Inquilab Logo

رنجی ٹرافی:سوراشٹر نے کرناٹک کو اور بنگال نے مدھیہ پردیش کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی

Updated: February 13, 2023, 4:15 PM IST | Bengaluru

سوراشٹر سیمی فائنل میں کرناٹک کو ۴؍وکٹ سے شکست دےکر ۵؍ویں بار فائنل میں پہنچا

Surashtra players are celebrating on the field after winning the match. (PTI)
میچ جیتنے کے بعد سوراشٹر کے کھلاڑی میدان پر جشن منارہے ہیں ۔(پی ٹی آئی )

پہلی اننگز میں کپتان ارپت واسواڈا (۲۰۲؍رن) کی ڈبل سنچری اور شیلڈن جیکسن (۱۶۰؍رن) کی دمدار سنچری کی بدولت سوراشٹر نے اتوار کو رنجی ٹرافی کے سیمی فائنل میں کرناٹک کو ۴؍ وکٹ سے شکست دے کر ۵؍ویں بار ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنالی۔کرناٹک نے ۵؍ویں دن سوراشٹر کے سامنے۱۱۵؍ رن کا ہدف رکھا، جسے سوراشٹرنے ۶؍ وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
 سوراشٹر کا مقابلہ فائنل میں بنگال سے ہوگا، جو سیمی فائنل میں مدھیہ پردیش کو۳۰۶؍رن  سے شکست دینے کے بعد فائنل میں پہنچا ہے۔ سوراشٹرنے۱۱۵؍رن کے معمولی ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ابتدائی  وکٹ جلد گنوا دیں، جس نے مقابلہ کو سنسنی خیز بنا دیا۔ کوشک نے ہاروک دیسائی اور اسنیل پٹیل کو سلپ میں کیچ آؤٹ کروایا  جبکہ گوتم نے وشوراج جڈیجا، شیلڈن جیکسن اور چراغ جانی کو ایل بی ڈبلیو کیا۔
 سوراشٹرنے دائیں ہاتھ کے ۵؍ بلے باز صرف۴۲؍ رن  پر گنوانے کے بعد  بلے باز چیتن سکاریا کومیدان پر بھیجا۔ سکاریا نے۴۸؍ گیندوں پر ۳؍ چھکوں کی مدد سے۲۴؍ رن  بنائے اور واسواڈا کے ساتھ۶۳؍ رن کی قیمتی شراکت کی۔ پہلی اننگز میں ڈبل سنچری بنانے والے واسواڈا نے یہاں بھی کپتانی اننگز کھیلتے ہوئے۵۱؍گیندوں پر۷؍چوکوں کی مدد سے۴۷؍ رن بنائے۔ کوشک نے میچ کے آخری لمحات میں سکاریا کو آؤٹ کر دیا،اس کے باوجود  پریرک مانکڈ نے چوکا لگا کر سوراشٹر کی جیت کو یقینی بنایا۔خیال رہے کہ اس سے قبل کرناٹک نے دن کا آغاز۱۲۳ /۴؍ پر کیا اور شریاس گوپال (۴؍رن) کا وکٹ جلد گنوا دیا۔ پہلی اننگز میں۱۲۰؍ رن سے پیچھے رہنے کے بعد کرناٹک کو بڑی شراکت کی ضرورت تھی، تاہم نکن جوس (۱۰۹؍رن) کے علاوہ کوئی بھی بلے باز وکٹ پر وقت نہیں گزار سکا۔ جوس نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنی پہلی سنچری اسکور کرتے ہوئے۱۶۱؍ گیندوں پر ۹؍ چوکوں کی مدد سے۱۰۹؍رن بنائے۔ وکٹوں کے مسلسل گرنے کے درمیان کرشنپا گوتم (۲۳؍رن) اور وجے کمار وشک (۲۰؍رن) نے کچھ دیر تک نکن کا ساتھ دیا۔ نکن نے گوتم کے ساتھ ۷؍ویں وکٹ کیلئے ۳۵؍ رن کی شراکت کی  جبکہ وجے کمار کے ساتھ ۸؍ویں وکٹ کیلئے۶۰؍ قیمتی رن جوڑ کر ٹیم کو۲۳۴؍ رن کے باعزت اسکور تک پہنچادیا۔

بنگال سیمی فائنل میں ایم پی کو ۳۰۶؍رن سے شکست دےکر ۱۵؍ویں بار فائنل میں پہنچا

بنگال نے یہاں سیمی فائنل میں دفاعی چمپئن مدھیہ پردیش کو۳۰۶؍رن سے شکست دے کر۱۵؍ ویں بار رنجی ٹرافی ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنالی۔بنگال نے آخری دن مدھیہ پردیش کے سامنے۵۴۸؍ رن کا بڑا ہدف رکھاتھا۔ اگر مدھیہ پردیش کی ٹیم پورے دن بلے بازی کرکے میچ ڈرا کروانے میں کامیاب ہو جاتی تو وہ پہلی اننگز میں پیچھے رہنے کی وجہ سے ہار جاتی۔ مدھیہ پردیش نے تیز رن بنا کر ہدف کا تعاقب کرنے کی کوشش کی لیکن اس کوشش میں دفاعی چمپئن ۲۴۱؍ رن پر سمٹ گئی۔
 بنگال کی جانب سے پردیپتا پرمانک نے بولنگ  کا آغاز کیا، انہوں نے۵۱؍ رن کے عوض ۵؍ وکٹ حاصل کئے۔ پہلی اننگز میں ۵؍ وکٹ لینے والے آکاش دیپ نے ایک جبکہ مکیش کمار نے ۲؍ اور شہباز احمد نے ایک وکٹ حاصل کیا۔ دو بار کے چمپئن بنگال کا فائنل میں سوراشٹرسے مقابلہ ہوگا، جو کرناٹک کے خلاف ۴؍ وکٹوں کی سنسنی خیز جیت کے بعد آرہی ہے۔
 مدھیہ پردیش نے آخری دن زیادہ وقت ضائع نہیں کرتے ہوئے بنگال کے آخری بلے باز ابھیشیک پوریل کو پہلے ہی اوور میں آؤٹ کر دیا، لیکن اس کے بعد ان کے سامنے پہاڑ جیسا ہدف تھا۔ تیز کھیلنے کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے مدھیہ پردیش نے شاندار آغاز کیا۔ اوپنر یش دوبے نے اننگز کے آغاز میں ۳؍ خوبصورت چوکے لگائے لیکن کچھ دیر بعد ان کے ساتھی ہمانشو منتری ۱۶؍ رن بنا کر آؤٹ ہوگئے۔آکاش نے اس کے بعد دوبے (۳۰؍رن) کو اپنا شکار بنایا، جب کہ پرمانک نے شوبھم شرما کو۲۴؍ رن پر بولڈ کیا۔ مڈل آرڈر بلے باز رجت پاٹیدار نے۵۲؍رن کی نصف سنچری بنائی جبکہ دوسرے کنارے سے وکٹ گرتی رہیں۔ پاٹیدار نے ۵۸؍ گیندوں کی اپنی اننگز میں ۲؍ چوکے اور۴؍ چھکے لگائے۔ اس کے علاوہ وینکٹیش ایّر نے۱۹، آدتیہ نے ۲۹؍رن  اور انوبھو نے ناٹ آؤٹ۳۰؍ رن بنائے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK