Inquilab Logo

نوواک جوکووچ نے ریکارڈ ۱۷؍ویں بار فرنچ اوپن کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی

Updated: June 06, 2023, 12:01 PM IST | Paris

جوکووچ نے کورٹ فلپ چیٹریئر پر کھیلے جانےوالے میچ میں پیرو کے ہوان پابلو واریلاکو ۳؍سیٹوں میں آسانی سے شکست دے دی

photo;INN
تصویر :آئی این این

 سربیا کے عظیم ٹینس کھلاڑی اور۲۲؍ بار کے گرینڈ سلیم چمپئن  نوواک جوکووچ نے ۲۳؍ ویں گرینڈ سلیم ٹائٹل کی طرف ایک قدم بڑھاتے ہوئے اتوار کو فرنچ اوپن کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔ جوکووچ نے کورٹ فلپ چیٹریئر پر کھیلے جانےوالے میچ میں پیرو کے ہوان پابلو واریلا کو۳۔۶، ۲۔۶،۲۔۶؍ سے شکست دی۔
 نوواک جوکووچ نے صرف ایک گھنٹہ ۵۷؍ منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں اپنے حریف پر مکمل طور پر غلبہ حاصل کر لیا اور کورٹ کے دونوں جانب یکساں طور پر حملہ کیا۔ اس دوران انہوں نے ۳۵؍ ونر شاٹس کھیلتے ہوئے ہوان کو سیدھے سیٹوں میں شکست دی۔ جوکووچ نے جیت کے بعد کہا’’کورٹ پرہجوم سے اور خود سے بھی کافی توانائی ملی۔ میں نے اس سے لطف اٹھایا۔ یہ ٹورنامنٹ میں اب تک کی میری بہترین کارکردگی تھی۔امید کرتاہوں کہ یہ اسی طرح جاری رہے اور میں  فائنل میں بھی کامیاب رہوں۔‘‘
 انہوں نے اپنے فارم کے تعلق سے کہا’’یہ (فارم) صحیح وقت پر لوٹا ہے، کیونکہ میں دوسرے ہفتے میں آ رہا ہوں اور ظاہر ہے کہ ایک اور کوارٹر فائنل کھیل رہا ہوں۔ میچ سخت ہونے جا رہے ہیں۔ آگے بڑے چیلنجز ہیں، لیکن میں جس طرح سے کھیل رہا ہوں اور جس طرح سے محسوس کرتا ہوں، مجھے پسند ہے، اس لئے میں ایک نئے چیلنج کے لئے تیار ہوں۔
 کوارٹر فائنل میں جوکووچ کا مقابلہ روس کے کارین خاچانوف سے ہوگا، جو اٹلی کے لورینزو سونیگو کو شکست دے کر ٹاپ ایٹ میں آ رہے ہیں۔ یہ میچ منگل کو کھیلا جائے گا۔
 کورٹ سوسن-لینگلن پر کھیلے جانےوالے میچ میں ۱۱؍ویں سیڈ یافتہ کارین نے سونیگو کو۶۔۱، ۴۔۶، ۴۔۶، ۶۔۷؍  سے ہرا کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی ۔کارین نے اس سے قبل یو ایس اوپن۲۰۲۲ء اور آسٹریلین اوپن۲۰۲۳ء کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ اس بار ان کا مقابلہ ۲۲؍ مرتبہ کے گرینڈ سلیم چمپئن  سربیا کے نوواک جوکووچ سےہوگا۔ کارین  نے جیت کے بعد کہا’’دوسرے سیٹ کے اختتام پر، میں سوچ رہا تھا کہ میں یہاں کیا کر رہا ہوں۔ وہ کورٹ کے چاروں طرف گیند کو مار رہا تھا، لیکن میں نے لڑنے کا فیصلہ کیا۔‘‘
 سونیگو نے میچ کا مضبوط آغاز کیا اور پہلا سیٹ جیت لیا جبکہ کارین  نے بھی اپنے  فارم تلاش کرنے میں وقت لیا۔ کارین    نے دوسرے سیٹ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکور کو ۱۔۱؍سے برابر کردیا۔ تیسرے سیٹ میں سونیگو نے۰۔۴؍ کی برتری حاصل کرلی اس کے باوجود  وہ اپنے فارم  کو برقرار نہ رکھ سکے اور۵۔۶؍ سے پیچھے ہو گئے۔
 کارین  نے اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹائی بریکر میں سیٹ جیت لیا۔ سونیگو اس سے سنبھل نہ سکے اور چوتھے سیٹ میں صرف ایک گیم جیت کر رولاں گیروسے باہر ہو گئے۔ دریں اثنا، اناستاسیا پاولیوچینکووا نے چوتھے راؤنڈ میں بلجیم کی ایلیس مارٹینس کو ۳؍سیٹوں  سے شکست دی۔ روس کی کھلاڑی اب دوسرے رولاں گیرو  سیمی فائنل میں جگہ کے لئے کیرولینا موکووا یا ایلینا آوانیشین سے مقابلہ کریں گی۔
 پیر کو ہونے والے مردوں کے سنگلز میچ میں کیسپررُوڈ نے شاندار کارکردگی کامظاہرہ کرتے ہوئے حریف کھلاڑی کو ۳ ؍سیٹوں میں شکست دے کر اگلے راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ کیسپر نے نکولس جیری کو ۶۔۷، ۵۔۷، ۵۔۷؍ سے شکست دے کر اگلے راؤنڈ میں جگہ بنائی۔ میچ کے بعد انہوںنے کہاکہ یہ میچ میرے لئے اتنا آسان نہیں تھا کیونکہ میں نے پہلا سیٹ ٹائی بریکر میچ جیتا تھا۔ خواتین کے سنگلز مقابلے میں اونس جیبور نے اپنی فاتحانہ مہم جاری رکھتے ہوئے پیر کو برنارڈا پیرا کو ۳۔۶، ۱۔۶؍ سے شکست دے کر اگلے راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ ارینا سبالینکا نے بھی اپنا میچ ۲؍ سیٹوں میں جیت لیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK