Inquilab Logo

ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ پر شیفالی ورما کی نظر

Updated: January 31, 2023, 12:53 PM IST | Potchefstroom

انڈر ۱۹؍ خواتین ٹیم انڈیا کی کپتان نے کہا: میںنئی توانائی اور خوداعتمادی کے ساتھ سینئر ورلڈ کپ میں شرکت اور اسے جیتنا چاہوں گی

photo;INN
تصویر :آئی این این

 ہندوستان کی زبردست سلامی بلے باز شیفالی ورما نے انڈر ۱۹؍ خواتین ورلڈ کپ جیتنے کے بعد اگلے مہینے ہونے والے سینئر خواتین کے ٹی ۲۰؍ورلڈ کپ پر نظر مرکوز کر دی ہے۔ہندوستان نے شیفالی ورماکی  کپتانی میں اتوار کو فائنل میں انگلینڈ کو ۷؍ وکٹ سے ہرا کر پہلا انڈر۱۹؍ورلڈ کپ خواتین ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ  اپنے نام کیا ۔
  شیفالی نے جیت کے بعد کہا کہ’’یہ صرف شروعات ہے ‘‘ اور وہ اس خود اعتمادی کا استعمال سینئر خواتین ٹی۲۰؍ورلڈ کپ جیتنے کے لئے کرنا چاہیں گی۔‘‘شیفالی نے فائنل کے بعد کہا’’ میں ایسی شخصیت ہوں جو سامنے موجود کام پر توجہ دیتی ہے۔ جب انڈر۱۹؍ورلڈ کپ میں آئی تب میں نے ساری توجہ کپ جیتنے پر مرکوز کی تھی  اور ہم نے خطاب جیت لیا ۔ میں اس خوداعتمادی کو اپنے ساتھ لے کر سینئر ورلڈ کپ جیتنا چاہوں گی ۔ ‘‘
 شیفالی کے ساتھ ساتھ انڈر۱۹؍ ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم سے رچا گھوش بھی سینئر ٹیم میں شامل ہوں گی اور۱۰؍فروری سے کیپ ٹاوَن میں شروع ہونے والے ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ میں حصہ لیں گی ۔ اپنے شروعات کے دو میچوں میں۴۵؍ اور ۷۸؍ کا  اسکور بنانے کے بعدشیفالی ٹورنامنٹ کے اگلے ۴؍ میچوں میں صرف۳۴؍ رن جوڑ سکیں۔ فائنل میں بھی شیفالی نے صرف ۱۵؍رن بنائے  اور کچھ دیر بعد ان کی ساتھی اوپنر شویتا سہراوت بھی صرف ۵؍ رن کے اسکور پر پویلین لوٹ گئیں ۔
 شیفالی نے اپنی ٹیم کی کارکردگی پر کہا ’’ میں نے پہلی بار کپتانی کی ہے ۔ میں نے بطور نوجوان بھی ٹیم کی کمان سنبھالی  ہے لیکن یہ ایک بڑا پلیٹ فارم ہے اور یہاں کافی کچھ الگ ہے۔ میں نے اس سے بہت کچھ سیکھا ہے ۔ اپنے کھلاڑیوں کو جاننا اور ان کی قابلیت کو جاننا اہم رہا۔ شاید پورے ٹورنامنٹ کے دوران میں یہ کرنے میں کامیاب رہی ۔ ‘‘انہوں نے کہا’’ میں الفاظ میں بیان نہیں کر سکتی لیکن پوری ٹیم کا شکریہ ۔ جس طرح انہوں نے ایک دوسرے کا ساتھ دیا اور حمایت کی ، میں ان کو یاد کرنے والی ہوں ۔ ‘‘
 شیفالی نے ۳؍ سال پہلے میلبورن کرکٹ گراؤنڈ پر ٹی۲۰؍خواتین ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیاسے ملنے والی ہار کا بھی ذکر بھی کیا ۔جذباتی شیفالی نے کہا’’میلبورن میں میرے لئے وہ بہت جذباتی دن تھا ۔ ہم وہ میچ نہیں جیتے تھے۔ جب میں انڈر۱۹؍ٹیم  میں شامل ہوئی تب میں صرف یہی سوچ رہی تھی کہ  یہ ورلڈ کپ جیتنا ہے ۔ میں سبھی لڑکیوں کو یہی بتا رہی تھی کہ   یہ ورلڈ کپ جیتناہے ۔ ہم یہاں ورلڈ جیتنے آئے ہیں ۔ ہم پہلے ورلڈکپ ہار گئے تھے اور وہ دکھ کے آنسو تھے ۔ آج یہ خوشی کے آنسوہیں کیونکہ ہم نے وہ حاصل کرلیاہے جوحاصل کرنے ہم یہاں آئے تھے۔‘‘ انہوں نے کہا ’’ میں نے اسے قابو کرنا چاہالیکن میں نہیں کر سکی ۔ میں اسے ایک بڑی کامیابی مانوں گی اور اس سے کچھ سیکھنے کی کوشش کروں گی ۔ میں ہندوستان کیلئے مزید رن بنانے کی کوشش کروں گی۔ مجھے اس کپ سے مطمئن نہیں ہونا ہے۔ یہ تو بس شروعات ہے ۔ ‘‘
میتھالی اور جھولن نے تعریف کی 
  تجربہ کار کرکٹرس جھولن گوسوامی اور میتھالی راج نے انڈر۱۹؍ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ چمپئن بننے پر ہندوستانی خواتین کی انڈر۱۹؍ کرکٹ ٹیم کی تعریف کی۔ ہندوستان نے فائنل میں شاندار گیندبازی  کی اور ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے انگلینڈ کی خواتین ٹیم کو۷؍ وکٹ سے شکست دے کر خطاب اپنے نام کرلیا۔
 اوپنرس تیتاسادھو اور ارچنا دیوی نے ۶؍ اوور کے بعدانگلینڈ کے ٹاپ آرڈر کو ۴/۲۲؍تک کم کر دیا۔ سادھو نے اپنے ۴؍ اوورکئے اور صرف ۶؍ رن  دے کر۲؍ وکٹ  لئے۔ جھولن نے ٹویٹر پر کہا’’ `تاریخی جیت۔ اپنی انڈر۱۹؍ ٹیم پر فخر ہے۔ شاندار کارکردگی۔ تمام کھلاڑیوں کو مبارکباد۔ یہ جیت لاکھوں لوگوں کو متاثر کرے گی۔‘‘ میتھالی راج نے ٹویٹ کیا’’ چمپئن! مبارک ہو ٹیم انڈیا، یہ ایک بڑی کامیابی ہے! یہ شاندارفتح  ظاہر کرتی ہے کہ آپ پورے ٹورنامنٹ میں کتنے غالب رہے ہیں۔ یہ جیت اور بھی خاص ہے کیونکہ یہ خواتین کا پہلا انڈر۱۹؍ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ ہے۔ہر لمحے کا لطف اٹھائیں! ‘‘
ہرمن پریت اور اسمرتی مندھانا فتح سے خوش
 موجودہ ہندوستانی خواتین کی کپتان ہرمن پریت کور اور بلے باز اسمرتی مندھانا نے بھی اپنے جونیئر ہم منصبوں کی تعریف کی۔ ہرمن پریت نے کہا ’’ `آپ ہمارے  لئے ایک  ترغیب رہے ہیں۔ آپ لڑکیوں نے ملک کا نام روشن کیا ہے۔ ہمیں ان تمام لوگوں پر بہت فخر ہے جو عالمی مقابلے کا حصہ رہے ہیں۔‘‘ مندھانا نے کہا’’ `عالمی چمپئن۔ فخر اپنے گروپ پر فخر ہے۔ افتتاحی ایڈیشن میں چمپئن نے اسے اور بھی خاص بنا دیا۔ یہ صرف آغاز ہے  ٹیم آگے بڑھو۔‘‘
سچن تینڈولکر نے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا
 دریں اثنا، مایہ نازکرکٹر سچن تینڈولکر نے بھی اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا’’ہندوستانی خواتین کرکٹ آگے بڑھ رہا ہے! پہلے ویمنز پریمیر لیگ اور اب انڈرٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ جیتنے کا اعلان۔ خواتین کی پوری ٹیم کو افتتاحی انڈر۱۹؍ ورلڈ کپ جیتنے پر مبارکباد۔ یہ جیت ایک پوری نسل کو کھیل کو اختیار کرنے کی ترغیب دے گی۔ہندوستانی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے ٹویٹ کیا۔ انڈر۱۹؍ لڑکیوں کی کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ جیتنے پر بہت بہت مبارکباد۔ ملک کا سر فخر سے بلند کرنے کے لئے جئے ہند کو شاباش۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK