Inquilab Logo

کریم بینزیما کی ہیٹ ٹرک، ریئل میڈر ڈفائنل میں داخل

Updated: April 07, 2023, 12:43 PM IST | Barcelona

کوپا ڈیل رے کے سیمی فائنل کے دوسرے مرحلے میں بارسلونا کو اسی کے گھر میں چار صفر سے شکست دی،ایک گول وینیشیش جونیئر نے بھی کیا

Karim Benzema scored a hat-trick for Real Madrid against Barcelona in a brilliant performance.
کریم بینزیما نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریئل میڈرڈ کیلئے بارسلونا کیخلاف ہیٹ ٹرک بنائی۔

ہسپانوی کلب ریئل میڈرڈ نے کوپا ڈیل رے فٹبال مقابلے کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ کوپا ڈیل رے کے ناک آؤٹ مقابلے کے سیمی فائنل کے دوسرے مرحلے میں ریئل میڈرڈ نے بارسلونا کے خلاف چار صفرکی جیت حاصل کی اور  فائنل میں  اپنی جگہ محفوظ کر لی۔واضح رہے کہ بارسلونا نے سیمی فائنل کے پہلے مرحلے کا میچ ایک صفر سے جیتا تھا اور فائنل میں پہنچنے کیلئے اسے صرف ایک ڈرا کی ضرورت تھی۔بارسلونا اپنے گھریلو میدان کیمپ ناؤ میں کھیل رہا تھا اور شائقین کو امید تھی کہ وہ فائنل کیلئے آسانی سے رسائی حاصل کر لے گا لیکن ریئل میڈرڈ کے اسٹار کھلاڑی کریم بینزیما نے ان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔انہوںنے اس اہم مقابلے میں شاندا ر ہیٹ ٹرک اسکور کی۔ریئل کےلئے ایک گول  ویشیس جونئر نے بھی کیا۔
 ’ایل کلاسیکو ‘کے نام سے مشہور ان دونوں کلبوں کے درمیان ہونے والا یہ مقابلہ بہت سنسنی خیز ہونے کی توقع کی جا رہی تھی لیکن ریئل میڈرڈ نے اسے یک طرفہ انداز میں جیت لیا۔ یاد رہے کہ سیمی فائنل کا پہلا مرحلہ ۲؍مارچ کو ریئل میڈرڈ کے ہوم گراؤنڈ میں کھیلا گیا تھا جہاں بارسلونا نے ایک صفرسے کامیابی حاصل کی۔ ایسے میں میڈرڈ کو دوسرے مرحلے میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا تھا۔ بارسلونا کے ہوم گراؤنڈ کیمپ ناؤ میں ہونے والے میچ میں رئیل میڈرڈ نے مایوس نہیں کیا۔
 پہلے ہاف کے آخری لمحات میں ریئل میڈرڈ نے ونیشیس جونیئر کے گول کی بدولت ایک صفر کی برتری حاصل کرتے ہوئے مجموعی طور پر اسکور ایک ایک سے برابر کردیا۔ریئل کی جیت کے ہیروکریم بینزیما رہے جنہوں  نے شاندار ہیٹ ٹرک بنائی۔کریم بینزیما نے دوسرے ہاف میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کھیل کے ۵۰؍ویں،۵۸؍ویں اور ۸۰؍ویں منٹ میں گول کے نہ صرف ہیٹ ٹرک مکمل کی بلکہ بارسلونا کے میچ میں واپسی کے سارے دروازے بند کر دئیے۔بارسلونا کی شکست کے بعد اسٹیڈیم میں موجود ۹۴؍ہزار سے زیادہ ناظرین کو بھی مایوس کردیا کیوںکہ ان کی ٹیم لگاتار دوسرے سیزن میں کوپا ڈیل رے خطاب کی دوڑ سے باہر ہوگئی ۔ریکارڈ ۳۱؍مرتبہ کوپاڈیل رے خطاب جیتنے والی بارسلونا نے ۲۰۲۱ء میں خطاب جیتا تھا لیکن گزشتہ سیز میں وہ کوارٹر فائنل تک بھی نہیں پہنچ سکی تھی۔ دوسری جانب ریئل میڈرڈ کے پاس ۱۴۔۲۰۱۳ء   کے بعد یہ ٹرافی جیتنے کا موقع رہے گا۔ کوپا ڈیل رے کے فائنل میں ریئل میڈرڈ کا مقابلہ اوساسونا سے ہوگا جو ۶؍مئی کو اسپین کے سیولا میں کھیلا جائےگا۔
  کریم بینزیماکی ایک اور ہیٹ ٹرک کی بدولت ریئل میڈرڈ نے روایتی حریف بارسلونا کو  چار صفرسے شکست دے کر کوپا ڈیل رے فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنالی۔ ۱۹۶۳ءمیں  پانچ ایک کی جیت کے بعد یہ پہلا موقع تھا جب ریئل میڈرڈ نے بارسلونا کو ان کے ہوم گراؤنڈ کیمپ ناؤ میں ۴؍ گول کے فرق سے شکست دی۔ اس طرح ریئل  میڈرڈ نے  چار ایک کے مجموعی مارجن سے سیمی فائنل جیت لیا۔
ء ۱۹۶۳کے بعد پہلی ہیٹ ٹرک
 کریم بینزیما نے ۱۹۶۳ء کے بعد بارسلونا کے خلاف اسی کے گھریلو اسٹیڈیم کیمپ ناؤ میں ہیٹ ٹرک بنانے والے والے ریئل میڈرڈ کے دوسرے کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔۱۹۶۳ء میں جب ریئل میڈرڈ نے بارسلونا کو اسی کے میدان میں شکست دی تھی تو اُس میچ میں فرینک پُسکاس نے ریئل میڈرڈ کیلئے ہیٹ ٹرک اسکور کی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK