Inquilab Logo

انڈر ۱۹؍ورلڈ کپ: آسٹریلیا ۱۴؍سال بعد چمپئن بنا

Updated: February 12, 2024, 1:19 PM IST | Agency | Benoni

فائنل میں ہندوستان کی ٹیم کو ۷۹؍رن سے شکست دے دی۔ آسٹریلوی ٹیم کے گیندبازوں نے شاندار مظاہرہ کیا۔ ماہلی مین آف دی میچ رہے۔

Photo: INN
تصویر : آئی این این

اتوار کو آسٹریلیا نے فائنل میں ہندوستان کو شکست دے کر انڈر۱۹؍ ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیت لیا ہے۔ آسٹریلیا کی ٹیم چوتھی بار چمپئن بن گئی ہے۔ اس سے قبل آسٹریلیا نے ۱۹۸۸ء، ۲۰۰۲ء اور۲۰۱۰ء میں ٹرافی اپنے نام کی تھی۔ انڈر۱۹؍ ورلڈ کپ میں ہندوستان کے بعد آسٹریلیا دوسری کامیاب ٹیم ہے۔ ہندوستان نے ۵؍ بار خطاب جیتا ہے۔ ٹائٹل میچ میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ۵۰؍ اوورس میں ۷؍ وکٹ کے نقصان پر۲۵۳؍ رن بنائے۔ جواب میں ہندوستانی ٹیم وقفے وقفے سے وکٹ گنواتی رہی اور میچ۷۹؍ رن سے ہار گئی۔ ادئے سہارن کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم۴۳ء۵؍ اوور میں تمام وکٹیں گنوا کر صرف۱۷۴؍ رن بنا سکی۔ انڈر۱۹؍ ورلڈ کپ میں چوتھی بار ہندوستانی ٹیم کو فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ 
فائنل میں ۲۵۴؍ رن کے ہدف کا تعاقب کرنے آئی ہندوستانی ٹیم کی شروعات انتہائی خراب رہی۔ سیمی فائنل میچ کی طرح ٹائٹل میچ میں بھی ہندوستان کے ٹاپ آرڈر بلے بازوں نے مایوس کیا۔ اوپنر ارشین کلکرنی۶؍ گیندوں پر ۳؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد اچھے فارم میں نظر آنے والے مشیر خان۳۳؍ گیندوں پر ۲۲؍ رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ کپتان سہارن فائنل میں توقع کے مطابق نہیں کھیل سکے اور صرف۸؍ رن کا تعاون کیا۔ 
سیمی فائنل میں صرف ۴؍ رن سے سنچری بنانے سے محروم رہنے والے سچن دھاس صرف ۹؍ رن بنا سکے۔ پریانشو مولیا نے ۹؍ رن بنائے اور وکٹ کیپر اوینیش کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔ اوپنر آدرش سنگھ نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی لیکن وہ بھی۳۱؍ویں اوور میں پویلین لوٹ گئے۔ انہوں نے۷۷؍ گیندوں میں ۴۷؍ رن بنائے۔ راج لمبانی بھی کھاتہ نہیں کھول سکے۔ مروگن ابھیشیک نے۴۲؍ رن کی اننگز کھیل کر امید جگائی لیکن وہ بھی ۴۱؍ویں اوور میں پویلین لوٹ گئے۔ ٹام نے۴۴؍ویں اوور میں سومی پانڈے کو آؤٹ کر کے ہندوستان کی اننگز کا خاتمہ کیا۔ 
اس سے قبل ہرجس سنگھ کی۵۵؍ رن کی نصف سنچری اور اولیور پیک کے ناٹ آؤٹ ۴۶؍ رن کی مدد سے آسٹریلیا نے اتوار کو انڈر۱۹؍ ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں ہندوستان کو جیت کے لئے ۲۵۴؍ رن کا ہدف دیا ہے۔ 
 اتوارکو بینونی میں آسٹریلیا کے کپتان ہیو وائبگن نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کیلئے آنے والی آسٹریلیا کی شروعات خراب رہی اور اس نے تیسرے اوور میں صرف ۱۶؍رن کے اسکور پر سیم کونسٹاس (صفر) کی پہلی وکٹ گنوا دی۔ اس کے بعد ہیری ڈکسن اور کپتان ہیو وائبگن نے اننگز کو سنبھالا اور دوسری وکٹ کیلئے ۷۸؍ رن جوڑے۔ ہیو وائبگن نے۴۸؍ رن، ہیری ڈکسن نے۴۲؍ رن بنائے، ریان ہکس نے ۲۰؍رن بنائے، چارلی اینڈرسن نے۱۳؍ رن بنائے، ریف میک میل ۲؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے اور ہرجس سنگھ ۵۵؍رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ اولیور پیک۴۶؍ رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور ٹام اسٹرائیکر ۸؍رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلیا نے مقررہ ۵۰؍ اوور میں ۷؍ وکٹ پر۲۵۳؍ رن بنائے۔ 
ہندوستان کی جانب سے راج لمبانی نے ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ نمن تیواری نے۲؍وکٹ حاصل کئے۔ سومی پانڈے اور مشیر خان نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK