بھوٹان میں انٹرنیشنل چمپئن شپ کے فائنل میں نیپال کو۵؍پوائنٹس سے شکست، عرشیہ اور شازیہ انعامدار کی شاندار کارکردگی، گاؤں اہیرواڑی کا نام روشن کیا۔
EPAPER
Updated: October 20, 2026, 11:01 AM IST | Saadat Khan | Mumbai
بھوٹان میں انٹرنیشنل چمپئن شپ کے فائنل میں نیپال کو۵؍پوائنٹس سے شکست، عرشیہ اور شازیہ انعامدار کی شاندار کارکردگی، گاؤں اہیرواڑی کا نام روشن کیا۔
جنوبی شولاپور کے ایک چھوٹے سے گاؤں اہیرواڑی کی دو ہونہار بہنوں عرشیہ اور شازیہ مخدوم انعامدار نے ایشین ڈائریکٹ والی بال انٹرنیشنل چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم کو کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ بھوٹان میں منعقدہ اس مقابلے کے فائنل میں ہندوستان نے نیپال کو۱۰؍ کے مقابلے میں۱۵؍پوائنٹس سے شکست دیکر خطاب اپنے نام کیا۔لڑکیوں کی ۸؍رکنی ہندوستانی ٹیم میں مہاراشٹر کی ۳؍ کھلاڑی تھیں جن میں عرشیہ اور شازیہ انعامدار کا تعلق شولاپور سے ہے۔ بھوٹان میں ہندوستانی ٹیم کا پہلا مقابلہ سری لنکا، دوسرا تھائی لینڈ اور تیسرا بھوٹان سے ہوا۔ ان تینوں مقابلوں میں کامیابی کے بعد نیپال کے خلاف فائنل انتہائی دلچسپ رہا۔ ہندوستانی کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۵؍پوائنٹس کے فرق سے کامیابی اور ٹورنامنٹ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔
یہ بھی پڑھئے:ٹائیگر شروف فائرنگ معاملہ: کوٹا سے ۳؍ مشتبہ افراد گرفتار
عرشیہ اور شازیہ تیسری جماعت سے والی بال کھیل رہی ہیں۔ اسکول اور کالج کی سطح کے مقابلوں کے علاوہ دونوں بہنیں بین ریاستی اور قومی سطح کے میچوں میں بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرچکی ہیں۔ بھوٹان میں منعقدہ بین الاقوامی چیمپئن شپ سے قبل وہ چھترپتی سمبھاجی نگر (اورنگ آباد)، جلگاؤں، جالنہ، عثمان آباد، احمد نگر، پونے، لاتور، شولاپور، پربھنی، ممبئی، احمد آباد اور بھوپال سمیت کئی شہروں میں ہونے والے مقابلوں میں حصہ لے چکی ہیں۔ آندھرا پردیش، مدھیہ پردیش اور راجستھان میں بھی انہوں نے اپنی کارکردگی سے توجہ حاصل کی۔ کھیل میں عمدہ مظاہرے پر دونوں بہنوں کو متعدد ایوارڈس سے بھی نوازا جاچکا ہے۔ دونوں بہنیں اپنے کھیل کے ذریعہ ملک اور اپنے گاؤں کا نام روشن کرنا چاہتی ہیں۔ تعلیم کے میدان میں بھی انہوں نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اہیرواڑی کے ضلع پریشد اردو اسکول سے ساتویں جماعت تک تعلیم کے بعد دونوں نے عثمانیہ اردو ہائی اسکول، شولاپور سے ایس ایس سی اور بیگم گرلز جونیئر کالج، شولاپور سے ایچ ایس سی کا امتحان پاس کیا۔ عرشیہ نے امسال کلیان شیٹی مہاودیالیہ، اکل کوٹ سے بی اے مکمل کیا جبکہ شازیہ نے ڈی ایچ بی سونی کالج، شولاپور سے بیچلر آف کمپیوٹر ایپلی کیشنز کیاہے۔