Inquilab Logo

کرکٹ ورلڈ کپ فائنل میں جیتنے والی ٹیم کو۴؍ ملین ڈالر کی رقم ملے گی

Updated: November 17, 2023, 9:48 PM IST | Ahmedabad

آئی سی سی مردوں کے کرکٹ ورلڈ کپ۲۰۲۳ء کی فاتح ٹیم کو۴۰؍ لاکھ امریکی ڈالر اور رنر اپ ٹیم کو۲۰؍ لاکھ امریکی ڈالر کی انعامی رقم ملے گی

Pat Cummins and Rohit Sharma. Photo:INN
پیٹ کمنس اور روہت شرما۔ (تصویر:آئی این این)

آئی سی سی مردوں کے کرکٹ ورلڈ کپ۲۰۲۳ء کی فاتح ٹیم کو۴۰؍ لاکھ امریکی ڈالر اور رنر اپ ٹیم کو۲۰؍ لاکھ امریکی ڈالر کی انعامی رقم ملے گی۔ ساتھ ہی ہر گروپ مرحلے کی جیت کیلئے ۴۰؍  ہزار ڈالر مقرر کئے  گئے ہیں۔ ہندوستان اور آسٹریلیا دونوں ٹیمیں فائنل میچ گجرات کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلیں گی۔ گروپ مرحلے میں ایک بار دونوں کے درمیان میچ ہوا تھا جس میں ہندوستان نے کامیابی حاصل کی تھی۔ ہندوستان اپنے تمام ۹؍ میچ جیتنے کے بعد زیادہ سے زیادہ۱۸؍ پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے۔ ہندوستان کا۲ء۵۷۰؍ کا نیٹ رن ریٹ گروپ مرحلے میں سب سے بہتر رہا ہے۔
جوہانسبرگ میں۲۰۰۳ء کا فائنل آسٹریلیا نے میزبان ٹیم کو۱۲۵؍ رن سے شکست دے کر جیتا تھا۔ دنیا کے سب سے بڑے اسٹیڈیم میں اتوار کو ہونے والا تاریخی فائنل دیکھنے کیلئے ایک لاکھ سے زائد شائقین کی آمد متوقع ہے۔ اسٹیڈیم۲۰۲۱ ءمیں مکمل ہوا اور اس کی گنجائش  ایک لاکھ۳۲؍ ہزار ہے۔ ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ ۵؍ اکتوبر کو اسٹیڈیم میں کھیلا گیا اور۱۴؍اکتوبر کو ہندوستان اور پاکستان کے درمیان میچ کھیلا گیا جس میں میزبان ٹیم نے کامیابی حاصل کی۔ میزبان ٹیم انڈیا کا مقصد۱۲؍ سال قبل ۲۰۱۱ء میں آئی سی سی کے فائنل میچ کی جیت کو دہرانا ہے۔ آسٹریلیا نے اپنی تاریخ میں سب سے زیادہ بار آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ جیتا ہے۔
 اگر اتوار کو ہونے والا میچ بارش کی وجہ سے متاثر ہوا اور کوئی نتیجہ نہ نکلا تو میچ ریزرو ڈے پر کھیلا جائے گا۔ ہندوستانی ٹیم اس ٹورنامنٹ میں زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے اور اس نے گروپ مرحلے میں اپنے تمام ۹؍ میچ جیتے ہیں اور اس ٹورنامنٹ میں یہ کارنامہ انجام دینے والی واحد ٹیم ہے۔ ہندوستان نے ۱۵؍ نومبر کو ہونے والے سیمی فائنل میچ میں نیوزی لینڈ کو ۷۰؍رن سے شکست دے کر فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا ہے۔ آسٹریلیا نے اپنے ابتدائی میچوں میں ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے ہاتھوں شکست کے بعد واپسی کی ہے۔ اس کے بعد اس نے ۹؍ میں سے ۷؍ میچ جیتے اور ۱۴؍ پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔ دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو سنسنی خیز میچ کے بعد ۳؍ وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK