Inquilab Logo

ڈبلیو پی ایل :شیفالی اور لیننگ کی بدولت دہلی کا فاتحانہ آغاز

Updated: March 06, 2023, 12:41 AM IST | Mumbai

خواتین کی لیگ میں دہلی کیپٹلس نے رائل چیلنجرز بنگلور کو ۶۰؍رن سے ہرا دیا۔ شیفالی کی شاندار نصف سنچری

Shafali Verma
شیفالی ورما

کپتان میگ لیننگ (۷۲) اور شیفالی ورما (۸۴) کی دھماکہ خیز نصف سنچریوں کی بدولت دہلی کیپٹلس نے اتوار کو ویمنز پریمیر لیگ (ڈبلیو پی ایل) میں رائل چیلنجرز بنگلور کو ۲۲۴؍ رن کا ہدف دیا، اس کے جواب میں بنگلور کی ٹیم نے ۲۰؍اوور میں ۸؍وکٹ پر ۱۶۳؍رن بنائے۔ خواتین  کی  ٹی ۲۰؍ لیگ میں دہلی کیپٹلس کی ٹیم نے اپنا پہلا میچ ۶۰؍رن سے جیت لیا۔ بنگلور کی جانب سے سب سے زیادہ ۳۵؍ رن کپتان اسمرتی مندھانا نے بنائے  اور ہیتھر نائٹ نے ۳۴؍رن کا تعاون دیا۔
 اس سے قبل اننگز کا آغاز کرتے ہوئے لیننگ-شیفالی کی جوڑی نے پہلے وکٹ کیلئے۱۶۲؍ رن کی تیز شراکت کی۔ شیفالی نے۴۵؍گیندوں پر۱۰؍ چوکوں اور ۴؍ چھکوں کی مدد سے ۸۴؍رن بنائے جبکہ لیننگ نے۴۳؍ گیندوں پر۱۴؍ چوکوں کی مدد سے۷۲؍ رن کی کپتانی اننگز کھیلی۔ دونوں سلامی بلے بازوں کے پویلین لوٹنے کے بعد ماریزان کاپ ( ناٹ آؤٹ ۳۹؍رن) اور جیمائمہ روڈریگیز (ناٹ آؤٹ ۲۲؍رن) نے دہلی کو بڑے اسکور تک پہنچا دیا۔ بنگلور نے ٹاس جیت کر بولنگ کا انتخاب کیا لیکن لیننگ-شیفالی جوڑی نے جلد ہی حریف ٹیم کے  فیصلے کو غلط ثابت کردیا۔ دونوں نے پاور پلے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پہلے ۶؍ اوورس میں۵۷؍ رن جوڑے۔
 پاور پلے کے بعد بنگلور نے دہلی کے اوپنرس کو۲؍ اوور تک خاموش رکھا، لیکن شیفالی نے۹؍ویں اوور میں۲۲؍رن بنائے۔ انہوں نے اگلے ہی اوور میں   اپنی نصف سنچری مکمل کی اور ٹیم کو۱۰۰؍رن تک پہنچا دیا۔ لیننگ نے بھی اگلے اوور میں چوکا لگا کر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ لیننگ-شیفالی دہلی کو۱۴؍ اوور میں ۱۵۰؍ رن سے آگے لے گئے۔ بنگلور کو دہلی کی رفتار کو کم کرنے کیلئے ایک وکٹ کی اشد ضرورت تھی، جو ہیتھر نائٹ نے فراہم کر دی ۔ نائٹ نے۱۵؍ ویں اوور میں لیننگ اور شیفالی دونوں کو پویلین بھیج دیا۔ بنگلور نے دونوں اوپنرس کے  وکٹ لئے، حالانکہ اس کے بعد بھی دہلی کا رن ریٹ نہیں رکا۔ کاپ اور روڈریگیز نے تیسرے وکٹ کیلئے ۶۰؍ رن جوڑ کر ٹیم کو۲؍وکٹ پر ۲۲۳؍رن  کے اسکور تک پہنچا دیا۔ کاپ نے ۱۷؍ گیندوں پر۳؍ چوکوں اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے  ۳۹؍رن بنائے۔

WPL Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK