Inquilab Logo

اسکاٹ لینڈ نے تاریخ رقم کردی، پہلی بار ویمنز ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں جگہ پکی

Updated: May 07, 2024, 3:16 PM IST | New Delhi

خواتین کی ٹیم نے اس سال بنگلہ دیش میں ہونے والے خواتین کے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کیا۔کیتھرین برائس نےاسکاٹ لینڈ کی اچھی قیادت کی

Scotland Women Team. Photo:INN
اسکاٹ لینڈ کی خواتین ٹیم۔ (آئی این این)

اتوار کا دن اسکاٹش کرکٹ کیلئے  ایک تاریخی دن تھا کیونکہ خواتین کی ٹیم نے اس سال بنگلہ دیش میں ہونے والے خواتین کے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کیا ۔ اسکاٹ لینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیم نے پہلی بار ویمنز ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں جگہ بنا لی۔ کیتھرین برائس نےاسکاٹ لینڈ کی  اچھی قیادت کی اور ان کے سفر میں ایک سنہری باب کا اضافہ کیا۔
اسکاٹ لینڈ نے لورا ڈیلانی کی زیرقیادت آئرلینڈ کو۸؍ وکٹوں سے شکست دے کر ابوظہبی کے زاید کرکٹ اسٹیڈیم میں آئی سی سی ویمنز ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کوالیفائر کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ اسکاٹ لینڈ کو پہلے گیند کرنے کا موقع دیا گیا اور مخالف ٹیم کو ۹؍وکٹ پر ۱۱۰؍رن  تک محدود رکھا۔۲۶؍ سالہ کیتھرین برائس نے شاندار بولنگ اسپیل کیا جس میں۱۹؍ ڈاٹ گیندیں تھیں۔ انہوں نے اپنے ۴؍ اوورس کے اسپیل میں صرف۸؍ رن   دیئے  اور ۴؍ وکٹ حاصل کئے۔ لیفٹ آرم فاسٹ بولر ریچل سلیٹر نے کپتان کا خوب ساتھ دیا اور ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ ریچل نے۳؍  اوورس میں۳۲؍ رن دے کر ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ پریاناز چٹرجی اور حنارینی کو کوئی وکٹ نہیں ملا۔
 ہدف کے تعاقب میں اسکاٹ لینڈ کیلئے ساسکیا ہورلے کچھ حیرت انگیز نہ کر سکیں لیکن ان کی اوپننگ ساتھی میگن میک کال نے۴۷؍ گیندوں پر۴؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۵۰؍ رن بنا کر اسکاٹ لینڈ کی جیت کا راستہ آسان بنا دیا۔ گیند کے ساتھ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد کیتھرین برائس نے بلے سے بھی کمال کر دکھایا۔ کیتھرین برائس نے۲۹؍ گیندوں پر ۵؍ چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ۳۵؍ رن کی میچ وننگ اننگز کھیلی۔ کیتھرین کی اننگز کی مدد سے اسکاٹ لینڈ نے ہدف ۲۲؍ گیندیں باقی رہ کر حاصل کر لیا۔کیتھرین برائس نے پورے ٹورنامنٹ میں اسکاٹ لینڈ کیلئے  شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ وہ فی الحال کوالیفائر میں سب سے زیادہ رن بنانے والی خاتون بلے باز ہیں۔ انہوں نے ۵؍ میچوں میں ۸۸ء۵۰؍ کے اوسط  سے۱۷۷؍ رن بنائے۔ اس میں ۲؍ نصف سنچریاں شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK