ہندوستانی پہلوانوں کو ٹوکیو اولمپک کے لئے ٹکٹ پانے کا پہلا موقع
EPAPER
Updated: December 24, 2020, 11:16 AM IST | Agency | New Delhi
ہندوستانی پہلوانوں کو ٹوکیو اولمپک کے لئے ٹکٹ پانے کا پہلا موقع
ہندوستانی پہلوانوں کو آئندہ سال ہونے والے ٹوکیو اولمپک کے لئے ٹکٹ پانے کا پہلا موقع قزاقستان میں اپریل میں ہونے والے پہلے ایشیائی اولمپک کوالیفائر سے ملے گا۔ کشتی کی عالمی تنظیم یونائٹیڈ ورلڈ ریسلنگ نے منگل کے روز اپنی میٹنگ میں ۲۰۲۱ء کےنظر ثانی شدہ کیلنڈر کو طے کیا۔ اس نئے کیلنڈر کے مطابق پہلا رینکنگ سیریز ٹورنامنٹ اٹلی میں۴؍سے۷؍مارچ۲۰۲۱ء تک ہوگا۔ اس کے بعد۹؍ سے۱۱؍ اپریل تک قزاقستان میں ایشیائی اولمپک کوالیفائر ہوگا۔ قزاقستان میں ہی سینئر ایشیائی کشتی چمپئن شپ کا انعقاد۱۲؍سے ۱۷؍ اپریل تک ہوگا۔ عالمی اولمپک کوالیفائر کا انعقاد بلغاریہ میں ۶؍ سے۹؍مئی تک ہوگا۔ یہ ٹوکیو اولمپک کے لئے کشی کا آخری کوالیفائنگ ٹورنامنٹ ہوگا۔ ٹوکیو اولمپک کا انعقاد اس سال۲۴؍جولائی سے ٹوکیو میں ہونا تھا لیکن کورونا کی وجہ سے اسےملتوی کردیا گیا اور ان کا انعقاد اب۲۰۲۱ء میں جولائی/اگست میں ہوگا۔ ہندوستان کے اب تک ۴؍ پہلوانوں روی کمار، بجرنگ پونیا، دیپک پونیا اور خاتون پہلوان ونیش پھوگاٹ نے ٹوکیو اولمپک کے لئے کوالیفائی کیا ہے۔