Inquilab Logo

ممبئی نے وانکھیڈے کی شکست کا بدلہ موہالی میں لے لیا

Updated: May 05, 2023, 3:48 PM IST | Chandigarh

ممبئی انڈینس کے بلے باز ایشان کشن اور سوریہ کمار یادو نے پنجاب کنگز کے ۲۱۴؍رنوں کو بھی چھوٹا ثابت کر دیا،۷؍گیند باقی رکھ کر ۶؍وکٹوں سے کامیابی حاصل کی

Suryakumar Yadav (right) and Ishan Kishan put up a brilliant batting performance for Mumbai. (PTI)
سوریہ کمار یادو(دائیں)اور ایشان کشن نے ممبئی کےلئے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔(پی ٹی آئی)

 ٹی۔۲۰؍کرکٹ میں دنیا کے نمبر ایک بلے باز سوریہ کمار یادو اور ایشان کشن کی زبردست اننگز کی بدولت  ممبئی انڈینس نے وانکھیڈ ے ملنے والی شکست کا بدلہ موہالی میں لے لیا۔ یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ۲۲؍اپریل کو کھیلے گئے میچ کی طرح پنجاب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ۲۰۰؍سے زائد رن بنائے لیکن اس بار وہ ہدف کا دفاع نہ کرسکے۔ ارش دیپ سنگھ، جنہوں نے وانکھیڈے میں آخری اوور میں ۲؍بار اسٹمپ کو توڑا تھا، نے اس بار آئی پی ایل کی تاریخ میں اپنا سب سے مہنگا اسپیل  ڈالا۔انہوںنے ۳ء۵؍ اوور میں ۶۶؍رن دے ڈالے ۔سلامی بلے باز ایشان کشن (۴۱؍ گیند، ۷۵؍رن) اور سوریہ کمار یادو (۳۱؍ گیند، ۶۶؍ رن) کی نصف سنچریوں کی بدولت ممبئی انڈینس نے بدھ کو انڈین پریمیرلیگ میں آتش بازی سے بھرے مقابلے میں پنجاب کنگز ۶؍  وکٹوں سے شکست دے دی۔لیام لیونگسٹن (ناٹ آؤٹ ۸۲)  کی شاندار نصف سنچری اور جیتیش شرما (۴۹؍ ناٹ آؤٹ) کے ساتھ ان کی سنچری شراکت کی بدولت پنجاب نے ممبئی کے سامنے ۲۱۵؍رنوں کا بڑا ہدف رکھا تھا۔ سوریہ کمار اور کشن کی نصف سنچریوں نے تاہم ممبئی کو ۱۸ء۵؍ اوور میں ہدف تک پہنچا دیا۔ اس کے ساتھ ہی ممبئی نے آئی پی ایل میں اپنا سب سے بڑا ہدف بھی حاصل کرلیا۔  یاد رہےکہ اس سے پہلے ممبئی نے اسی سیزن میں راجستھان کے خلاف ۲۱۳؍ رنوںکے ہدف کا تعاقب کیا تھا۔
  سوریہ کمار یادو نے اس میچ میں بھی نصف سنچری بنائی۔ سوریہ اور ایشان کے سامنے پنجاب کے گیندبازبے بس نظر آئے۔ سوریہ کمار نے ۲۱۲؍کے اسٹرائیک ریٹ سے اسکور کیا وہیں ایشان کا بیٹ ۱۸۳؍کے اسٹرائیک ریٹ  سے چلا گیا۔ دونوں نے تیسرے وکٹ کیلئے۱۱۶؍ رنوں کی شراکت داری کی اور اس پارٹنرشپ نے میچ کو پنجاب کی گرفت سے چھین لیا۔
 اس سے قبل ایشان اور سوری نے ممبئی کیلئے جو کام کیا  وہی کام لیام لیونگسٹن اور جیتیش شرما نے پنجاب کیلئے کیا۔ جیتیش شرما اور لیونگسٹن  کے درمیان سنچری پارٹنرشپ کے ساتھ پنجاب نے ممبئی کے خلاف مسلسل دوسری بار ۲۰۰؍سے زیادہ اسکور کیا۔ آئی پی ایل میں لیونگ اسٹون کی آخری نصف سنچری گزشتہ سال ۱۳؍مئی کو آر سی بی کے خلاف ۷۰؍رنوں کی تھی۔ لیونگ اسٹون نے ناقابل شکست ۸۲؍رن بنائے جو کہ آئی پی ایل میں ان کی اب تک کی بہترین کارکردگی ہے۔ انہوں نے جیتیش کے ساتھ چوتھے وکٹ کے لئے۱۱۹؍ رن جوڑے۔ 
  وکٹ کیپر بلے باز جیتیش شرما کو پنجاب نے صرف ۲۰؍ لاکھ روپے میں خریداتھا لیکن یہ کھلاڑی اپنی بہترین افادیت ثابت کر رہا ہے۔ انہوں نے ۹؍ میچوں میں ۱۴۰؍ رن بنائے ہیں۔ انہوں نے وانکھیڈے میں ممبئی کے خلاف ۲۵؍ رنوں کی  جارحانہ اننگز بھی کھیلی تھی جس سے ٹیم کو۲۰۰؍رن بنانے میں مدد ملی۔
ہم نے تیز سے رن بنانے کا فیصلہ کیا تھا:سوریہ کمار
 میچ کے بعد ممبئی انڈینس کے بلے باز سوریہ کمار یادو نے نامہ نگاروںکے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بڑے ہدف کا تعاقب آسان نہیں تھا۔میں نے اور ایشان نے تیزی سے رن بنانے کا فیصلہ کیا۔شروع میں میں نے ایشان کو زیادہ اسٹرائیک دی کیوںکہ وہ پہلے سے کریز پر موجود تھے۔میں جب وکٹ سے ہم آہنگ ہوا تو اپنا فطری کیل کھیلنے کا فیصلہ کیا۔گیند بلے پر اچھی طرح آرہی تھی اور اس پر شاٹس کھیلنے میں لطف آیا۔ہم دونوں نے اچھی بلے بازی کی اور خوشی ہے کہ ہماری کوشش ٹیم کے کام آسکی۔ہم فی اوور ۱۲؍سے ۱۳؍رن بنانے کے بارے میں غور کر رہے تھے اور اس میں کامیاب بھی رہے۔امید ہے کہ ہم آئندہ بھی اچھی بلے بازی کریںگے۔

ipl Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK