Inquilab Logo

ریئل میڈرڈ کو ہراکر مانچسٹر سٹی فائنل میں داخل

Updated: May 19, 2023, 3:22 PM IST | Manchester

چمپئن لیگ کے سیمی فائنل لیگ کے دوسرے مرحلے کے مقابلے میں سٹی نے ۴۔ صفر سے کامیابی حاصل کی

Manchester City players celebrate after scoring against Real Madrid.
مانچسٹر سٹی کے کھلاڑی ریئل میڈرڈ کے خلاف گول کرنے کے بعد خوشی مناتے ہوئے۔

 برنارڈو سلوا کے ذریعے کئے گئے ۲؍ گول کی مدد سےمانچسٹر سٹی نے  ریئل میڈرڈ کو چار صفرسے شکست دے کر چمپئن لیگ فٹبال مقابلے کے فائنل میں جگہ بنا لی۔ واضح رہے کہ یہ دوسرا موقع ہے جب مانچسٹر سٹی  چمپئن لیگ کے خطابی مقابلے میں جگہ بنانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ان دونوں ٹیموں کے درمیان سیمی فائنل کا پہلا مرحلہ ایک ایک کی برابری پر ختم ہوا تھا اور ایسی صورتحال میں دوسرا مرحلہ فیصلہ کن بن گیا جس میں مانچسٹر سٹی شروع سے آخر تک چھائی رہی۔
 سیمی فائنل کے پہلے مرحلے میں دونوں ٹیمیں ایک ایک سے برابری تھیں تو ایسا محسوس ہوا تھا کہ دوسرا مرحلہ کافی دلچسپ اور سنسنی خیز ہوگا  لیکن ایسا نہ ہوسکا۔مانچسٹر سٹی اپنے گھریلو میدان پر شروع سے ہی حاوی رہی اور آخر تک دباؤ بناکر رکھا۔
  ریئل میڈرڈ نے نہایت ناقص کھیل کا مظاہرہ کیا اور ۱۴؍ بار کی چمپئن ٹیم اس سے بھی بڑے  فرق سے ہار سکتی تھی اگر گول کیپر تھیباؤٹ کورٹوئس  نے کچھ اچھے بچاؤ نہ کئے ہوتے۔سلوا نے  مانچسٹر سٹی کیلئے اپنے دونوں گول پہلے ہاف میں کئے جبکہ دوسرے ہاف کے شروع میں ریئل میڈرڈ کے کھلاڑی ایڈر ملیٹیو نے ’اون گول‘ کر دیا۔  سٹی کے کھلاڑی جولین الواریز نے چوتھا گول انجری ٹائم میں کر کے اپنی ٹیم کو سیمی فائنل میں مجموعی طور پر ایک۔۵؍سے فتح دلائی۔برنارڈو سلوا نے ٹیم کےلئے اپنا پہلا گول کھیل کے ۱۴؍ویں منٹ میں ہی کرتے ہوئے ریئل میڈرڈ کے خلاف اپنی ٹیم کو ایک صفر سے آگے کردیا۔اس کے ۱۴؍ منٹ بعد ہی انہوںنے ایک اور شاندار گول کرتے ہوئے ٹیم کی فتح کو تقریباً یقینی بنا دیا۔
  اس جیت نے  مانچسٹرسٹی کو تینوں بڑے مقابلوں  انگلش پریمیر لیگ چمپئن لیگ اور ایف اے کپ خطاب جیتنے کے قریب پہنچا دیا ہے۔ چمپئن لیگ کے فائنل میں مانچسٹر سٹی کا مقابلہ ۱۰؍ جون کو استنبول میں انٹر میلان سے ہوگا۔ اگر مانچسٹر سٹی اتوار کو چیلسی کے خلاف جیت جاتا ہےتو وہ مسلسل تیسری بار پریمیر لیگ کا ٹائٹل جیت جائے گا۔ وہ پہلے ہی ایف اے کپ کے فائنل میں جگہ بنا چکے ہیں جہاں ان کا مقابلہ مانچسٹر یونائیٹڈ سے ہوگا۔ یونائیٹڈ انگلینڈ کی واحد ٹیم ہے جس نے ایک سیزن میں تینوں بڑے  خطاب جیتے ہیں۔ انہوں نے یہ کارنامہ ۱۹۹۹ء میں انجام دیا تھا۔
 خاص بات یہ ہے کہ گزشتہ سال ریئل میڈرڈ نے سٹی کو سیمی فائنل میں شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا تھا جس کی وجہ سے اس سیزن میں یہ فتح سٹی کے لئے زیادہ اہم ہو گئی تھی۔ سٹی کی ٹیم اس سیزن میں انگلش پریمیرلیگ میں بھی تقریباً ٹائٹل جیت چکی ہے اور اب وہ چمپئن لیگ کا خطاب جیتنے کی کوشش میں ہے۔ ٹیم نے ۲۱۔۲۰۲۰ءسیزن میں لیگ کا اپنا واحد فائنل کھیلا تھا جہاں اسے چیلسی کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔ اب ٹیم اپنا دوسرا فائنل اٹلی کے انٹر میلان کے خلاف کھیلے گی۔فائنل ۱۰؍جون کو ترکی کے شہر استنبول کے اتاترک اولمپک اسٹیڈیم میں ہوگا۔

manchester Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK