Inquilab Logo Happiest Places to Work

روی چندرن اشون، اجنکیا رہانے سمیت کئی بڑے ستارے ایکشن میں نظر آئیں گے

Updated: August 25, 2026, 5:03 PM IST | Mumbai

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اجنکیا رہانے اور معروف آف اسپنر روی چندرن اشون سمیت کئی بین الاقوامی ستارے یورپین ٹی۲۰؍ پریمیئر لیگ (ای ٹی پی ایل) کے پہلے سیزن میں کھیلتے نظر آئیں گے۔ ٹورنامنٹ کا آغاز ۲۶؍ اگست ۲۰۲۶ءسے ہوگا۔

Ashwin And Ajinkya.Photo:INN
اجنکیااور اشون۔ تصویر:آئی این این

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اجنکیا رہانے اور معروف آف اسپنر روی چندرن اشون سمیت کئی بین الاقوامی ستارے یورپین ٹی۲۰؍ پریمیئر لیگ (ای ٹی پی ایل) کے پہلے سیزن میں کھیلتے نظر آئیں گے۔ ٹورنامنٹ کا آغاز ۲۶؍ اگست ۲۰۲۶ءسے ہوگا۔ آئی سی سی سے منظوری حاصل کرنے والی اس ٹی۲۰؍ لیگ میں چھ شہر پر مبنی فرنچائزز حصہ لیں گی، جن میں آئرلینڈ، اسکاٹ لینڈ اور نیدرلینڈز کی دو، دو ٹیمیں شامل ہیں۔ ای ٹی پی ایل ۲۰۲۶ءکا انعقاد ۲۶؍اگست سے ۲۰؍ ستمبر تک ہوگا۔ پہلے سیزن میں انگلینڈ اور ویلز کی کوئی فرنچائز نہیں ہوگی، تاہم ان دونوں ممالک کے کھلاڑی غیر ملکی کرکٹرز کی حیثیت سے لیگ کی ٹیموں کا حصہ بن سکیں گے۔

یہ بھی پڑھئے:BTS: ہندوستانی مداحوں کو ’نمستے‘ اور ہندی پیغام، ہندوستان آمد کی قیاس آرائیاں

ٹورنامنٹ میں اسٹیو اسمتھ، مچل مارش، گلین میکسویل، فاف ڈوپلیسس، ہینرک کلاسن، ٹرینٹ بولٹ، لیام لیونگ اسٹون اور ڈیوڈ ملر جیسے بڑے نام بھی کھیلیں گے۔روی چندرن اشون ڈبلن گارجینز کی کپتانی کریں گے، جبکہ مچل مارش، گلین میکسویل، مچل سینٹنر، جارج منسی اور فاف ڈوپلیسس بالترتیب ایمسٹرڈیم فلیمز، بیلفاسٹ وولوز، ایڈنبرا کاسل راکرز، گلاسگو کاسمک اور روٹرڈیم ڈاکرز کی قیادت کریں گے۔
ای ٹی پی ایل کی فرنچائزز کے مالکان میں بھی کئی معروف شخصیات شامل ہیں۔ سابق ہندوستانی کپتان اور ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ فاتح کوچ راہل دراوڑ ڈبلن گارجینز فرنچائز سے وابستہ ہیں۔آسٹریلیا کے سابق کپتان اسٹیو وا ایمسٹرڈیم فلیمز کے مالکان میں شامل ہیں جبکہ ہاکی کے معروف کھلاڑی اور ۲۰۰۴ء ایتھنز اولمپکس کے طلائی تمغہ فاتح جیمی ڈوائر بھی فرنچائز کے شریک مالک ہیں۔ بیلفاسٹ وولوز کے کپتان گلین میکسویل خود بھی ٹیم کے شریک مالک ہیں، جبکہ سابق آسٹریلوی اوپنر میتھیو ہیڈن گلاسگو کاسمک کے شریک مالک اور ہیڈ کوچ ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:ہندوستان مزید ۹؍ تجارتی معاہدوں کیلئے کوشاں

 روٹرڈیم ڈاکرز کے شریک مالکان میں فاف ڈوپلیسس، جونٹی رہوڈز، ہینرک کلاسن اور ہندوستانی اداکار جان ابراہم شامل ہیں۔ ای ٹی پی ایل کا پہلا پلیئر ڈرافٹ جولائی میں ہوا تھا، جس میں کرکٹ آئرلینڈ، کرکٹ اسکاٹ لینڈ اور رائل ڈچ کرکٹ ایسوسی ایشن سے وابستہ ۱۲۔۱۲؍ کھلاڑی منتخب کیے گئے تھے۔ ہر فرنچائز کے ۱۷؍ رکنی اسکواڈ میں کم از کم آٹھ مقامی کھلاڑی ہوں گے، جبکہ ایک ٹیم میں پانچ سے سات غیر ملکی کھلاڑی شامل ہوسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ہر ٹیم میں کم از کم ایک یورپی ایسوسی ایٹ اور ایک عالمی ایسوسی ایٹ کھلاڑی کا ہونا ضروری ہے۔ میچ کے دوران پلیئنگ الیون میں کم از کم پانچ مقامی اور زیادہ سے زیادہ چار غیر ملکی کھلاڑی شامل کیے جاسکیں گے۔ لیگ مرحلے میں تمام چھ ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف دو، دو میچ کھیلیں گی۔ پوائنٹس ٹیبل میں سرفہرست ٹیم براہ راست فائنل میں پہنچے گی، جبکہ دوسرے اور تیسرے نمبر کی ٹیمیں کوالیفائر کھیلیں گی اور اس  کی فاتح ٹیم فائنل میں خطاب کے لیے سرفہرست ٹیم کا سامنا کرے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK