Inquilab Logo

کیا نوواک جوکو وچ کو امریکہ کی جانب سےیو ایس اوپن کھیلنے کی اجازت دی جائے گی؟

Updated: August 25, 2022, 12:19 PM IST | Agency | New York

کیا سربیا کے اسٹار ٹینس پلیئر نوواک جوکووچ یو ایس اوپن جیت کر مردوں کے سب سے زیادہ سنگلز مقابلے (گرینڈ سلیم ) جیتنے کا ریکارڈ برابرکر نے کیلئے اس مرتبہ یو ایس اوپن کھیل پائیں گے؟

Novak Djokovic .Picture:INN
نوواک جوکو وچ ۔ تصویر:آئی این این

کیا سربیا کے اسٹار ٹینس پلیئر نوواک جوکووچ یو ایس اوپن جیت کر مردوں کے سب سے زیادہ سنگلز  مقابلے (گرینڈ سلیم )  جیتنے کا  ریکارڈ برابرکر نے کیلئے  اس مرتبہ یو ایس اوپن کھیل پائیں گے؟ نوواک جوکو وچ ومبلڈن جیتنے کے بعد۲۱؍ بڑے ٹینس مقابلوں کے خطاب اپنے نام کر چکے ہیں لیکن کووڈکا ٹیکہ نہ لینے کے اپنے فیصلے کے بعد وہ رواں برس کچھ اہم ٹائٹل اپنے نام کرنے سے محروم رہ گئے۔۹؍ مرتبہ آسٹریلین اوپن چمپئن  نوواک جوکووچ اس مرتبہ میلبورن میں اپنے کھیل کا مظاہرہ نہیں کر پائے تھے اور وہ یو ایس اوپن میں بھی شرکت کرنے سے محروم رہے تھے تاہم انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ۲۹؍ اگست سے شروع ہونے والے گرینڈ سلیم کا حصہ ہوں گے۔ نوواک جوکو وچ کا نام  یو ایس اوپن کی انٹری لسٹ پر موجود ہے اور وہ پرامید بھی ہیں لیکن اکتوبر ۲۰۲۱ءسے امریکہ میں نان ویکسینیٹڈ افراد کی داخلہ پر پابندی نافذکی گئی تھی اور نوواک جوکو وچ تاحال کووڈ ویکسینیٹڈ نہیں ہیں۔ مارچ اور اپریل کے مہینوں میں کووڈ ٹیکہ نہ لگوانے کے باعث جوکووچ کو ہندوستان اور میامی میں ہونے والے مقابلوں میں شرکت سے روک دیا گیا تھا، ساتھ ہی ٹیکہ  نہ لگوانے والے افراد کے کینیڈا میں داخلے پر پابندی کے باعث وہ مونٹریال کے ایونٹ میں بھی شرکت نہیں کر پائے تھے۔ فروری میں انہوں نے برطانوی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ  اپنی ذات پر اپنے فیصلوں کا اصول ان کیلئے کسی ٹائٹل یا کسی اور چیز سے زیادہ اہمیت کا حامل ہے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ وہ مستقبل میں ویکسینیشن کے حوالے سے کھلی ذہنیت کے حامل ہیں۔امریکہ کی قومی ہیلتھ ایجنسی سینٹر فار ڈزیز کنٹرول اینڈ پروینشن (سی ڈی سی) کی جانب سے امریکہ میں کسی غیر امریکی شخص کیلئے بیرون ملک سے امریکہ میں داخلہ سے قبل مکمل کووڈ ٹیکہ ثابت کرنا ضروری قرار دیا گیا تھا۔۱۱؍ اگست سے نان ویکسینیٹڈ شہریوں کیلئے سی ڈی سی کی جانب سے پابندیوں میں کچھ نرمی کی گئی ہے، جس سے تاثر مل  رہا ہے کہ جوکووچ کو بھی یو ایس اوپن میں شرکت کیلئے امریکہ میں داخلے کی اجازت مل سکتی ہے تاہم اس پر اب بھی سوالیہ نشان لگا ہوا ہے۔ خیال رہے کہ۲۲؍ سنگلز گرینڈ سلیمز کے ساتھ رافیل ندال پہلے نمبر پر ہیں جبکہ جوکووچ ۲۱؍ ٹائٹل کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ اب یہ سوال پیدا ہو گیا ہے کہ ان نرمیوں کے بعد کیا امریکی حکومت کی جانب سے نوواک جوکووچ کو واقعی ملک میں داخلے کی اجازت دی جائے گی یانہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK