• Sun, 13 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

جیسوال کی سنچری، ہندوستان کی ہمالیائی برتری

Updated: July 15, 2023, 1:02 PM IST | Dominica

ٹیم انڈیا نے تیسرے روز۲۰۰؍سے زائد رن کی برتری حاصل کرلی تھی۔ روہت کی سنچری اور وراٹ نے بھی نصف سنچری مکمل کی

Yashwhi Jaiswal and Rohit Sharma batted brilliantly
یشسوی جیسوال اور روہت شرما نے زبردست بلے بازی کی

 یشسوی جیسوال(۱۷۱؍رن) کے کریئر کے پہلے ٹیسٹ میں سنچری اور کپتان روہت شرما (۱۰۳؍رن) کے ساتھ ڈبل سنچری شراکت کی بدولت ہندوستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں زبردست برتری حاصل کرلی ہے۔ہندوستان نے میچ کے تیسرے دن جمعہ کو آغاز میں ہی اپنے ۲؍ اہم وکٹ گنوا دیئے تھے اس کے باوجود اس کی برتری مضبوط ہوگئی تھی۔ کاپی پرنٹ میں جانے کے وقت یشسوی جیسوال ۳۸۷؍گیندو ں پر ۱۶؍چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۱۷۱؍رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ اجنکیارہانے اس میچ میں بھی ناکام رہے اور ۳؍رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ وراٹ کوہلی نے ۵۰؍ رن بنالئے تھے اور ان کا ساتھ رویندر جڈیجادے رہے تھے۔ ہندوستان نے ۴؍وکٹ پر ۳۵۷؍رن بنائے تھے اور اس کی برتری ۲۰۷؍رن ہوگئی تھی۔   
 اس سےقبل میچ کے  دوسرے دن جمعرات کو ۲؍ وکٹ کے نقصان پر۳۱۲؍ رن بناکر۱۶۲؍ رن کی مضبوط برتری حاصل کر لی تھی۔ روی چندرن اشون کی ۵؍ وکٹ کی خطرناک گیندبازی کی بدولت ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز محض ۱۵۰؍ رن پر سمٹ گئی۔ ممبئی کے۲۱؍ سالہ کھلاڑی کا جادو ونڈسر پارک کی پچ پر سرچڑھ کر بولا جس کا میزبان گیند بازوں کے پاس کوئی توڑ نہیں تھا۔ دوسرے سرے پر کپتان روہت شرما نے اپنی ۱۰؍ویں ٹیسٹ سنچری اسکور کی۔ ویسٹ انڈیز نے دوسرے سیشن میں ۲؍ وکٹ حاصل کئے لیکن اس کے گیند باز مہمان ٹیم کو بڑی برتری حاصل کرنے سے نہ روک سکے۔ پہلے سیشن میں پچ سے ٹرن اوراچھال ملنے کی وجہ سے ویسٹ انڈیز کے اسپنرس نے روہت اور جیسوال کو  آزادانہ طور پر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔ ہندوستانی بلے باز۳۲؍ اوورس میں صرف ۶۶؍ رن  ہی بنا سکے۔ اس دوران جیسوال صرف ایک چوکا لگانے میں کامیاب رہے اور اپنی پہلی نصف سنچری مکمل کی۔
 دوسرے گھنٹے میں اسپنرس کا دبدبہ رہا اور انہوں نے ٹرن اور باؤنس سے ہندوستانی اوپنرس کو پریشان کیا۔ اس دوران راکھم کوروال کی ایک گیند جیسوال کے بلے کے بہت قریب سے گزری لیکن ڈی آر ایس نے انہیں راحت دی۔ راکھم ایک بار پھر بدقسمت رہے جب روہت نے ایک اچھال لیتی ہوئی گیند کو بیک ورڈ اسکوائر لیگ پر ہوا میں کھیلا لیکن وہ کیچ آؤٹ ہونے سے بچ گئے۔
 لنچ کے بعد جیسوال نے گراؤنڈ کے چاروں جانب بہترین شاٹس لگائے اور پہلے ٹیسٹ پر سنچری بنانے والے۱۷؍ویں ہندوستانی بلے باز اور تیسرے ہندوستانی اوپنر بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ روہت کے ساتھ ان کی ۲۲۹؍ رن کی شراکت بھی ونڈیز کے خلاف ہندوستان کیلئے بہترین اوپننگ شراکت تھی۔ غیر ملکی سرزمین پر ایک ہی اننگز میں دونوں ہندوستانی سلامی بلے بازوں کے ذریعہ سنچری بنانے کی صرف چھٹی مثال ہے۔ اپنی سنچری مکمل کرنے کے بعد روہت اپنا وکٹ گنوا بیٹھے، جبکہ نئے بلے باز شبھمن گل جومل واریکن کی گیند پر سلپ میں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
 چائے سے پہلے وراٹ کوہلی (۳۶؍رن  ناٹ آؤٹ) واریکن کی گیند پر لیگ سلپ پر تقریباً لپکے گئے تھے اورپہلے لیگ-بفور ریویو سے بچے لیکن بعد میں انہوں نے جیسوال کے ساتھ مل کر اننگز کو آگے بڑھایا۔ جیسوال نے جوزف کی گیند پرچوکا لگا کر تیسرے وکٹ کے لئے کوہلی کے ساتھ ۵۰؍ رن کا ہندسہ عبور کیا۔ کوہلی بھی ایکشن میں آئے اور واریکن کی گیند پر کور کے ذریعے اپنی پہلی باؤنڈری لگائی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK