Inquilab Logo

چوٹی کی ٹیموں دہلی اور ممبئی کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع

Updated: October 11, 2020, 1:31 PM IST | Agency | Abu Dhabi

آئی پی ایل میں ٹاپ پر پہنچنے کے بعد دونوں ٹیموں کے حوصلے بلند۔ دونوں کے ٹاپ آرڈر پر سبھی کی نظر

Rohit Sharma - Pic : INN
روہت شرما ۔ تصویر : آئی این این

آئی پی ایل۱۳؍  میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرنے والی پوائنٹ ٹیبل میں چوٹی کی ۲؍ ٹیموں دہلی  کیپٹلس اور ممبئی انڈینس کے بیچ اتوارکومداحوں کو آئی پی ایل مقابلے میں زبردست مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔ 
 دہلی اور ممبئی نے اپنے پچھلے مقابلے جیتے ہیں۔ ممبئی نے راجستھان رائلز کو۵۷؍ رن سے اور دہلی نے بھی راجستھان کو۴۶؍رن سے شکست دی۔ دہلی  ۶؍ میچوں میں ۵؍ جیت اور ایک شکست کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں  سرفہرست ہے جبکہ ممبئی ۶؍ میچوں میں ۴؍ جیت اور ۲؍ شکست کے ساتھ ۸؍ پوائنٹس کے ساتھ  دوسرے نمبر پرہے۔
 دہلی نے اب تک ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور صرف ایک میچ میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ دوسری جانب ممبئی نے سیزن کا پہلا میچ ہارنے کے بعد   شاندار مقابلہ کرتے ہوئے اپنا فارم حاصل کیا تھا۔ دونوں ٹیموں کے بیچ  اتوار کوزبردست مقابلہ دیکھنے کو ملے گا  جہاں ممبئی اور دہلی کے کھلاڑی  اپنی شاندار کامیابی کا مظاہرہ کریں گے۔دہلی نےآئی پی ایل میں اپنا پہلا خطاب حاصل کرنے کےارادے سے آئی پی ایل میں مضبوط آغاز کیا ہے جبکہ دفاعی چمپئن ممبئی نے اب تک خطاب کا دفاع کرتے ہوئے شاندار  کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ دونوں ٹیمیں بلے بازی اور گیندبازی میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہیں۔
 دہلی کی طرف سے جہاں  اس کے سلامی بلے باز شکھر دھون اور پرتھوی شا اسے اچھی شروعات دلا رہے ہیں۔ خاص طور پر ٹیم کے سب سے مضبوط کھلاڑی پرتھوی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں حالانکہ یہ جوڑی راجستھان کے خلاف بڑی شراکت قائم کرنے میں ناکام رہی تھی لیکن پچھلے ریکارڈس کی بنیاد پر  یہ سلامی جوڑی ممبئی کیلئے  پریشانی کا سبب بن سکتی ہے۔
 کپتان شریس ایّر  بھی کولکاتا نائٹ رائیڈرس کے خلاف اپنی  شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرچکے ہیں  ایسے میں روہت شرما کی سربراہی میں ممبئی کو دہلی کے ٹاپ آرڈر کو جلد ہی نمٹانے کے بارے میں  سوچنا ہوگا۔ مڈل آرڈر میں مارکس اسٹوئنس ، شیمرون ہتمائر اور رشبھ پنت جیسے  اہم کھلاڑی موجود ہیں جو آخری اوورس میں ٹیم کو برتری دلاسکتے ہیں  تاہم ، پنت کو اپنی ذمہ داری کو بخوبی نبھانے کی ضرورت ہے۔دہلی کے تیزگیندبازکگیسو ربادا  پر ٹیم کی امیدیں ٹکی رہیں گی کہ وہ ممبئی کے بلے بازوں پر لگام کسے۔ربادا نے راجستھان کے خلاف ۳۵؍ رن دے کر ۳؍ وکٹ  لئے تھے اور اس آئی پی ایل میں وہ ۶؍ میچوں میں۱۵؍ وکٹ لے کر سب سے آگے   ہیں۔
 ممبئی کی بلے بازی ان کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ کوئنٹن ڈی کاک ، روہت اور سوریا کمار یادو نے راجستھان کے خلاف تیز اننگز کھیلی  تھی۔ آخری اوورس میں ، آل راؤنڈر کیرون پولارڈ اور ہاردک پانڈیا  جارحانہ بلے بازی کر کے اسکور کو مضبوطی دے رہے ہیں ۔ پولارڈ اور پانڈیا کو روکنا دہلی کے لئے سب سے بڑا چیلنج ہوگا۔ممبئی کے پاس جسپریت بُمراہ ، ٹرینٹ بولٹ اور جیمس پیٹنسن کی شکل میں ۳؍ اچھے   گیندباز ہیں جو دہلی کے سامنے پریشانی کا سبب بن سکتے ہیں۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK