Inquilab Logo

جاپان ، اسپین اور مراکش نے فیفا ورلڈ کپ کے راؤنڈ ۱۶؍ میں جگہ بنائی

Updated: December 03, 2022, 12:04 PM IST | Doha

جرمنی مسلسل دوسری مرتبہ ورلڈکپ کے لیگ مرحلے سے باہر۔ عالمی نمبر۲؍ ٹیم بلجیم کا بھی ٹورنامنٹ میں سفرختم ۔ جاپان اور اسپین کے درمیان متنازع مقابلہ رہا

Morocco players look happy after the match; Photo: INN
مراکش کے کھلاڑی میچ ختم ہونے کے بعد مسرور نظرآرہے ہیں ؛تصویر:آئی این این

  فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۲ء کے راؤنڈ۱۶؍ میں جاپان ، اسپین  اور مراکش نے کوالیفائی کرلیاہے۔ جاپان نے اسپین کو شکست دے کر جرمنی کو باہر کردیا۔ حالانکہ جرمنی نے اپنا آخری گروپ میچ ۲۔۴؍ گول سے جیت لیا تھا۔ اس کے باوجود وہ باہر ہوگیا۔ بلجیم کی ٹیم بھی ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی ہے۔
جاپان کے میچ میں متنازع گول ہوا
 قطر میں جاری فیفا ولڈکپ میں جاپان کا اسپین کے خلاف متنازع گول جائز قرار دینے پر انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جانے لگا۔ خلیفہ انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانےوالے گروپ ای کے میچ میں جاپان نے اسپین کو ایک  کے مقابلے میں۲؍گول سے شکست دی تھی تاہم اس میچ میں جاپان کے اسٹرائیکر نے گیند کو گراؤنڈکی لائن کے قریب سے ساتھی کھلاڑی کو پاس دیا تھا اور گول ہوا۔اس گول کو امپائرس نے جائزقرار دیا تھا جس کے باعث دونوں ٹیموں کے درمیان سنسنی خیز میچ میں جاپان فتحیاب رہا، البتہ فیفا نے اپنا موقف دیا ہے کہ امپائرس کا فیصلہ درست تھاکیونکہ گیند گراؤنڈ کی حدود سے باہر نہیں گئی تھی بلکہ کچھ حصہ میدان کے اندر کی طرف موجود تھا۔
 جاپان کے گول کوجائز قرار دینے کے باعث جرمنی کی ٹیم کوسٹاریکا کو شکست دینے کے باوجود فیفا ورلڈکپ کے راؤنڈ آف۱۶؍مرحلے میں کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی۔اگر جاپان اور اسپن کا میچ برابر ہوتا تو جرمنی راؤنڈ آف۱۶؍ مرحلے کیلئے کوالیفائی کرجاتا کیوں کہ انہوں نے کوسٹاریکا کو۲۔۴؍ سے شکست دی تھی۔
 مراکش نے کینیڈا کو۱۔۲؍سے شکست دے دی
       فیفا ورلڈ کپ میں مراکش نے کینیڈا کو۱۔۲؍سے شکست دے کر ناک آؤٹ مرحلے میں رسائی کرلی۔الثمامہ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے گروپ ایف کے میچ میں مراکش نے کینیڈا کوایک کے مقابلے میں۲؍گول سے شکست  دے دی۔مراکش کی جانب سے چوتھے منٹ میں حاکم زائچ  نے ٹیم کو برتری دلائی جس کو یوسف النصیری نے ۲۳؍ ویں منٹ میں دُگنا کر دیا۔ مراکش کے نائف ایگوئرڈ نے۴۰؍ ویں منٹ میں اپنے ہی جال میں گیند پھینک کر کینیڈا کا کھاتہ کھلوایا۔پوائٹس ٹیبل پر۷؍پوائنٹس کےساتھ سرفہرست مراکش نے پری کوارٹر فائنل مرحلے کیلئے کوالیفائی کر لیا۔
 عالمی نمبر ۲؍ بلجیم ورلڈکپ سے باہر
  فیفا ورلڈکپ۲۰۲۲ء میں گزشتہ ایونٹ کی تیسری پوزیشن کی ٹیم اور موجودہ عالمی نمبر ۲؍ بلجیم کی ٹیم ایونٹ کے پہلے ہی راؤنڈ سے باہر ہوگئی۔قطر کے احمد بن علی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا گروپ ایف کا یہ میچ   بلجیم کےلئے انتہائی اہمیت کا حامل تھا۔ عالمی نمبر ۲؍ ٹیم بلجیم کروشیا کے خلاف فتح کی صورت میں ہی عالمی کپ کے راؤنڈ آف۱۶؍ میں پہنچ سکتی تھی۔ جہاں بلجیم کیلئے گول کرنا ضروری تھا 4وہیں کروشیاکیلئے اس میچ میں گول کو بچانا ضروری تھا۔
 دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ہاف بغیر کسی گول کے ختم ہواجہاں دونوں نے ہی بہتر کھیل پیش کرنے کی کوشش کی۔ دوسرے ہاف میں بلجیم کی ٹیم کروشیا کے مقابلے میں بہتر نظر آئی اور اس نے حریف ٹیم کے گول پر حملے بھی کئے لیکن گیند کو جال میں نہ پہنچا سکے۔بلجیم اسٹرائیکر رومیلو لوکاکو کو دوسرے ہاف میں ایک یا دو نہیں بلکہ۴؍ مواقع ملے لیکن وہ گیند کو جال میں پہنچا کر گول نہ بناسکے اور ہر مرتبہ ہی چوک گئے۔گروپ ایف کا یہ میچ۰۔۰؍ پرختم ہوا جس کے ساتھ ہی کروشیا نے راؤنڈ آف۱۶؍ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK