Inquilab Logo

ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو مات دےدی

Updated: October 30, 2022, 9:27 AM IST | sydney

گروپ وَن کے میچ میں نیوزی لینڈ نے ۶۵؍رن سے کامیابی حاصل کی۔ کیوی بلے باز فلپس نے شاندار سنچری بنائی۔ بولٹ کی خطرناک گیندبازی

Glen Phillips
گلین فلپس

 نیوزی لینڈ نے گلین فلپس (۱۰۴؍رن) کی  شاندار سنچری  کی بدولت ٹرینٹ  بولٹ (۱۳/۴) کی کریئر کی  بہترین  گیندبازی کی بدولت سنیچر کو سری لنکا کو۶۵؍ رن سے شکست دے دی۔ سپر ۱۲؍ کے میچ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو۲۰؍ اوورس میں۱۶۸؍ رن کا ہدف دیا۔ جواب میں سری لنکا کی ٹیم ۱۹ء۲؍اوورس میں۱۰۲؍ رن بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔
 سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں جہاں زیادہ تر بلے باز دُہرے ہندسے کو بھی نہ پہنچ سکے، فلپس نے سنچری بنا کر نیوزی لینڈ کو مضبوط اسکور تک پہنچا دیا۔ اس کے بعد بولٹ نے اپنے ٹی ۲۰؍ کریئر کی بہترین گیندبازی کر کے سری لنکا کی شکست پر مہر ثبت کر دی۔ سری لنکا نے صرف ۸؍ رن پر ۴؍ وکٹ گنوانے کے بعد مشکلات کا سامنا کرنا پڑا لیکن پوری ٹیم مل کر گلین فلپس کے۱۰۴؍رن کے اسکور سے ۲؍ رن کم ہی بنا سکی۔ اس جیت کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے گروپ وَن میں سرفہرست ہے جبکہ سری لنکا بڑی شکست کے باعث پوائنٹس ٹیبل میں سب سے نیچے پہنچ گیا ہے۔
 ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ نے۱۵؍ رن پر ۳؍ وکٹ گنوا دیئے۔ اس کے بعد فلپس نے ڈیرل مشیل  کے ساتھ چوتھے  وکٹ کیلئے۸۴؍ رن جوڑ کر ٹیم کو سنبھالا۔ مشیل  ۲۴؍ گیندوں پر۲۲؍ رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے لیکن فلپس نے اننگز کی رفتار کو بڑھاتے ہوئے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں اپنی پہلی سنچری مکمل کی۔ فلپس۱۹؍ویں اوور میں مہیش ٹیکشنا کی گیند پر چھکا لگا کر ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ میں سنچری بنانے والے نیوزی لینڈ کے دوسرے بلے باز بن گئے۔ اس کے علاوہ مشیل  سینٹنر نے۱۱؍ رن بنائے جبکہ ٹم ساؤدی (ناٹ آؤٹ ۴؍رن  ) نے اننگز کی آخری گیند پر چوکا لگا کر نیوزی لینڈ کا اسکور۲۰؍ اوورس میں۱۶۷/۷؍ تک پہنچا دیا۔
 سری لنکن گیند بازوں نے سنچری بنانے والے فلپس کے علاوہ دوسرے کیوی بلے بازوں کو ہاتھ نہیں کھولنے دیا۔ کشن راجیتا نے۴؍ اوورس میں۲۳؍ رن دے کر۲؍ وکٹ لئے۔ وینندو ہسرنگا نے ۴؍ اوورس میں ۲۲؍رن دے کر ڈیرل مشیل کا وکٹ لیا جبکہ تیکشنا، دھننجے ڈی سلوا اور لاہیرو کمارا نے بھی ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔ ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کا آغاز اچھا نہ رہا اور آدھی ٹیم ۲۴؍ رن پر پویلین لوٹ گئی۔ اس کے بعد بھانوکا راجا پکسے اور داسن شناکا نے چھٹے وکٹ کیلئے ۳۴؍ رن جوڑے، حالانکہ سری لنکا کی باقی امیدیں بھی راجا پکسے کے آؤٹ ہونے کے ساتھ ہی ختم ہوگئیں۔ راجا پکسے نے آؤٹ ہونے سے قبل۲۲؍ گیندوں پر۳؍ چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے۳۴؍ رن بنائے۔ شناکا نے بھی۳۲؍ گیندوں پر ۴؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۳۵؍ رن بنائے لیکن یہ ان کی ٹیم کی جیت کیلئے کافی نہیں تھے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم کی  جانب سے بولٹ نے ۴؍ اوورس میں۱۳؍ رن دے کر ۴؍ وکٹ حاصل کئے جبکہ مشیل سینٹنر اور ایش سوڈھی نے ۲۔۲؍ وکٹ لئے۔ ٹم ساؤدی  اور لوکی فرگیوسن  نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK