امسال سلمان خان کی فلم ’بیٹل آف گلوان‘ اور شاہ رخ خان کی فلم ’کنگ‘ ریلیز ہوگی۔ سال کا آغاز آنجہانی دھرمیندر کی فلم ’اکیس ‘ سے ہوگیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی کئی بایو پک بھی پردۂ سیمیں کی زینت بنیں گی۔
EPAPER
Updated: January 04, 2026, 12:39 PM IST | Abdul Karim Qasim Ali | Mumbai
امسال سلمان خان کی فلم ’بیٹل آف گلوان‘ اور شاہ رخ خان کی فلم ’کنگ‘ ریلیز ہوگی۔ سال کا آغاز آنجہانی دھرمیندر کی فلم ’اکیس ‘ سے ہوگیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی کئی بایو پک بھی پردۂ سیمیں کی زینت بنیں گی۔
بالی ووڈ کیلئے فلم ’دُھرندھر‘ کی کامیابی کے ساتھ ہی ۲۰۲۵ء ختم ہوا۔ امسال بھی فلم انڈسٹری امید کررہی ہو گی کہ ۲۰۲۶ء کامیابی سے پُر رہے۔ اس سال خان صاحبان کی فلمیں بھی ریلیز ہوں گی اور امید ہے کہ وہ ہٹ بھی رہیں گی۔ سال گزشتہ سلمان خان کی سکندر بری طرح ناکام رہی تھی لیکن اس سال ا ن کی بیٹل آف گلوان ریلیز ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی شاہ رخ خان کی فلم کنگ بھی ریلیز ہوگی جس میں ان کی بیٹی سہانا خان اہم کردار میں ہوں گی۔ دوسری طرف ۲۰۲۶ء میں سیکوئل فلموں کی بھی لمبی قطارہے۔ ان میں ویب شو بھی شامل ہو ں گے۔ ہندی فلموں کےساتھ ہی جنوبی ہند کی فلمیں بھی بالی ووڈ کے دروازے پر دستک دیں گی۔ ملاحظہ کریں چند اہم فلموں کے بارے میں کچھ اہم معلومات۔
جنوری
فلم ’اکیس ‘ سے بالی ووڈکے سال نو کا آغاز ہوگا۔ یہ فلم یکم جنوری کو ریلیز ہوگئی ہے۔ یہ آنجہانی دھرمیندر کی آخری بالی ووڈ فلم ہے۔ اس فلم کے ساتھ ہی امیتابھ بچن کے نواسے اگستیانندا نے بالی ووڈ میں قدم رکھا ہے۔ اس میں جے دیپ اہلاوت کا مرکزی کردار ہے۔ ۱۶؍ جنوری کو ۴؍فلمیں ریلیز ہوں گی جن میں عامر خان پروڈکشن کی فلم ’ہیپی پٹیل: خطرناک جاسوس ‘ ہے۔ اس میں ویر داس اور مونا سنگھ اہم کردار میں ہیں۔ یہ فلم ویرداس ہی نے ڈائریکٹ کی ہے جس کا ٹریلر پچھلے سال جاری کیا گیا تھا۔ اسی دن راہو کیتو، ہیومن کوکین، وَن ٹو چا چاچا اور جاوید جعفری کی فلم مایا سبھا ریلیز ہو ں گی۔ ۲۳؍جنوری کوجنگی ڈرامہ فلم ’بارڈر ۲‘ ریلیز ہوگی۔ یہ فلم بارڈر کا سیکوئل ہے لیکن اس میں اکشے کھنہ اور سنیل شیٹی نظرنہیں آئیں گے بلکہ کیمیو کی حیثیت سے فلم میں کام کریں گے۔ اس فلم میں سنی دیول نے اپنے حب الوطنی کے جذبے کو زبردست انداز میں ظاہر کیاہے۔
فروری
فروری کا آغاز ’ودھ ۲‘، ’بھابھی جی گھر پر ہیں :فن آن دی رن‘ اور ’ہانٹیڈ تھری ڈی‘ سے ہوگا۔ یہ سبھی فلمیں ۶؍فروری کو ریلیز ہوں گی۔ ’بھابھی جی گھر پر ہیں ‘ مشہور ٹی وی شو ہے جسے اب فیچر فلم کی شکل دے دی گئی ہے۔ اس میں آصف شیخ اور شبھانگی اترے مرکزی کردار میں ہوں گی۔ وکرم بھٹ کی فلم ’ہانٹیڈ‘ بھی نئی کہانی کے ساتھ شائقین کے سامنے پیش کی جائے گی۔ ۱۳؍فروری کو’تو یا میں ‘ اور’او رومیو‘ ریلیز ہوگی۔ اولذکر چھوٹے بجٹ اور چھوٹی کاسٹ کی فلم ہے جبکہ’او رومیو ‘میں شاہد کپور، نانا پاٹیکر، ترپتی ڈمری اور اویناش تیواری مرکزی کردارمیں ہیں۔ یہ فلم وشال بھاردواج کی ہے۔ فروری کی ۲۰؍ تاریخ کو ’دو دیوانے شہر میں ‘ اور ۲۷؍ تاریخ کو’ مردانی ۳‘ ریلیز ہوگی۔ ’دو دیوانے شہر میں ‘میں سدھانت چترویدی اور مرونال ٹھاکر مرکزی کردار میں ہیں۔ یہ فلم بھنسالی پروڈکشن کی فلم ہے۔ ’مردانی ۳ ‘ رانی مکھرجی کی فلم مردانی کا سیکوئل ہے۔
مارچ
مارچ کا آغاز بھی بڑی اسٹار کاسٹ کی فلم ’پتی پتنی اور وہ دو‘ سے ہوگا۔ بی آر اسٹوڈیوز کی اس فلم کو مدثر عزیز نے ڈائریکٹ کیاہے۔ اس میں آیوشمان کھرانہ، سارہ علی خان، وامیقا گبی اور رکول پریت سنگھ مرکزی کردار میں ہو ں گے۔ ۱۳؍مارچ کو سنی دیول کی سال کی دوسری فلم ’گبرو‘ ریلیز کی جائے گی۔ ۱۹؍ تاریخ کو ۳؍ بڑی فلمیں ریلیز ہو رہی ہیں جن میں سال ۲۰۲۵ء کی سب سے کامیاب فلم ’دُھرندھر‘ کا دوسرا حصہ بھی شامل ہے۔ اس کا مقابلہ سلمان خان کی فلم ’بیٹل آف گلوان ‘ سے ہوگاجوکہ ہند چین جنگ کی کہانی پر مبنی جنگی ڈراما فلم ہے۔ ان دو فلموں کے ساتھ جنوبی ہند کے اداکار ادیوی سیش اور مرونال ٹھاکر کی فلم ’ڈکیت ‘ بھی ۱۹؍ مارچ کو ریلیز ہوگی۔ دراصل وہ عید کا موقع ہوگا اور سبھی جانتے ہیں کہ سلما ن خان عید کے موقع پر اپنی ایک فلم ضرور ریلیز کرتے ہیں۔ اس لئے ۱۹؍ مارچ کو زبردست مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔
اپریل، مئی اور جون
اپریل، مئی اورجون یہ اسکول کے تعطیلات کے مہینے ہوتے ہیں۔ حالانکہ جون میں بارش کی وجہ سے زیادہ فلمیں ریلیز نہیں ہوتی ہیں۔ اپریل اور مئی میں آئی پی ایل کی وجہ سے رات کے شوز متاثر ہوتے ہیں اس لئےبڑی فلموں کی ریلیز نہیں ہوپاتی۔ ۲؍اپریل کو اکشے کمار اور تبو کی فلم ’بھوت بنگلہ‘‘ ریلیز ہوگی۔ پریہ درشن کی اس فلم میں پریش راول اور وامیقا گبی بھی اہم کردار میں نظرآئیں گے۔ ۳؍اپریل کو عمران ہاشمی اور دشا پٹانی کی فلم ’آوارہ پن ۲‘ ریلیز ہوگی جوکہ وشیش فلمز کی فلم ’آوارہ پن‘ کا دوسرا حصہ ہے۔ ۱۴؍ اپریل کو امتیاز علی کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ریلیز ہوگی اس فلم کا نام ابھی تک طے نہیں کیا گیا ہے۔ اس فلم میں دلجیت دوسانجھ، نصیر الدین شاہ اور شروری واگھ مرکزی کردار میں نظر آئیں گے۔ اپریل میں ریلیز ہونے والی آخری فلم’ الفا‘ ہوگی جوکہ یش راج فلمز کی اسپائی یونیورس کی فلم ہے۔ اس میں عالیہ بھٹ، شروری واگھ، انل کپور اور بابی دیول اہم کردارمیں نظرآئیں گے۔ یکم مئی مہاراشٹر ڈے کے موقع پر رتیش دیشمکھ کی ہدایتکاری میں بننے والی ملٹی اسٹارر فلم ’راجا شیواجی‘ ریلیز ہوگی جس میں رتیش دیشمکھ، سنجے دت، ابھیشیک بچن، مہیش مانجریکر، بھاگیہ شری، فردین خان، امول گپتے اور جینیلا دیشمکھ شامل ہیں۔ مئی میں دوسری فلم سدھارتھ ملہوترا کی ’وَن : فورس آف دی فاریسٹ‘ ہے۔ اس میں تمنا بھاٹیہ اور سنیل گروور ہیں۔ جون میں صرف ایک فلم ہے’ جوانی تو عشق ہونا‘ ہے۔ یہ ڈیوڈ دھون کی فلم ہے جس میں ورون دھون، مرونال ٹھاکراور جمی شیرگل اہم کردار میں ہوں گے۔
جولائی، اگست اور ستمبر
جولائی، اگست اور ستمبر میں بڑی فلمیں ریلیز نہیں ہوتی ہیں۔ یہ بارش کے مہینے ہوتے ہیں اور اسکول اورکالج بھی جاری رہتے ہیں، اس لئے کوئی بھی بڑا ہدایتکار یا فلمساز اس دوران اپنی فلمیں ریلیز نہیں کرتا۔ جولائی میں فلم ’سائیڈ ہیروز‘ اور اگست میں کارتک آرین فلم’ ناگزیلا‘ ریلیز ہوگی۔ اس کے علاوہ چھوٹی چھوٹی فلمیں بھی ریلیز ہوں گی۔ اس کے ساتھ ہی ۲۰۲۶ء میں بہت سی بایو پک بھی ریلیز ہونے والی ہیں۔ سردار ولبھ بھائی پٹیل کی زندگی پر مبنی فلم ’دی مین آف اسٹیل‘ ہے، جنوبی ہند کے مشہور موسیقار الیا راجا کی بایو پک ’الیا راجا‘ ہے، مشہور ہدایتکار وی شانتا رام کی زندگی پر مبنی فلم ’شانتا رام‘ ہے۔ ایک اور نام ’مدھو بالا‘ ہے لیکن اس کے تعلق سے واضح اطلاعات نہیں ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ’برہماستر۲‘، ’ جاٹ ۲‘، ’ ہیرا پھیری ۴‘، ’کانتارا چیپٹر ۲‘ اور’ مرزا پور: دی مووی‘ وغیر ہ بھی ریلیز ہونے والی ہیں۔
اکتوبر، نومبراور دسمبر
۲؍اکتوبر گاندھی جینتی کے موقع پر اجے دیوگن کی فلم ’درشیم ۳ ‘ ریلیز ہوگی جس میں اجے دیوگن، تبو، شریا سرن اور رجت کپور اہم کردار میں ہوں گے۔ اکشے کھنہ نے اس فلم سے علاحدہ ہونے کا فیصلہ کیاہے۔ ۶؍نومبر کو ہدایتکار نتیش تیواری کی فلم ’رامائن پہلا حصہ‘ ریلیز ہوگی جس میں رنبیرکپور، سائی پلوی اور جنوبی ہند کے سپراسٹار یش نظر آئیں گے۔ دسمبر میں میڈوک فلمز کی شکتی شالینی ریلیز ہو گی جس میں انیت پڈا مرکزی کردار ادا کریں گی۔
ویب سیریز اور جنوبی ہند کی فلمیں
امسال ویب سیریز میں بھی سیکوئل کی تعداد زیادہ ہوگی۔ سنجے لیلا بھنسالی کی ویب سیریز ’ہیرا منڈی‘ کا دوسرا حصہ اسی سال ریلیز کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ’پنچایت‘ کا ۵؍واں حصہ بھی ریلیز کرنے توقع ہے۔ ’فیملی مین‘ کے سیزن ۴؍ کی ریلیز بھی متوقع ہے۔ انگریزی ویب سیریز بھی اس دوران ریلیز کی جائیں گی جن میں ’اسٹرینجر تھنگز‘ کا آخری حصہ بھی شامل ہے۔ ’دی بوائز‘ کا فائنل سیزن بھی پیش کیا جائے گا۔ ’یوفوریا‘ کا تیسرا حصہ بھی امسال شائقین کیلئے پیش کیا جائے گا۔ جنوبی ہند کی فلموں میں سب سے اہم فلم سپر اسٹار یش کی ہے۔ فلم ’ٹاکسک ‘عید کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔ اس تاریخ کو سلمان خان کی فلم اور ’دُھرندھر‘‘کا دوسرا حصہ بھی ریلیز کیا جانے والا ہے۔ اس کے علاوہ پربھاس کی فلم ’کالکی‘ کا دوسرا حصہ بھی اسی دوران ریلیز کیا جائے گا۔ بہت ممکن ہے کہ عامر خان کی فلم ’لاہور۱۹۴۷‘ بھی اسی سال ریلیز ہو۔
خان صاحبان کی فلموں پر فلم شائقین کی نظر
۲۰۲۶ء میں سلمان خان کی فلم ’بیٹل آف گلوان‘ریلیز ہوگی۔ اس فلم کے ہدایتکار اپوروا لاکھیا ہیں اور اس فلم میں چترانگدا سنگھ نے بھی اہم کردار نبھایا ہے۔ یہ ایک جنگی ڈراما ہے جو ہند چین جنگ ۲۰۰۰ء کی کہانی بیان کرتی ہے۔ شا ہ رخ خان کی فلم ’کنگ‘ بھی اسی سال ریلیز ہوگی لیکن اب تک اس کی تاریخ طے نہیں ہے۔ یہ فلم دسمبر میں ریلیز ہوسکتی ہے، ابھی تک اس فلم کے تعلق سے معلومات خفیہ رکھی گئی ہیں۔ عامر خان راجکمار ہیرانی کے ساتھ فلم میں کام کررہے ہیں لیکن اس کے بارے میں زیادہ معلومات کسی کے پاس نہیں ہیں۔