• Sat, 17 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

محمد صلاح لیورپول واپسی کے لیے تیار

Updated: January 16, 2026, 10:16 PM IST | Liverpool

افریقن کپ آف نیشنز میں مصر کا سفرختم ہونے کے بعد اسٹار فٹبالر محمد صلاح اتوار کو لیورپول واپسی کے لیے تیار ہیں۔ مصر کی ٹیم سیمی فائنل میں سینیگال سے شکست کے بعد اب سنیچر کو مراکش میں نائیجیریا کے خلاف تیسری پوزیشن کے پلے آف میچ میں حصہ لے گی۔

Mohamed Salah.Photo:INN
محمد صلاح۔ تصویر:آئی این این

افریقن کپ آف نیشنز میں مصر کا سفرختم  ہونے کے بعد اسٹار فٹبالر محمد صلاح اتوار کو لیورپول واپسی کے لیے تیار ہیں۔ مصر کی ٹیم سیمی فائنل میں سینیگال  سے شکست کے بعد اب سنیچر کو مراکش میں نائیجیریا کے خلاف تیسری پوزیشن کے پلے آف میچ میں حصہ لے گی۔صلاح کی واپسی اس لیے زیادہ اہمیت اختیار کر گئی ہے کیونکہ دسمبر کے آغاز میں انہوں نے ایک دھماکہ خیز انٹرویو دیا تھا۔ ۳۳؍ سالہ کھلاڑی نے کلب پر الزام لگایا تھا کہ مسلسل تین میچوں میں بینچ پر بٹھا کر انہیں ’’بس کے نیچے پھینک دیا گیا‘‘ اور ان کے منیجر آرنی سلاٹ کے ساتھ تعلقات بالکل ختم ہو چکے ہیں۔ اس دوران سعودی پرو لیگ کی جانب سے ان کی منتقلی کی افواہیں بھی زوروںپر تھیں۔
برنلے فٹبال کلب کے خلاف میچ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیورپول کے منیجر نے تمام تلخیوں کو پسِ پشت ڈالتے ہوئے کہا کہ  صلاح اس کلب اور میرے لیے ہمیشہ بہت اہم رہے ہیں۔ میں ان کی واپسی پر خوش ہوں۔ یہاں تک کہ اگر میرے پاس۱۵؍  فارورڈ بھی ہوتے، تب بھی میں صلاح کی واپسی پر اتنا ہی خوش ہوتا۔‘‘
 آرنی سلاٹ کے مطابق، صلاح اگلے ہفتے سے ٹیم کے انتخاب کے لیے دستیاب ہوں گے۔ لیورپول کو بدھ کو چیمپئن لیگ میں مارسیلے فٹبال کلب اور پھر اگلے ہفتے بورن ماؤتھ کا سامنا کرنا ہے۔ صلاح نے گزشتہ سیزن میں ۲۹؍ گول کر کے گولڈن بوٹ  جیتا تھا، تاہم اس سیزن میں وہ اب تک لیگ میں صرف ۴؍گول کر سکے ہیں۔لیورپول اس وقت پریمیر لیگ میں چوتھے نمبر پر ہے اور گزشتہ۱۱؍ میچوں سے ناقابلِ شکست ہے۔ سلاٹ کو امید ہے کہ صلاح کی واپسی ٹیم کی ٹائٹل کے دفاع کی مہم میں مزید جان ڈال دے گی۔

یہ بھی پڑھئے:گرین لینڈ تنازع:تیسری عالمی جنگ آرکٹک میں ہوسکتی ہے: روس؛ گرین لینڈ کی وزیر لائیو انٹرویومیں آبدیدہ

کوپا ڈیل رے: بارسلونا کی ۰۔۲؍گول  سے فتح، کوارٹر فائنل میں داخل
بارسلونا فٹبال کلب نے دوسرے ڈویژن کی ٹاپ ٹیم ریسنگ سینٹینڈر کے خلاف ۰۔۲؍گول سے کامیابی حاصل کر کے کوپا ڈیل رے کے اگلے مرحلے میں رسائی کر لی ہے۔میچ کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا، جہاں ریسنگ سینٹینڈر کے دفاع نے بارسلونا کے حملوں کو ناکام بنائے رکھا۔ تاہم دوسرے ہاف میں بارسلونا نے کھیل پر اپنی گرفت مضبوط کی۔  فیران ٹوریس نے آف سائیڈ ٹریپ کو توڑتے ہوئے ایک بہترین تھرو بال پر گول کیپر کو چکمہ دیا اور خالی نیٹ میں گیند پھینک کر ٹیم کو برتری دلائی۔ میچ کے آخری لمحات میں جب ریسنگ سینٹینڈر برابری کے لیے بھرپور حملے کر رہی تھی، بارسلونا نے جوابی حملے (کاؤنٹراٹیک )کا فائدہ اٹھایا۔ رافینہا کے پاس پر نوجوان اسٹار لامین یمال نے گول کر کے اپنی ٹیم کی جیت پر مہر لگا دی۔

یہ بھی پڑھئے:وینزویلا کی اپوزیشن لیڈر ماشاڈو نے اپنا نوبیل انعام ٹرمپ کوپیش کیا، ٹرمپ شکرگزار

بارسلونا کے منیجر ہینسی فلک نے گزشتہ روز ریئل  میڈرڈ کی الباسیٹے کے ہاتھوں شکست سے سبق سیکھتے ہوئے اس میچ میں اپنی مضبوط ترین ٹیم میدان میں اتاری تھی۔ ریسنگ سینٹینڈر نے دو بار گیند کو جال میں پہنچایا لیکن دونوں بار ریفری نے آف سائیڈ قرار دے کر گول مسترد کر دیئے۔ بارسلونا کے ساتھ ساتھ ایتھلیٹک بلباؤ، ایلاویز، الباسیٹے، ایٹلیٹیکو میڈرڈ، ریال بیٹس، ریال سوسائٹیڈ اور ویلنشیا نے بھی کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ ہسپانوی فٹبال فیڈریشن پیر کو کوارٹر فائنل کے لیے قرعہ اندازی  کرے گی  جبکہ یہ میچز ۳؍سے ۵؍ فروری کے درمیان کھیلے جائیں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK