Inquilab Logo

ٹکر کی کوشش رائیگاں،آسٹریلیا نے آئر لینڈ کو ہرادیا

Updated: November 01, 2022, 1:10 PM IST | Agency | Brisbane

آئرش بلے باز لارکن ٹکر کے علاوہ دیگر بلے باز فلاپ،کنگارو ٹیم نے ۴۲؍رنوں سے کامیابی حاصل کی،ایرون فنچ کی شاندار ہاف سنچری

Ireland batsman Larkin Tucker played an innings of 71 not out..Picture:INN
آئر لینڈ کے بلے باز لارکن ٹکر نے ناٹ آؤٹ ۷۱؍رنوں کی اننگز کھیلی۔۔ تصویر:آئی این این

آسٹریلیا نے  لارکن ٹکر (۷۱؍ناٹ آؤٹ) کی جارحانہ نصف سنچری کے باوجود  ٹی ۔۲۰؍ورلڈ کپ کے سپر۔۱۲؍میچ میں پیر کو آئرلینڈ کو ۴۲؍رنوں سے شکست دے دی۔ گروپ ون کے میچ میں آسٹریلیا نے آئرلینڈ کو ۱۸۰؍رنوں کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں آئرلینڈ کی ٹیم۱۸ء۱؍اووروں میں ۱۳۷؍رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔ آسٹریلیا کو ۲۰؍اووروں  میں ۱۷۹؍رنوں تک پہنچانے کیلئے ایرون فنچ نے ۴۴؍گیندوں میں ۵؍ چوکوں اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے ۶۳؍ رن بنا ئے  جبکہ اسٹونیس نے ۲۵؍گیندوں میں ۳؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۳۵؍رنوں کی اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ مچل مارش نے بھی ۲۸؍ رنوں کا تعاون دیا۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے آئرش  کے دیگر بلے باز  ۲۰؍رن کے انفرادی اسکور تک بھی نہ پہنچ سکے  وہیں ٹکر نے یک طرفہ کوشش سے آئرلینڈ کی امیدوں کو زندہ رکھا۔ تیسرے نمبر پر بلے بازی کیلئے آنے والے ٹکر نے ۴۸؍گیندوں پر ۹؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آؤٹ  ۷۱؍رن بنائے لیکن انہیں کسی کا ساتھ  نہیں ملا اور آئرلینڈ ہدف سے ۴۲؍ رن دور رہ گئی۔اس جیت کے ساتھ ہی آسٹریلیا گروپ ون  میں دوسرے نمبر پر چلا گیا ہے جبکہ آئرلینڈ چوتھی پوزیشن پر ہے۔ آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر  گیندبازی  کا فیصلہ کیا اور اوپنر ڈیوڈ وارنر کو صرف ۳؍ رن پر پویلین بھیج دیا۔ فنچ نے پھر اننگز کو آگے بڑھایا اور مارش کے ساتھ ۵۲؍رنوں کی شراکت داری  نبھائی۔ بیری میکارتھی (۲۹؍پر ۳؍وکٹ) نے مارش کو آؤٹ کرکے شراکت کو توڑا، جبکہ جوشوا لٹل (۲۱؍پر ۲؍وکٹ) نے گلین میکسویل کو ۱۳؍ رن  پر آؤٹ کرکے آسٹریلیا کو تیسرا  جھٹکا دیا۔اس کے بعد وکٹ پر آنے والے اسٹوئنس نے فنچ کے ساتھ نصف سنچری شراکت داری کرکے آسٹریلیا کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔ آخر میں ٹم ڈیوڈ (۱۵؍ناٹ آؤٹ) اور میتھیو ویڈ (۷؍ناٹ آؤٹ) نے آخری اوور میں ۱۷؍رن  جوڑ کر آسٹریلیا کو۵؍وکٹوں کے نقصان پر ۱۷۹؍رنوںتک پہنچا دیا۔ ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈ کا آغاز بہت ہی خراب رہا اور اس  نے ۲۵؍رن  پر ۵ھ وکٹیں گنوا دیں۔ ٹکر وکٹ پر موجود رہے لیکن دیگر بلے بازوں کے پاس آسٹریلیائی  گیندبازی کا کوئی جواب نہیں تھا۔ آئرلینڈ کے ۷؍ بلے باز اپنا اسکور دوہرے ہندسے تک بھی نہیں پہنچا سکے جبکہ ۲؍ کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے۔ ٹکر کے ۷۱؍کے مقابلے میں دیگر ۱۰؍کھلاڑیوں نے صرف ۵۸؍رن بنائے۔آسٹریلیا کی جانب سے میکسویل، مچل اسٹارک، ایڈم زمپا اور پیٹ کمنز نے ۲۔۲؍ وکٹیں حاصل کیں جبکہ مارکس اسٹوئنس نے ایک  بلے باز کو آؤٹ کیا۔ آئرلینڈ کے خلاف ملنے والی اس شاندار فتح کیساتھ ہی آسٹریلیا نے سیمی فائنل پہنچنے  کی اپنی  امیدوں کو برقرار رکھا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK