلیل احمد نے چنئی سپر کنگز کے خلاف اچھی گیندبازی کی تھی لیکن انہیں کیچ چھوڑنے کی عادت سے بچنا ہوگا۔ انہوں نے چنئی کے خلاف مہندر سنگھ دھونی کا ایک آسان کیچ بھی چھوڑا تھا۔ مکیش کمار کی گیندبازی میں رفتار نہیں ہے
دوسری جانب کولکاتا نے اب تک ہونے والے دونوں میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ وینکٹیش ایر اور آندرے رسل بھی اچھے فارم میں ہیں۔ اسٹارک اور ورون چکرورتی نہیں کھیلے ہیں۔ شریاس ایر بھی رن بنانے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔ جبکہ ہرشیت رانا نے ۲؍میچوں میں ۵؍وکٹیں ہی حاصل کی ہیں۔
دہلی کپیٹلز کے کے آر کے خلاف میچ میں یہ ثابت کرنے کی کوشش کرے گی کہ چنئی سپر کنگز کے خلاف جیت ایسے نہیں حاصل کی تھی بلکہ اس کےلئے سخت محنت کی تھی۔ کُل ملاکر دہلی اور کولکاتا کے درمیان شائقین کو ایک زبردست میچ دیکھنے کا موقع مل سکتا ہے۔