• Thu, 05 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

رونالڈو برازیل کے ورلڈ کپ جیتنے کے امکانات کے حوالے سے پُرامید

Updated: February 05, 2026, 4:06 PM IST | Rio

سابق اسٹار اسٹرائیکر رونالڈو نے کہا ہے کہ انہیں رواں برس ہونے والے فیفا ورلڈ کپ میں ایک نئی توانائی سے بھرپور برازیلین ٹیم دیکھنے کی توقع ہے، اور انہوں نے منیجر کارلو اینسیلوٹی کے مثبت اثرات کی بھرپور ستائش کی ہے۔

Ronaldo.Photo:INN
رونالڈو۔تصویر:آئی این این

سابق اسٹار اسٹرائیکر رونالڈو نے کہا ہے کہ انہیں رواں برس ہونے والے فیفا ورلڈ کپ میں ایک نئی توانائی سے بھرپور برازیلین ٹیم دیکھنے کی توقع ہے، اور انہوں نے منیجر کارلو اینسیلوٹی کے مثبت اثرات کی بھرپور ستائش کی ہے۔پانچ بار کی ورلڈ کپ فاتح ٹیم برازیل کوالیفائرز میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکی اور جنوبی امریکی گروپ کی ۱۰؍ٹیموں میں پانچویں نمبر پر رہی، جو کہ موجودہ چیمپئن ارجنٹائنا سے ۱۰؍ پوائنٹس پیچھے تھی۔
تاہم رونالڈو کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس مئی میں تقرری کے بعد سے اینسیلوٹی نے قومی ٹیم میں نیا اعتماد پیدا کیا ہے۔ دو بار کے ورلڈ کپ فاتح رونالڈو نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا،’’میں بہت پرامید ہوں۔ ہماری چند ملاقاتیں ہوئی ہیں اور ہم نے چھٹے خطاب پر یقین کرنے کے لیے برازیلین مداحوں سے اپیل کرتے ہوئے ایک اشتہار بھی بنایا ہے۔ میں انہیں اچھی طرح جانتا ہوں اور ان کے کام کرنے کے انداز سے واقف ہوں، اسی لیے قومی ٹیم میں ان کی آمد کے بعد میرا جوش پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گیا ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:امتیاز علی اور دلجیت دوسانجھ کی بلاعنوان فلم کی ریلیز تاریخ تبدیل

ورلڈ کپ۱۱؍ جون سے ۱۹؍ جولائی تک امریکہ، میکسیکو اورکنیڈا میں کھیلا جائے گا۔ برازیل اپنی مہم کا آغاز ۱۳؍ جون کو مراکش کے خلاف کرے گا، جبکہ ۱۹؍ جون کو ہیٹی اور ۲۴؍جون کو اسکاٹ لینڈ کا سامنا کرے گا۔ رونالڈو، جنہوں نے ۲۰۰۲ء میں ۸؍ گولز کے ساتھ برازیل کو آخری مرتبہ عالمی چیمپئن بنایا تھا - جس میں جرمنی کے خلاف فائنل میں کیے گئے دو گول بھی شامل تھے ، نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ ملک کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کر دے گا۔

یہ بھی پڑھئے:آر بی آئی سے بینکوں کی اپیل: قرض کی شرح میں تیزی، لیکویڈیٹی قوانین میں نرمی کا مطالبہ

سابق بارسلونا اور  ریئل  میڈرڈ اسٹار نے کہا کہ ورلڈ کپ ایک برازیلی کے لیے سب سے بڑی خوشی کا موقع ہوتا ہے۔ یہ ایسا ایونٹ ہے جو چھٹے خطاب کی تلاش میں پورے ملک کو ایک ساتھ لے آئے گا اور ہمیں اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ رونالڈو نے بتایا کہ انہوں نے ۲۰۲۴ء اور۲۰۲۵ء میں بالترتیب برازیل کے کروزئیرو اور اسپین کے ویلاڈولڈ کلب میں اپنی زیادہ تر حصہ داری فروخت کرنے کے بعد فٹبال کلبوں کی ملکیت سے ایک قدم پیچھے ہٹنے کا فیصلہ کیا ہے۔۴۹؍ سالہ سابق اسٹار کا کہنا تھا کہ فٹبال ٹیموں سے وابستہ منصوبوں میں میرا کوئی مالی ہدف نہیں تھا۔ میں ایک ایسے پروجیکٹ کی قیادت کا تجربہ حاصل کرنا چاہتا تھا جس میں میں خود ذمہ دار ہوں، اور یہ تجربہ بہترین رہا۔ لیکن جب مجھے محسوس ہوا کہ کلبوں کی ترقی کے لیے میرا پیچھے ہٹنا ضروری ہے تو میں نے دونوں حصص فروخت کرنے کا فیصلہ کر لیا۔  انہوں نے مزید کہا کہ اب وہ چھوٹے کاروباری منصوبوں پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں، جن میں ساؤ پاؤلو میں ایک نیا اسپورٹس کمپلیکس بھی شامل ہے جہاں مصنوعی ویو پولز قائم کیے جائیں گے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK