Inquilab Logo

’’ٹی۲۰؍ عالمی کپ میں روہت کپتان اور دراوڑ ہی کوچ ہونگے‘‘

Updated: February 16, 2024, 12:37 PM IST | Agency | Rajkot

بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ نے کہا’’ مجھے پورا اعتماد ہےکہ روہت شرما کی قیادت میںہندوستان بارباڈوس میں ٹی ۲۰؍ عالمی کپ جیتے گا۔‘‘

Jay Shah on the occasion of renaming ceremony of SCA Stadium in Rajkot. Photo: PTI
جے شاہ راج کوٹ میں ایس سی اے اسٹیڈیم کا نام بدلنے کی تقریب کے موقع پر۔ تصویر :پی ٹی آئی

بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری جے شاہ نے آئندہ ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں ہندوستانی ٹیم کی کپتانی کے بارے میں قیاس آرائیوں کو ختم کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ہندوستان روہت شرما کی قیادت میں خطاب جیتے گا۔ شاہ نے سوراشٹر کرکٹ ایسوسی ایشن (ایس سی اے) اسٹیڈیم کا نام بدل کر نرنجن شاہ اسٹیڈیم رکھنے کے موقع پر اپنے خطاب کے دوران کہا، ’’گرچہ ہم۲۰۲۳ء کایک روزہ ورلڈ کپ کا فائنل ہارگئے ہوں، لیکن ہم نے لگاتار۱۰؍ میچ جیت کر مداحوں کا دل جیتا ہے۔ میں یہ کہنا چاہوں گا کہ مجھے پورا اعتماد ہے کہ روہت شرما کی کپتانی میں ہندوستان بارباڈوس میں ۲۰۲۴ء کا ٹی ۲۰؍ورلڈ کپ جیتے گا۔ 
 پروگرام ختم ہونے کے بعد شاہ نے ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کیلئے روہت کو کپتانی سونپنے کے فیصلے کے بارے میں یہ جانکاری دی۔ اس دوران ہندوستانی کپتان روہت، کوچ راہل دراوڈ اور مردوں کی سینئر سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین اجیت اگرکر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ روہت کپتانی کررہے تھے اور وہ ایک سال بعد افغانستان سیریز کیلئے واپس آئے جس کا مطلب ہے کہ ہم انہیں کپتانی جاری رکھنے دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ’’افغانستان کے خلاف تیسرے ٹی ۲۰؍ میچ میں ہندوستان کا اسکور۴/۲۲؍تھا اور جس طرح روہت شرما نے ٹیم کو۴/۲۱۲؍ تک پہنچایا، ہم ان کے بارے میں زیادہ سوال نہیں کرسکتے؟ ان میں صلاحیت ہے، جیسا کہ میں نے کہا، ہم نے ون ڈے ورلڈ کپ میں دس میچ جیتے۔ ہم نے فائنل نہیں جیتالیکن یہ سب کھیل کا لازمی حصہ ہے۔ جو بہتر کھیلے گا وہی جیتے گا۔ ‘‘ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہاردک پانڈیا ٹیم کے نائب کپتان ہوں گے۔ 
چمپئن ٹرافی کیلئےحکومت کی سفارش کی بنیاد پر فیصلہ کرینگے
  جے شاہ کا کہنا ہے کہ چیمپئن ٹرافی۲۰۲۵ء کیلئے ہندوستانی ٹیم کو پاکستان بھیجنے کا فیصلہ حکومت کی سفارش پر کریں گے۔ جے شاہ نے کہا کہ ایک سال میں حالات بدل سکتے ہیں۔ اسکے بعدحکومت کی سفارش جیسی بھی ہو، اس کی بنیاد پر فیصلہ کیاجائے گا۔ 
’’راہل بھائی کے تعلق سے آپ کیوں پریشان ہیں ‘‘
 بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ نے اس موقع پر راہل دراوڑ کے تعلق سے بھی کہا کہ ٹی ۲۰؍عالمی کپ میں وہ ہی ٹیم کے کوچ کے طورپر برقراررہیں گے۔ جے شاہ نے تصدیق کی کہ اس سلسلے میں ا نہوں نے راہل دراوڑ سے بات چیت کی ہے۔ واضح رہےکہ گزشتہ سال عالمی کپ کے بعد راہل دراوڑ کا ٹیم کے ساتھ معاہدہ ختم ہوگیا تھا لیکن ان سے کہا گیا تھاکہ دسمبر جنوری میں جنوبی افریقہ کے دورہ تک وہ بقیہ اسٹاف کے ساتھ اپنی خدمات جاری رکھیں، جبکہ ان کی میعاد پر ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیاگیا تھا۔ اس معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے جےشاہ نے بتایا کہ ’’ ۲۰۲۳ء کے عالمی کپ کے بعدراہل بھائی کو فوراً جنوبی افریقہ کےد ورہ پر روانہ ہونا تھا، ہمیں ان سے ملاقات کا موقع ہی نہیں مل سکاجو آج ملا ہے۔ ‘‘ جے شاہ نے نامہ نگاروں سے کہا کہ ’’ راہل دراوڑ جیسے سینئر شخص کے تعلق سے آپ لوگ کیوں پریشان ہیں، راہل بھائی ٹی ۲۰؍ عالمی کپ میں بھی کوچ کی حیثیت سے برقراررہیں گے۔ ‘‘
وراٹ کوہلی کی حمایت کی 
 وراٹ کوہلی انگلینڈ کےخلاف سیریز نہیں کھیل رہےہیں، کچھ ذاتی وجوہات کی بناء پرانہوں نے چھٹی لی ہے۔ اس پر جے شاہ نے ان کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وراٹ کوہلی ایسے کھلاڑی نہیں ہیں جو بلا سبب چھٹی لیں گے۔ ۱۵؍ سال میں اگر کوئی چھٹی چاہ رہا ہے تو یہ اس کا حق ہے۔ ہمیں کھلاڑیوں پر بھروسہ ہونا چاہئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK