Inquilab Logo

سڈنی ٹیسٹ میں پاکستان کی شکست ،ڈیوڈ وارنر الوداع

Updated: January 07, 2024, 11:47 AM IST | Agency | Sydney

آسٹریلیا نے آخری ٹیسٹ میں پاکستان کو ۸؍ وکٹ سے ہرایا ،سیریز پر ۰-۳؍سےقبضہ،کنگاروؤں کی سرزمین پر لگاتار ۱۷؍ ویں ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی شکست۔

Pakistani players congratulating David Warner after his farewell innings. Photo: PTI
ڈیوڈ وارنر کو الوداعی اننگ کے بعدپاکستانی کھلاڑی مبارکباد دیتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

آسٹریلیا نے تیسرے ٹیسٹ میچ میں بھی پاکستان کو شکست دے کر۳؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں کلین سویپ کرلیا۔ پاکستانی ٹیم کو آسٹریلیا میں لگاتار۱۷؍ویں ٹیسٹ میچ میں شکست ہوئی ہے، پاکستان نے تقریباً گزشتہ۳؍ دہائیوں سے آسٹریلیا میں کوئی ٹیسٹ میچ نہیں جیتا اور۱۹۹۹ءسے اب تک آسٹریلین سرزمین پر کھیلی جانے والی تمام سیریز میں پاکستان کو میزبان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔پاکستان کے عامر جمال کو پلیئر آف دی میچ جبکہ پیٹ کمنزپلیئر آف دی سیریز قرار دیا گیا۔ وارنر کے آؤٹ ہونے کے بعد انہیں پاکستانی کھلاڑیوں نے بھی مبارکباد دی اورمیچ کے اختتام پر ایوارڈ تقریب میں شان مسعود نے انہیں بابر اعظم کی ٹیسٹ جرسی تحفے میں دی جس پر پاکستانی کرکٹروں کے دستخط تھے۔
 حالیہ تین میچوں کی سیریز میں مہمان ٹیم کےسلامی بلے بازوں نے مایوس کیا جبکہ تینوں میچ کے دوران خراب فیلڈنگ اور کیچ چھوڑنے پر بھی کھلاڑیوں کی کارکردگی پر سوالات کھڑے ہوگئے ہیں۔ سنیچر کوسڈنی ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان۱۱۵؍ رن بناکر آؤٹ ہوئی اور آسٹریلیاکو۱۳۰؍ رن کا ہدف ملا جو اس نے۲؍ وکٹوں پر ہی پورا کرلیا۔اپنا آخری ٹیسٹ میچ کھیلنے والے ڈیوڈ وارنر نے۵۷؍ اور مارنس لبوشین نے بھی نصف سنچری اسکور کی۔ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کا پہلا وکٹ صفر پر گرا، اوپنر عثمان خواجہ پاکستانی بلے باز ساجد خان کا شکار بن کر پویلین لوٹ گئے۔دوسری اننگز میں آسٹریلیا نے کھانے کے وقفے تک ایک وکٹ کے نقصان پر۹۱؍ رن بنائے جس کے بعد دوسرا وکٹ۱۱۹؍ رن کے مجموعی اسکور پر گرا۔ ڈیوڈ وارنر۵۷؍ رن بنا کر ساجد خان کا شکار بنے۔اسٹیو اسمتھ۴؍ رن اور مارنس لبوشین ۶۲؍ رن بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔
 چوتھے دن کے آغاز میں  پاکستان کے سلامی بلے باز ایک بار پھر ناکام رہے۔عبداللہ شفیق اور شان مسعودصفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ صائم ایوب اور بابر اعظم بھی کوئی خاص کارکردگی نہیں دکھا سکے ۔صائم ایوب نے ۳۳؍ اور بابر اعظم نے ۲۳؍ رن بنائے۔پہلی اننگ میں ۸۸؍ رن کی قابل تعریف پاری کھیلنے والے محمد رضوان دوسری اننگ میں ۲۸؍ رن ہی بنا سکے ۔عامر جمال۱۸؍ اور حسن علی۵؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے ۔پاکستان کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں ہیزل ووڈ نے۴؍ اور نیتھن لائن نے۳؍ وکٹ لئے۔آسٹریلیا کو پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کلین سویپ کے بعدعالمی ٹیسٹ چمپئن شپ( ڈبلیو ٹی سی) میں بھی برتری حاصل ہوئی ہے۔ آسٹریلیا ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ پوائنٹس ٹیبل میں سب سے اوپر پہنچ گئی۔ آسٹریلیائی ٹیم کے۲؍ سیریز میں ۵؍ جیت اور ایک ڈرا سے۵۴؍ پوائنٹس ہیں اور۵۶ء۲۵؍ فیصد پوائنٹس کے ساتھ ٹیم پہلے نمبر پر ہے۔واضح رہےکہ ہندوستان جنوبی افریقہ کے خلاف دوسراٹیسٹ جیت کر پہلی پوزیشن پر آگئی تھی لیکن سنیچر کو آسٹریلیا نے جیت کراس کی پوزیشن چھین لی ۔ہندوستان دوسرے نمبر پر ہے۔ ٹیم کی ۲؍ سیریز میں ۲؍ جیت اور ایک ڈرا سے۲۶؍ پوائنٹس ہیں ، ہندوستانی ٹیم۵۴ء۱۶؍ فیصد پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کے۵۰؍ فیصد پوائنٹس ہیں ، وہ بالترتیب تیسری ، چوتھی اور پانچویں پوزیشن پر ہیں ۔پاکستان چھٹی پوزیشن پر ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK