Inquilab Logo

ڈبلیو ٹی سی فائنل :رہانے کے پاس خود کو بہتر ثابت کرنے کا آخری موقع

Updated: June 05, 2023, 3:45 PM IST | London

تجربہ کار بلےبازاجنکیارہانے کو آئند ہ ہونے والی سیریز کیلئے ٹیم میں اپنی جگہ مضبوط کرنے کیلئے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا

photo;INN
تصویر :آئی این این

 ہندوستان کے مڈل آرڈر بلے باز اجنکیا رہانے۱۸؍ ماہ کے طویل انتظار کے بعد ہندوستان کیلئے ٹیسٹ  آغاز کرنے کے  لئے بالکل تیار ہیں اور وہ۷؍ جون سے آسٹریلیا کے خلاف شروع ہونے والے ورلڈ ٹیسٹ چمپئن  شپ (ڈبلیو ٹی سی) فائنل میںکھیلیں گے۔ ان کے پاس خود کو بہتر ثابت کرنے کا یہ آخری موقع ہوگا۔ تجربہ کار بلےبازرہانے چیزوں کو آسان رکھنا چاہیں گے اور امید کریں گے کہ جس بہترین ٹائمنگ کے ساتھ انہوں نے آئی پی ایل میں رن بنائے ہیں وہ لندن میں بھی  جاری رکھیں۔
 رہانے کا ہندوستان کی پلیئنگ الیون میں جگہ بنانا تقریباً یقینی ہے۔ رہانے اور چتیشور پجارا کو۲۰۲۲ء کے اوائل میں جنوبی افریقہ سے سیریز میں شکست کے بعد باہر کر دیا گیا تھا۔ کاؤنٹی کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد پجارا نے پہلے ہی قومی ٹیم میں جگہ بنالی تھی۔ رہانے، جنہوں نے اب تک ۸۲؍ ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں، کو قومی ٹیم میں لوٹنے  کے لئے طویل انتظار کرنا پڑا۔ انہوں نے ر نجی ٹرافی اور حال ہی میں ختم ہونے والے آئی پی ایل میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد قومی ٹیم میںجگہ بنائی ہے۔ لیکن اگر شریاس ایّر زخمی نہ ہوتے تو رہانے کیلئے   ٹیم میں جگہ بناپانا مشکل ہوجاتا تھا۔ 
 شریس ایّر نے مڈل آرڈر میں خود کو ثابت کیا ہے اور ایسی حالت میں جب رہانے اوول میں کریز پر آئیں گے تو ان کے لئے کرو یا مرو کی صورتحال ہوگی۔ رہانے کو آگے کی سیریز کے لئے ٹیم میں اپنی جگہ مضبوط کرنے کے لئے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ رہانے کی کپتانی میں ہندوستان نے۲۰۲۱ء میں آسٹریلیا کو اس کی سرزمین پر شکست دی تھی۔ پھر اس نے اپنے فارم اور قائدانہ صلاحیتوں سے بہت متاثر کیا تھا۔
 اجنکیارہانے آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف اچھا پرفارم کر رہے ہیں۔ یہ الگ بات ہے کہ ان کے پرفارمنس میں مستقل مزاجی کا فقدان رہا ہے جس کی وجہ سے ان کا ٹیسٹ اوسط۳۸ء۵۲؍ ہے۔ ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ  فائنل میں رہانے پر کپتانی کا دباؤ نہیں ہوگا اور ایسی صورتحال میں ان کی توجہ بلے بازی پر رہے گی۔ وہ اپنے بلے سے ناقدین کو منہ توڑ جواب دینا چاہیں گے۔

کیمرون گرین، روہت شرما کے ’تحمل‘ کے قائل ہوئے

آسٹریلیائی آل راؤنڈر کیمرون گرین کو امید ہے کہ وہ آئی پی ایل میں ممبئی انڈینس میں روہت شرما کے ساتھ کھیلنے کے بعد ہندوستانی کپتان کے `تحمل کو اپنے کھیل میں لے آئیں گے۔ آئی پی ایل کی تاریخ کے سب سے مہنگے آسٹریلوی کھلاڑی، گرین نے حال ہی میں ختم ہونے والے ٹورنامنٹ میں۴۵۲؍ رن بنائے اور ۶؍ وکٹ حاصل کئے تھے۔ ۵؍ بار کی چمپئن ممبئی دوسرے کوالیفائر میں ہارنے کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی لیکن گرین نے روہت کی کپتانی میں اپنے پہلے آئی پی ایل سیزن میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
 آئی سی سی سے بات کرتے ہوئے گرین نے کہاکہ’’روہت جس تحمل کے ساتھ میدان میں آتے ہیں وہ صاف نظر آتا ہے۔ ظاہر ہے کہ وہ ۱۰؍ سال سے (کپتانی) کر رہے ہیں اور کافی تجربہ کر چکے ہیں۔ ان کے ساتھ رہنا اور کسی بھی حالت میں رہنا، یہ مجھ سے بات کرنے کا بہت اچھا تجربہ تھا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ میری ذمہ داری اٹیکنگ کرکٹ کھیلنا تھی۔ اس کے بعد ظاہر ہے انہوں نے مجھے بتایا کہ اسپن یا فاسٹ گیندبازی پر کیسے حملہ کرنا ہے اور یہ بھی کہ کس بولر کو حاوی کرنا ہے۔ گرین نے گزشتہ ہفتے ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) فائنل میں ہندوستان کا مقابلہ کرنے کےلئے آسٹریلیائی ٹیم میں شمولیت اختیار کی تھی۔ 

 گاوسکر نے میگا میچ سے پہلے انڈین پلیئنگ۱۱؍ کا انتخاب کیا

ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ۲۰۲۳ء کے فائنل کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ آسٹریلیا اور ہندوستان بدھ۷؍جون کو لندن کے اوول میں ٹکرائیں گے اور روہت شرما کی قیادت والی ہندوستانی ٹیم آخری ایڈیشن میں ناکام رہنے کے بعد اس بار ٹرافی اٹھانے کی کوشش کرے گی۔ اس سے قبل، ہندوستان کے سابق کپتان اور کھیل کے لیجنڈ سنیل گاوسکر نے آسٹریلیا کے خلاف ڈبلیو ٹی سی فائنل کیلئے ہندوستان کی ممکنہ پلیئنگ الیون پر اپنی  رائے کا اظہار کیاہے۔ ایک شو میں بات چیت کرتے ہوئے گاوسکر نے کہا’’ میں بیٹنگ کے بارے میں بات کروں گا اور روہت شرما اور شبھمن گل پہلے اور دوسرے نمبر پر ہوں گے۔ نمبر۳؍ پر (چتیشور) پجارا، نمبر۴؍پر (وراٹ) کوہلی، نمبر ۵؍ پر اجنکیا رہانے، نمبر ۶؍ پر مجھے معمولی تشویش ہے۔ میرے خیال میں نمبر۶؍ یا تو (شریکر) بھرت ہوں گے  یا ایشان کشن۔ وہ بھرت کے بارے میں بات کر رہے ہیں۔ سنیل گاوسکر نے کہا’’  ۷؍نمبرپر (رویندر) جڈیجا ہوں گے۔ اگر یہ ایک روشن دن اور پیشین گوئی ہے، تو مجھے لگتا ہے کہ آپ جڈیجا اور (روی چندرن) اشون کو نمبر۷؍ اور نمبر۸؍ پر دیکھ سکتے ہیں۔ نمبر۹،۱۰؍ اور۱۱؍ پر بالترتیب  محمدسمیع، محمد سراج اور غالباً شاردُل ٹھاکر ہوں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK