مانچسٹر سٹی نے انگلش پریمیر لیگ کے میچ میں لیوٹن ٹاؤن کلب کو ایک کے مقابلے ۵؍ گول سے شکست دی۔ اسٹار ہالینڈ نے پنالٹی پر گول کیا۔
EPAPER
Updated: April 15, 2024, 12:00 PM IST | Manchester
مانچسٹر سٹی نے انگلش پریمیر لیگ کے میچ میں لیوٹن ٹاؤن کلب کو ایک کے مقابلے ۵؍ گول سے شکست دی۔ اسٹار ہالینڈ نے پنالٹی پر گول کیا۔
انگلش پریمیر لیگ میں اس وقت خطاب کی جنگ فیصلہ کن مرحلے پر پہنچ گئی ہے۔ مانچسٹر سٹی فٹبال کلب نے سنیچر کی رات لیوٹن ٹاؤن کو شکست دے کر پورے ۳؍پوائنٹس حاصل کرنے کے ساتھ ہی ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی تھی۔ اس کے ساتھ ہی اس نے اپنے گھریلو میدان اتحاد اسٹیڈیم میں ۴۱؍ میچوں میں ناقابل شکست رہنے کا ریکارڈ بھی بنایا۔ مانچسٹر سٹی ٹیم نے لیوٹن ٹاؤن کو ایک کے مقابلے ۵؍گول سے شکست دے کر ٹیبل پر پوزیشن بہتر کی۔
میچ کی بات کریں تو مانچسٹر سٹی کے لئے پہلا گول لیوٹن کے کھلاڑی ڈی ہاشیوکا نے دوسرے منٹ میں کیا۔ انہوں نے اپنے گول میں گیند ڈالر کرمانچسٹر سٹی کی مدد کی۔ میچ کے فرسٹ ہاف میں سٹی کی ٹیم جدوجہد کرتی ہوئی نظر آئی جس کی وجہ سے اسے گول کرنے میں کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ میچ کے دوسرے ہاف میں سٹی نے اپنے گھریلو میدان پر زبردست کارکردگی کامظاہر ہ کیا۔ ۶۴؍ویں منٹ میں ایم کواسچ نے جاویئر الواریز کی مددسے دوسرا گو ل کیا۔ ۷۶؍ویں منٹ میں ارلنگ ہالینڈ نے پنالٹی پر گول کیا۔ ۸۱؍ویں منٹ میں آر بارکلے نے لیوٹن کیلئے ایک گول کیا۔ ۸۷؍ویں منٹ میں جے ڈوکو نے سٹی کیلئے چوتھا گول کیا۔ میچ کے انجری ٹائم کے تیسرے منٹ میں سٹی کیلئے گوارڈیول نے ڈوکو کی مدد سے ٹیم کا ۵؍واں گول کیا۔ اس کے بعد کوئی اور گول نہیں ہوسکا اور سٹی نے ۱۔ ۵؍ گول سے میچ جیت لیا۔
یونائٹیڈ اور بورن ماؤتھ کا میچ ڈرا
انگلش پریمیر لیگ میں سنیچر کی دیر رات ہونے والے ایک اور میچ میں مانچسٹر یونائٹیڈ اور بورن ماؤتھ فٹبال کلب کے درمیان میچ ۲۔ ۲؍ گول سے ڈراہوگیا۔ اس ڈرا کے ساتھ ہی دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ پر اکتفا کرناپڑا۔ اس ڈرا کے بعد یونائٹیڈ کی ٹیم ۷؍ویں نمبرپر ہے۔ بورن ماؤتھ فٹبال کلب کی جانب سے ڈی سولانکے اور جے کلوویرٹ نے ایک ایک گول کیا۔ یونائٹیڈ کی جانب سے برونو فرنانڈیس نے دونوں گول کئے تھے۔