Inquilab Logo

پی سی بی اور فرنچائزیز کے تعلقات مزید کشیدہ

Updated: August 01, 2020, 3:18 AM IST | Karachi

پی سی بی اور پی ایس ایل فرنچائزیز کے تعلقات مزید کشیدہ ہو گئے جبکہ مالی ذمہ داریاں اور اسپانسر شپ معاہدوں کی تفصیل شیئر نہ کرنے پر ۳؍ ٹیموں کو بات چیت کے عمل سے ہٹا دیا گیا۔

For Representation Purpose Only. Photo INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

پی سی بی اور پی ایس ایل فرنچائزیز کے تعلقات مزید کشیدہ ہو گئے جبکہ مالی ذمہ داریاں اور اسپانسر شپ معاہدوں کی تفصیل شیئر نہ کرنے پر ۳؍ ٹیموں کو بات چیت کے عمل سے ہٹا دیا گیا۔ ۲۸؍جولائی کو شیڈول گورننگ کونسل کی میٹنگ آخری لمحات میں ملتوی ہونے پر فرنچائزیز نے بورڈ کو سخت ای میل بھیج کر احتجاج ریکارڈ کروایا تھا۔اس کے جواب میں مفاہمتی انداز اپنانے سے گریز کرتے ہوئے پی سی بی نے مزید سخت جواب بھیج دیا۔ذرائع کے مطابق مالکان کو خط میں فرنچائزیز کے ای میل کے انداز پر شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے آگے بڑھنے کیلئے اس پر نظرثانی کا مطالبہ کیا گیا۔پی ایس ایل ایگزیکٹیو شعیب نوید نے ای میل میں کہا کہ گورننگ کونسل کی گزشتہ میٹنگ میں واضح طور پر یہ طے ہو گیا تھا کہ بات چیت کو آگے بڑھانے کیلئے فرنچائزیز کو پہلے مالی ذمہ داریاں مکمل اور اسپانسر شپ معاہدے جمع کروانا ہوں گے۔ حاصل شدہ معلومات اور آڈٹ شدہ اکاؤنٹس جاری بات چیت میں آگے بڑھنے کا اہم ذریعہ ہیں ، کئی اہم معاملات جیسے ڈالر کے ریٹ پر حتمی فیصلہ گورننگ کونسل میٹنگ میں ہونا ضروری ہے۔
 خط میں مزید لکھا گیا کہ اس معاملے پر فرنچائزیز سے اصل تبادلہ خیال ۲۷؍جولائی کو ہوا، اس کے فوراً بعد پی سی بی نے کنسلٹنٹ سے میٹنگ کی درخواست کر دی اور فرنچائزیز نے جو نکتے اٹھائے ان کا بروقت جواب دے دیا، جن ۳؍ٹیموں نے اپنی مالی ذمہ داریاں مکمل اور ضروری دستاویزات جمع کرا دی ہیں اب ہم ان کے ساتھ ہی معاملات آگے بڑھانے کے خواہشمند ہیں ۔انہیں اس حوالے سے جلد آگاہ کر دیا جائے گا۔ہم فرنچائزیز کی اس بات سے متفق ہیں کہ ذمہ داریاں مکمل کرنے والی ٹیموں کو بھی دیگر کی وجہ سے پریشانی کیوں اٹھانا پڑے؟ نادہندہ ٹیموں کے نمائندے اب کسی بات چیت کا حصہ ہوں گے نہ ہی انہیں کسی مثبت فیصلے سے فائدہ اٹھانے کا موقع دیا جائے گا۔ 
پی سی بی کا اہم اجلاس 
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے بورڈ آف گورنرز کا ویڈیو لنک پر اجلاس ہوا جس میں دوہری شہریت اورچیف ایگزیکٹو وسیم خان کے استعفیٰ پر غور نہیں ہوا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ میں تمام تقرریاں اور کام آئین کے مطابق ہیں ۔ اجلاس میں سی ای او وسیم خان نے پاکستانی ٹیم کی تیاریوں پر بریفنگ دی۔جاوید مرتضیٰ پی سی بی کے نئے چیف فنانشل آفیسر مقرر کردیئے گئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK