خواتین ٹیم انڈیا کی کپتان نے کہا:ہماری توجہ آئی سی سی کے ٹورنامنٹ اور اس کے پہلے میچ میں کامیابی حاصل کرنے پر رہے گی
ویمنز پریمیر لیگ کے لئے نیلامی ہونے والی ہے اس کے باوجود ہندوستانی ٹیم کی توجہ پاکستان کے خلاف ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ پر ہے جس میں وہ انڈر۱۹؍ ٹیم کی کامیابی کو دُہرانا چاہیں گی۔ ویمنز آئی پی ایل کی نیلامی۱۳؍ فروری کو ممبئی میں ہونے والی ہے جبکہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان آئی سی سی ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کا میچ ۱۲؍ فروری ۲۰۲۳ءکو ہو گا۔
ہرمن پریت کور نے ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کے کپتانوں کی پریس کانفرنس میں کہا’’ہمارے پاس نیلامی سے پہلے کھیلنے کے لئے بہت اہم میچ ہیں اور ہماری توجہ اس پر ہے۔ یہ ورلڈ کپ کا سب سے اہم مقابلہ ہے۔ ہماری توجہ آئی سی سی ٹرافی پر ہے۔ یہ سب چیزیں چلتی رہتی ہیں اور ایک کھلاڑی جانتا ہے کہ اس کے لئے کیا اہم ہے اور کس طرح توجہ برقرار رکھنا ہے۔‘‘انہوں نے کہاکہ ’’ہم اتنے بالغ ہیں کہ ہم جانتے ہیں کہ ہمارے لئے کیا اہم ہے۔‘‘ خیال رہے کہ شیفالی ورما کی کپتانی میں ہندوستانی ٹیم نے گزشتہ ماہ اپنا پہلا انڈر۱۹؍ ورلڈ کپ جیتا تھا۔ سینئر ٹیم بھی اس کامیابی کو دُہرانا چاہتی ہے۔ ٹیم انڈیا کی کپتان ہرمن پریت نے کہا’’ہم انڈر ۱۹؍ ورلڈ کپ دیکھنے کے بعد متاثر ہوئے ہیں۔ اس نے ہمیں اچھی کارکردگی پیش کرنے کی ترغیب دی ہے۔ یہ ہم سب کیلئے ایک خاص لمحہ تھا اور اس کی کامیابی بہت سی لڑکیوں کو کرکٹ کھیلنے کی ترغیب دے گی جو ہمیشہ سے ہمارا مقصد تھا۔‘‘
ہندوستانی کپتان نے امید ظاہر کی کہ ویمنز آئی پی ایل ہندوستان میں خواتین کے کرکٹ کی ترقی میں اسی طرح کردار ادا کرے گا جس طرح آسٹریلیا اور انگلینڈ میں ویمنز بگ بیش یا دی ہنڈریڈ نے کیا ہے۔ یہ ہمارے لئے بہت بڑا دن ہے کیونکہ ہم برسوں سے اس کا انتظار کر رہے ہیں۔ اگلے ۲۔۳؍ مہینے بہت اہم ہیں۔ ہم نے دیکھا ہے کہ خواتین کی بگ بیش لیگ اور دی ہنڈریڈ نے خواتین کے کرکٹ کی ترقی میں کس طرح مدد کی ہے۔ امید ہے کہ ہمارے ملک میں بھی ایسا ہی ہوگا۔‘‘
سپر لیگ، خواتین کی بگ بیش لیگ، دی ہنڈریڈ میں کھیلنے والی ہرمن پریت نے کہا’’بین الاقوامی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا ایک مختلف تجربہ ہے۔ جب مجھے یہ موقع ملا تو زندگی بدل رہی تھی۔ دوسری لڑکیاں بھی اسے محسوس کر سکیں گی۔ یہ اپنے کھیل کو بہتر کرنے کا سنہری موقع ہوگا۔‘‘ نیوزی لینڈ کی کپتان سوفی ڈیوائن اور آسٹریلیا کی کپتان میگ لیننگ کا خیال ہے کہ آئی سی سی ٹی ۲۰؍ویمنز ورلڈ کپ کے دوران نیلامی ہونا عجیب بات ہے۔ ڈیوائن نے کہا کہ اس سے کھلاڑیوں کی توجہ ہٹانا مشکل ہوگا۔‘‘
انہوںنے مزیدکہا’’یہ عجیب ہوگا۔ کچھ کھلاڑی منتخب ہوں گے اور کچھ نہیں ہوں گے۔ آپ کو اپنی قدر کا پتہ چل جائے گا جو عجیب ہے لیکن یہ ایک کام بھی ہے اور ہم نے لیگ کےلئے اپنے نام بھی دے دئیے ہیں۔‘‘انہوں نے کہا کہ’’یہ ایک انوکھا تجربہ ہےاس کے باوجود یہ سچ ہے کہ اس سے توجہ منتشر ہو گی لیکن ہمیں توجہ مرکوز رکھنا ہوگی۔ یہ خواتین کے کرکٹ کے لئے ایک بڑا لمحہ ہے اور میں اس کا انتظار کر رہی ہوں۔ہم امید کرتے ہیں کہ اس لیگ میں ہمارا بھی انتخاب کیا جائے گااور ہم ہندوستان میں کھیلتے ہوئے نظرآئیں گی۔اس وقت ہماری کھلاڑیوں کا جوش ساتویں آسمان پرہے۔ ‘‘ انہوںنے مزید کہا کہ اس لیگ سے نوجوان ہندوستانی کھلاڑیوں کو فائدہ ہوگا۔ لیگ کے لئے آسٹریلیا کی مکمل۱۵؍ رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ہر ٹیم میں ۷؍ غیر ملکی کھلاڑی ہوں گی جن میں سے ایک اسوسی ایٹ ملک سے ہو گا۔