فائنل میں دفاعی چمپئن بنگلہ دیش کو تین ایک سے شکست دے کر چھٹی مرتبہ خطاب اپنے نام کر لیا۔
EPAPER
Updated: June 08, 2026, 1:25 PM IST | New Delhi
فائنل میں دفاعی چمپئن بنگلہ دیش کو تین ایک سے شکست دے کر چھٹی مرتبہ خطاب اپنے نام کر لیا۔
ہندوستانی خاتون فٹبال ٹیم نے روایتی حریف اور دفاعی چمپئن بنگلہ دیش کو شکست دے کر ساؤتھ ایشین فٹ بال فیڈریشن (سیف) ویمنز چمپئن شپ ۲۰۲۶ءء کا تاج اپنے سر سجا لیا ہے۔ مڈگاؤں کے پنڈت جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل مقابلے میں ہندوستان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو ایک کے مقابلے ۳؍گول سے مات دی۔ یہ ہندوستانی خواتین ٹیم کا چھٹا سیف چمپئن شپ خطاب ہے۔
یہ بھی پڑھئے: فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء: سعودی عرب نے پورٹو ریکو کو ۰۔۳؍گول سے ہرا دیا
گزشتہ رات کھیلے گئے اس فائنل میچ میں ہندوستانی کھلاڑیوں نے شروع سے ہی جارحانہ حکمتِ عملی اپنائی اور بنگلہ دیشی دفاع کو دباؤ میں رکھا۔ ہندوستان کی اس تاریخی جیت میں پیاری جاکھسا، سنفیدا نونگروم اور لنڈا کوم سیرتو نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ایک گول داغ کر ٹیم کی پوزیشن مضبوط کی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے واحد گول رتو پورنا نے اسکور کیا، تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکیں۔
ہندوستانی ٹیم پورے ٹورنامنٹ کے دوران انتہائی حاوی اور ناقابلِ شکست رہی۔ پورے ٹورنامنٹ میں محض ایک گول کھانے والی ہندوستانی دفاعی لائن اور ۱۸؍ گول کرنے والے اسٹرائیکرز نے یہ ثابت کر دیا کہ وہ اس خطے میں فٹ بال کی سب سے مضبوط قوت ہیں۔ اس شاندار کامیابی پر میدان پر کھلاڑیوں نے خوشی منائی جبکہ ملک بھر میں جشن کا ماحول ہے اور ٹیم کو مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔