Inquilab Logo

کریم بینزیما کی بدولت ریئل میڈرڈ۳۴؍ ویں مرتبہ لا لیگا چمپئن

Updated: July 18, 2020, 3:10 AM IST | Madrid

لیگ میں ویلا ریئل کو ایک۔۲؍گول سے شکست دینے کے بعد خطاب پر قبضہ کرلیا۔ کریم بینزیما نے ۲؍گول کئے۔ پوائنٹس ٹیبل میں بارسلونا سے ۷؍پوائنٹس کی برتری حاصل کرلی۔

Real Madrid football club players. Photo: INN
ریئل میڈرڈ فٹبال کلب کے کھلاڑی۔ تصویر: آئی این این

فرانسیسی اسٹرائیکر کریم بینزیما کے شاندار ۲؍گول کی بدولت فٹبال کلب ریئل میڈرڈ نے ویلا ریئل کو ایک گول کے مقابلے ۲؍ گول سے شکست دے کر۳۴؍ ویں مرتبہ لا لیگا کا خطاب اپنے نام کرلیا ہے۔ ریئل میڈرڈ نے گزشتہ۳؍برسوں میں پہلی بار ہسپانوی فٹبال چمپئن شپ لا لیگا جیتنے میں کامیابی حاصل کی اور جمعرات کی دیر رات یہاں ویلاریئل کوایک۔۲؍ سے شکست دینے کے بعد مجموعیطورپر ۳۴؍ ویں مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ لیگ کی واپسی کے بعد ریئل میڈرڈ نے اپنی جیت کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنے قریبی حریف بارسلونا پر ۷؍ پوائنٹس کی برتری حاصل کرتے ہوئے ٹرافی اپنے نام کرلی۔ بارسلونافٹبال کلب دوسرے نمبر پر ہے جسے کیمپ ناؤ اسٹیڈیم میں کھیلے جانےوالے میچ میں اوساسونافٹبال کلب سے ہار کا سامنا کرنا پڑا۔ریئل میڈرڈ نے لیگ میں لگاتار۱۰؍ویں کامیابی اپنے نام کی۔ لیگ کورونا وائرس کی وجہ سے۳؍ ماہ کے لئے تعطل کا شکار رہی اور لیگ کی واپسی کے بعد ریئل میڈرڈ واحد ایسی ٹیم ہے جس نے اپنے تمام میچ جیتے ہیں ۔
 فرانسیسی اسٹرائیکر کریم بینزیما کے ۲؍ گول کی مدد سے ریئل میڈرڈ نے ایک میچ باقی رہتے ہوئے لا لیگا کا خطاب اپنے نام کرلیا۔ بینزیما نے میچ کے ۲۷؍ویں منٹ میں پہلا گول کر کے ریئل میڈرڈ کو برتری دلائی اور پھر۷۶؍ ویں منٹ پر دوسرا گول کرکے ٹیم کو فتح کو یقینی کردیا۔ اس جیت کے ساتھ ریئل میڈرڈ کے ۸۶؍ پوائنٹس ہوگئے ہیں جبکہ بارسلونا کے ۷۹؍ پوائنٹس ہیں ۔ بارسلونا کو اپنے ٹائٹل کی امیدوں کو برقرار رکھنے کیلئے جیت درج کرنے اور ریئل میڈرڈ کی شکست کیلئے دعا کرنے کی ضرورت تھی لیکن ایسا نہیں ہوا۔ ایک دیگر میچ میں اوساسونا نے بارسلونا کو ایک۔۲؍سے شکست دی۔ بارسلونا کی اس شکست ہی سے ریئل میڈرڈ نے اگلا میچ کھیلے بغیر ہی خطاب کو یقینی بنا لیاتھا۔
 بارسلونا کو اپنے ہی میدان پر شکست برداشت کرنی پڑی۔ حالانکہ اوساسونا ۷۷؍منٹ کے بعد ۱۰؍کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل رہا تھا۔ اوساسونا کیلئے پہلا گول جوزے ارنائز نے ۱۵؍ ویں منٹ میں کیا۔ دوسرے ہاف میں بارسلونا کیلئے لیونل میسی نے فری کک پر ٹیم کیلئے برابری کا گول کیا۔ ۷۷؍ویں منٹ میں اوساسونا کے کھلاڑی اینرک گیلیگو کو ریفری نے فاؤل کرنے کی پاداش میں ریڈ کارڈ دکھاکر میدان سے باہر کردیا اور اس وقت بارسلونا کے پاس فتح کا اچھا موقع تھا لیکن اس نے گنوا دیا۔ انجری ٹائم میں اوساسونا کی جانب سے برتری کا گول رابرٹو ٹوریس نے اینرک باریا کی مدد سے کیا۔ اس گول نے کپتان لیونل میسی کے چہرے پر مزید مایوسی لادی۔ لالیگا میں ایک میچ راؤنڈ باقی ہے اور ۱۹؍جولائی کو لیگ کے سیزن کا خاتمہ ہوجائے گا اور ریئل میڈرڈ نیا چمپئن ہوگا۔ 
پوائنٹ ٹیبل کی پوزیشن 
ریئل میڈرڈ کی فتح اور بارسلونا کی جیت کے ساتھ لالیگا کے چمپئن کا سسپنس بالآخر ختم ہوگیا۔ ریئل میڈرڈ نے ٹاپ پوزیشن حاصل کی جبکہ دوسرے نمبرپر بارسلونا ہے۔ ان دونوں کے ساتھ ایٹلیٹیکو میڈرڈ اور سیو یلا فٹبال کلب چمپئن لیگ کے اگلے سیزن کیلئے براہ راست کوالیفائی ہوگئے۔ ویلا ریئل نے یوئیفا یوروپا لیگ کے اگلے سیزن کیلئے براہ راست کوالیفائی کیا جبکہ ریئل سوسائیڈکے یوروپا لیگ کا پلے آف کھیلنے کا امکان ہے۔ ایسپنیول کلب کا لیگ سے باہر ہونا طے ہے جبکہ لیگانیس اور میورکا اگلا میچ جیت کر ریلیگیشن سے بچ سکتے ہیں ۔ 
لیونل میسی نے کہا کہ بارسلونافٹبال کلب کی ٹیم کمزور ہے 
بارسلونافٹبال کلب کے تجربہ کار لیونل میسی نے ٹیم کو کمزور قرار دیتے ہوئے ہسپانوی فٹبال چمپئن لا لیگا کے ٹائٹل کا دفاع کرنے میں ناکام ہونے کے بعد برہمی کا اظہار کیا۔ ریئل میڈرڈ نے اسپین کی گھریلو فٹبال لیگ کا سرکردہ خطاب اپنے نام کرلیا۔ اس نے پچھلے۳؍ برسوں میں بارسلونا کے تسلط کو ختم کیا۔ میسی نے جمعرات کو ٹیم کو کمزور قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں چمپئن لیگ جیتنے کیلئے تیزی سے اپنی حکمت عملی تبدیل کرنی ہوگی۔ ریئل میڈرڈ نے ہسپانوی فٹبال چمپئن شپ لا لیگا کو جیتنے میں کامیابی حاصل کی جو پچھلے۳؍ برسوں میں پہلاخطاب تھا۔ریئل کی ٹیم کاچمپئن بننے سے پہلے اس کا فیصلہ بارسلونا کی اوساسونا سے۱۔۲؍کی شکست کے ساتھ ہو گیا تھا۔ میسی نے ایک ٹیلی ویژن انٹرویو میں کہا’’یہ میچ ہمارے پورے سال کی طرح رہا۔ ہم ایک غیر یقینی اور کمزور ٹیم رہے ہیں ۔‘‘ انہوں نے کہا ’’میڈرڈ نے تمام میچ جیت کر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن ہم نے انہیں چمپئن بننے میں بھی مدد کی۔ ہمیں اپنے کھیل کے طریقے اور کھلاڑیوں کی کارکردگی پر تنقید کرنی ہوگی۔‘‘ بارسلونا کو اس وقت ۲؍پوائنٹس کی برتری حاصل تھی جب لیگ کو کورونا وائرس کی وجہ سے روک دیا گیا تھا۔
زیدان نے خوشی کا اظہار کیا 
 ریئل میڈرڈ کے کوچ زین الدین زیدان نے ٹیم کی خطابی جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کوچ کی حیثیت سے آج کے دن اپنے بہترین دن میں سے ایک قرار دیا۔بطور کھلاڑی چمپئن لیگ اور ورلڈ کپ جیتنے والے زیدان نے کہا کہ میں چاہتا تھا کہ ہم خطابی جیت کا جشن اپنے شائقین کے ساتھ منائیں لیکن کورونا کے سبب احتیاطی پابندی کی وجہ سے یہ ممکن نہیں ہے تاہم مجھے یقین ہے کہ شائقین اور پرستار اپنی ٹیم کوخطاب جیتتے ہوئے دیکھ کر خوشی محسوس کررہے ہوں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK