Inquilab Logo

ساتوک اور چراغ کی جوڑی انڈونیشیا اوپن سے باہر، پرنئے ہندوستان کے قائد

Updated: January 23, 2024, 11:34 AM IST | Agency | Jakarta

ساتوک اور چراغ نے اپنے مصروف شیڈول کے پیش نظر کام کا بوجھ کم کرنے کے لئے ٹورنامنٹ سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا۔

Chirag Shetty and Satok Reddy. Photo: INN
چراغ شیٹی اور ساتوک ریڈی ۔ تصویر : آئی این این

اسٹار سنگلز کھلاڑی ایچ ایس پرنئے منگل سے یہاں شروع ہونے والے انڈونیشیا ماسٹرس سپر۵۰۰؍ بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں ہندوستانی چیلنج کی قیادت کریں گے کیونکہ دنیا کی نمبر دو مردوں کی ڈبلز جوڑی ساتوک سائراج رینکیریڈی اور چراغ شیٹی ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔ لگاتار دو ٹورنامنٹس، ملائیشیا ماسٹرس ۱۰۰۰؍اور انڈیا اوپن ۷۵۰؍ میں رنر اپ رہنے کے بعد ایشین گیمز کی چمپئن جوڑی ساتوک اور چراغ نے اپنے مصروف شیڈول کے پیش نظر کام کا بوجھ کم کرنے کیلئے ٹورنامنٹ سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا۔ 
 ہندوستانی جوڑی کے دستبردار ہونے سے ٹورنامنٹ کی چمک کم ہوجائے گی لیکن عالمی نمبر ۹؍ پرنئے اپنی اچھی کارکردگی کو جاری رکھیں گے اور ہندوستانی چیلنج کی قیادت کریں گے۔ پرنئے مردوں کے سنگلز ڈرا میں واحد سیڈ یافتہ ہندوستانی کھلاڑی ہیں، جو ڈرا میں ۳۲؍ کھلاڑیوں میں ۷؍ویں نمبر پر ہیں۔ وہ اپنی مہم کا آغاز سنگاپور کے لوہ کین ییو کے خلاف کریں گے جن کے خلاف ان کا جیت ہار کا ریکارڈ۱۔ ۴؍ ہے۔ 
 عالمی نمبر۱۱؍ییو نے۲۰۲۱ء کی عالمی چمپئن شپ کے دوران پرنئے کے خلاف اپنا واحد میچ جیتا تھا۔ اس کے بعد پرنئے نے لگاتار دو میچوں میں یییو کو شکست دی۔ اس نے آخری بار سنگاپوری کو شکست دی تھی جب اس نے گزشتہ سال عالمی چمپئن شپ میں کانسہ کا تمغہ جیتا تھا۔ پرنئے گزشتہ ہفتے انڈیا اوپن کے سیمی فائنل میں بھی پہنچے تھے جہاں انہیں چین کے شی یوکی کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جو بعد میں چمپئن بنے۔ اس سے قبل وہ ملائیشیا اوپن سپر ۱۰۰۰؍کے پہلے راؤنڈ میں ہار گئے تھے۔ 
 سب کی نظریں عالمی نمبر۱۹؍ کھلاڑی لکشیا سین پر بھی ہوں گی۔ انہیں پہلے راؤنڈ میں چین کے وینگ ہانگ یانگ سے مقابلہ کرنا ہے۔ چین کے عالمی نمبر ۱۶؍ وینگ نے لکشیا کے خلاف ۵؍ میں سے ۳؍ میچ جیتے ہیں اور ۲؍ ہفتے قبل ملائیشیا اوپن بھی جیتا تھا۔ گزشتہ سال کینیڈا اوپن میں اپنے خطاب کے بعد سے لکشیا کو خراب دور کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور لگاتار ۸؍ ٹورنامنٹس میں اسے پہلے راؤنڈ سے باہر ہونا پڑا ہے۔ خیال رہےکہ پچھلے ہفتے لکشیا کو انڈیا اوپن میں اپنے ہندوستانی ساتھی کھلاڑی پریانشو راجاوت کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور سابق عالمی نمبر ۸؍ کھلاڑی اپنی رفتار کو دوبارہ حاصل کرنے کےلئے کوشاں ہوں گے۔ عالمی نمبر ۲۵؍ کدامبی سری کانت کا مقابلہ پہلے راؤنڈ میں ملائیشیا کے لی جی جیا سے ہوگا جبکہ عالمی نمبر۳۰؍ پریانشو کا مقابلہ ڈنمارک کے راسمس گیمکے سے ہوگا۔ 
چراغ اور ساتوک کی غیر موجودگی میں، ایم آر ارجن اور دھرو کپیلا مردوں کے ڈبلز میں واحد ہندوستانی جوڑی ہوں گے۔ اس جوڑی کو پہلے راؤنڈ میں ملائیشیا کے گوہ جے فی اور نور عزالدین کی جوڑی سے کھیلنا ہوگا۔ خواتین کے ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز میں ہندوستان کی کوئی جوڑی داخل نہیں ہوگی۔ خیال رہے کہ ہندوستان کی جوڑی نے پچھلے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کامظاہرہ کیا تھالیکن بدقسمتی سے اس جوڑی کو فائنل میں شکست ہوئی تھی۔ یہ جوڑی فی الحال آرام کرنے کو ترجیح دے رہی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK