Inquilab Logo

آج سے ہندوستان کی ہاکی ٹیم کی آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز

Updated: April 06, 2024, 11:20 AM IST | Agency | New Delhi

ہرمن پریت کی قیادت والی ہندوستانی مرد ہاکی ٹیم سنیچر سے پرتھ میں شروع ہونے والی ۵؍ میچوں کی ٹیسٹ سیریز جیت کر ایک دہائی کی خشک سالی کو ختم کرنے کے ارادے سے اترے گی۔ 

Harmanpreet Singh. Photo: INN
ہرمن پریت سنگھ۔ تصویر : آئی این این

ہرمن پریت کی قیادت والی ہندوستانی مرد ہاکی ٹیم سنیچر سے پرتھ میں شروع ہونے والی ۵؍ میچوں کی ٹیسٹ سیریز جیت کر ایک دہائی کی خشک سالی کو ختم کرنے کے ارادے سے اترے گی۔ 
 سیریز کا پہلا میچ۶؍ اپریل کو پرتھ میں کھیلا جائے گا۔ دوسرا میچ۷، تیسرا۱۰، چوتھا۱۲؍ اور پانچواں میچ ۱۳؍ اپریل کو کھیلا جائے گا۔ پیرس اولمپکس کی تیاریوں کے پیش نظر اس سیریز کو اہم سمجھا جا رہا ہے۔ ہندوستانی ٹیم کا مقصد آسٹریلیا کو ٹیسٹ سیریز میں شکست دے کر ایک دہائی سے جاری خشک سالی کو ختم کرنا ہے۔ ہندوستان نے اس سے قبل۲۰۱۴ء میں آسٹریلیا کے خلاف اسی کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز جیتی تھی۔ 
 اعداد و شمار کے مطابق ہندوستانی ہاکی ٹیم اور آسٹریلیا کے درمیان۲۰۱۳ء سے اب تک کل۴۳؍ مقابلے ہوئے ہیں۔ ان مقابلوں میں آسٹریلیا نے ۲۸؍مرتبہ کامیابی حاصل کی ہے جب کہ ہندوستان نے ۸؍ میچ جیتے ہیں۔ ۷؍ میچ ڈرا پر ختم ہوئے۔ موجودہ عالمی درجہ بندی میں ہندوستان چوتھے اور آسٹریلیا ۵؍ویں نمبر پر ہے۔ 
 ہندوستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ کریگ فلٹن نے اس دورے کو اہم قرار دیتے ہوئے کہاکہ یہ سیریز پیرس اولمپکس سے قبل ہماری ٹیم کی تیاریوں کیلئے ایک لٹمس ٹیسٹ کے طور پر کام کرتی ہے۔ ہمارا مقصد اپنی حکمت عملیوں کو بہتر بنانا اور بہتری کے شعبوں کی نشاندہی کرنا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ہم میگا ایونٹ کیلئے بہترین فارم میں ہیں۔ ہماری توجہ اپنے گیم پلان کو مؤثر طریقے سے انجام دینے اور آسٹریلوی ٹیم کی جانب سے پیش کئے گئے چیلنجز سے نمٹنے پر مرکوز رہے گی۔ 
 کپتان ہرمن پریت سنگھ نے کہاکہ ’’ہم آگے چیلنج کیلئے تیار ہیں۔ ہر میچ ہمارے لئے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے اور اپنے ملک کا سر فخر سے بلند کرنے کا موقع ہوتا ہے۔ ہم آسٹریلیا کی جانب سے پیش کئے جانے والے سخت مقابلے سے واقف ہیں۔ ہمیں اپنی صلاحیتوں اور اپنی تیاریوں پر یقین ہے۔ ایک ٹیم کے طور پر متحد ہوکر میدان میں اپنی بہترین کارکردگی پیش کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ ہمارا مقصد نہ صرف اس سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہے بلکہ ایک ٹیم کے طور پر سیکھنا اور آگے بڑھنا بھی ہے اور یہی پیرس اولمپکس میں ہماری مہم کی بنیاد ہوگی۔ ‘‘آسٹریلیا پیرس اولمپکس میں ہندوستان کی طرح گروپ بی میں ہے، اس لئے داؤ پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گیا ہے۔ ٹیسٹ سیریز دونوں ٹیموں کوپیرس میں ہونے والے فائنل مقابلے سے قبل ایک دوسرے کی طاقت اور کمزوریوں کو جانچنے کا بہترین پلیٹ فارم ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK