Inquilab Logo

سوریہ میرے اچھے دوست ہیں، میں نے ان سے بہت کچھ سیکھا ہے:سرفراز

Updated: January 25, 2023, 4:01 PM IST | Mumbai

ہندوستانی ٹیم رواں سال سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے خلاف محدود اوورس کی سیریز کے بعدفروری میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنے جا رہی ہے۔

photo;INN
تصویر :آئی این این

  ہندوستانی ٹیم رواں سال سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے خلاف محدود اوورس کی سیریز  کے بعدفروری میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنے جا رہی ہے۔ سوریہ کمار یادو اور ایشان کشن کو اس سیریز میں پہلی بار ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سرفراز خان کو ایک بار پھر سلیکٹرس نے نظر انداز کر دیا ہے۔ سلیکٹرس کے اس فیصلے کے بعد سوشل میڈیا پر کئی مداحوں نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرفراز کے سامنے سوریہ کمار کو جگہ دینا بالکل غلط ہے۔
 اب سرفراز خان نے خود سوریہ کمار یادو پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سوریہ کمار کے ٹیم میں انتخاب پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ سرفراز اور سوریہ کمار دونوں اپنی ریاستی ٹیم ممبئی کیلئے طویل عرصے تک ایک ساتھ کھیل چکے ہیں اور سرفراز کا کہنا ہے کہ وہ سوریہ کمار کو ایک متاثر کن شخصیت سمجھتے ہیں۔
 سرفراز نے ایک رپورٹر کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا’’سوریہ میرے  بہت اچھے دوست ہیں، جب بھی ہم ایک ہی ٹیم میں ہوتے ہیں، ہم ایک ساتھ کافی وقت گزارتے ہیں، میں نے ان سے بہت کچھ سیکھا ہے۔ ہاں انہیں انتظار کرنا پڑا، لیکن اب وہ اپنے تجربے کو بہت اچھے طریقے سے استعمال کر رہے ہیں۔‘‘
 اپنی تیاری اور کھیل کے حوالے سے اپنے نقطہ نظر کے بارے میں بات چیت کرتے ہوئے سرفراز نے کہا’’میں صرف محنت پر توجہ دیتا ہوں۔ میں زیادہ سے زیادہ محنت کرنے پر یقین رکھتا ہوں۔ میں جو کچھ بھی کر رہا ہوں، میں اپنا سب کچھ دیتا ہوں۔ میں جو کچھ پچھلے چند برسوں سے کر رہا ہوں اسے دُہرانے کی کوشش کرتاہوں۔میں بہت مشق کرتا ہوں۔‘‘
 قابل ذکر بات یہ ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں سرفراز کو موقع نہ دینے پر بہت سے شائقین نے سوالات اٹھائے تھے جب کہ ہندوستانی تجربہ کار کرکٹر سنیل گاوسکر نے بھی سرفراز کی حمایت کی تھی۔ ساتھ ہی سرفراز کی فٹنیس پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، جس پر گاوسکر نے کہا کہ  اگر آپ صرف پتلے اور تراشے ہوئے لوگوں کی تلاش میں ہیں تو آپ فیشن شو میں جائیں اور کچھ ماڈلز کو منتخب کریں اور پھر ان کے ہاتھ میں بیٹ اور گیند دیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK