Inquilab Logo

ٹوکیوکی کامیابی بھول کر اگلےہدف پر توجہ مرکوز کرنی ہے

Updated: December 10, 2021, 12:38 PM IST | Agency | New York

ٹوکیو اولمپک میں طلائی تمغہ جیتنے والے ہندوستانی ایتھلیٹ نیرج چوپڑا امریکہ میں ٹریننگ حاصل کر رہے ہیں

Neeraj Chopra. Picture:INN
نیزہ پھینک کھلاڑی نیرج چوپڑا ۔ تصویر: آئی این این

ہندوستان کے شاندار ایتھلیٹ نیرج چوپڑا نے ٹوکیو اولمپک میں  طلائی تمغہ جیت کر ہندوستان کا نام پوری دنیا میں روشن کردیا تھا۔ انہوںنےاولمپک کھیلوں میں گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے ہندوستانی ایتھلیٹ ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا اور تاریخ رقم کر دی تھی۔جیولین تھرو(نیزہ پھینک) کے ایتھلیٹ نیرج چوپڑا ٹوکیو اولمپک میں ملنے والی کامیابی کو ماضی کا حصہ قرار دیتے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ اب ان کی توجہ مستقبل پر مرکوز ہے اور وہ ملک کےلئے مزید کامیابیاں حاصل کرنے کے خواہاں ہیں اوراسی بات پر انہوںنے اپنی ساری توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔واضح رہے کہ ہندوستانی ایتھلیٹ نیرج چوپڑا نے ٹوکیو اولمپک کے دوران ۷؍اگست کو ۸۷ء۵۸؍میٹر دور نیزہ پھینک کر ہندوستان کےلئے ایتھلیٹک مقابلوں میں پہلا گولڈ میڈل حاصل کیا تھا۔ ہندوستانی ایتھلیٹ آئندہ ہونے والے ٹورنامنٹوں اور چمپئن شپ کی تیاریوں کے سلسلے میں امریکہ میں موجود ہیں جہاں وہ اپنے کوچ کلاز بارتینیز کی نگرانی میں ۹۰؍دنوں تک ٹریننگ حاصل کریںگے۔یاد رہے کہ ہندوستانی کھیل فیڈریشن (سائی) نے گزشتہ جمعہ کوبغیر کسی تاخیر کے ان کی ٹریننگ کی درخواست کو منظور کر لیا تھا۔نیرج چوپڑا نے سوشل میڈیا پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ وقت ماضی کی کامیابیوں کو بھلا کرمستقبل میں ہونے والے ٹورنامنٹ پر توجہ مرکوز کرنے کا ہے۔میں ٹریننگ کےلئے امریکہ پہنچ گیا ہوں اور اپنے کھیل کو مزید بہتر کرنے کی کوشش کرنے میں لگ گیا ہوں۔‘‘
 یاد رہے کہ ٹارگیٹ اولمپک پوڈیم اسکیم (ٹاپس) کے تحت نیرج چوپڑا کو امریکہ روانہ کیا گیا ہے۔ان کی اس ٹریننگ پر ۳۸؍لاکھ روپے خرچ ہوںگے۔اس تعلق سے نیرج چوپڑا نے لکھا کہ ’’سائی کے ڈائریکٹر،ٹاپس اور اے ایف آئی کے افسران اور میرے اس دورے میں مدد کرنے والے تمام لوگوں کا میں شکریہ اداکرنا چاہتا ہوں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK