Inquilab Logo

برج خلیفہ کے گرد ۵؍ عمارتوں کو چھوتا ہوا سرکل بنانے کا منصوبہ

Updated: September 01, 2022, 11:51 AM IST | Mumbai

آرکیٹیکچر فرم کے مجوزہ ڈیزائن کو ’ڈاؤن ٹاؤن سرکل‘ کا نام دیا گيا ہے۔ یہ ۵۰۰؍ میٹر اونچا اور۳؍ کلو میٹر طویل ہوگا

Downtown Circle will look something like this after construction. .Picture:INN
تعمیر کے بعد ڈاؤن ٹاؤن سرکل کچھ اس طرح دکھائی دےگا۔۔ تصویر:آئی این این

دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ کے گرد ۵؍ عمارتوں کو چھوتا ہوا سرکل بنانے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ ڈیزائن کا تاثر برج خلیفہ کی لمبی عمارت کے گرد انگوٹھی کے جیسا ہے۔  اس سرکل میں وادیاں، ٹیلے، پودے، درخت، غار، پھول، گرین بیلٹ ،آبشاریں بنانے کا ڈیزائن تیار کیا گیا ہے۔ تعمیراتی ماہرین کے تجویز کردہ منصوبے اور ڈیزائن کے تحت برج خلیفہ کے گرد دائرے کی شکل میں ۳؍ کلومیٹر محیط والا یہ اسٹرکچر ۵؍ بڑے کھمبوں کی مدد سے بنایا جائے گا جس سے شہر کی اسکائی لائن کا نقشہ ہی بدل جائے گا۔ڈاؤن ٹاؤن سرکل نامی اس ڈیزائن کے ذریعے ۵؍ دیوقامت کھمبوں کی مدد سے ۵۰۰؍ میٹر اونچی ایک ایسی گول رنگ تعمیر کرنے کا ڈیزائن بنایا گیا ہے جو دبئی شہر کے پورے ڈاؤن ٹاؤن کو اپنے حصار میں لے لے گی۔ دبئی کی آرکیٹیکٹ فرم زنیرا اسپیس سے منسلک آرکیٹیکٹ نجمس چودھری اور نیلس ریمیس کا تیار کردہ یہ ڈیزائن دبئی ڈاؤن ٹاؤن اور برج خلیفہ کو ایک نئی اور دلفریب کشش سے مزین کر دے گا۔ گول رِنگ کا ڈیزائن بنانے والے آرکیٹیکٹ نجمس چودھری کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ کتنا قابل عمل ہوگا؟  اس پر کتنی لاگت آ سکتی ہے؟ ان تمام تفصیلات میں جائے بغیر میں صرف اتنا کہوں گا کہ یہ بہت وقت طلب منصوبہ ہے، اس کیلئے بہت زیادہ افرادی قوت اور وسائل درکار ہو سکتے ہیں اور اس طرح کے منصوبوں کیلئے بہت ہی زیادہ کنسٹرکشن ٹائم اور انجینئرنگ کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس ڈیزائن میں بڑی رنگ،۵؍ دیو قامت کھمبوں کی مدد سے تعمیر کی جائے گی لیکن یہ کھمبے خود بھی دو گول رنگز کے ذریعے ایک دوسرے سے جڑے ہوں گے جسے گرین بیلٹ بنایا جائے گا اور اسے اسکائی پارک کا نام دیا گیا ہے۔ اس اسکائی پارک میں مختلف فطری مناظراور موسم بنائے جائیں گے تاکہ اس رنگ کے رہائشی اور سیاح ماحولیات کو محسوس کر تے ہوئے حقیقی تجربہ حاصل کر سکیں۔ نجمس چودھری نے بتایا کہ مذکورہ ڈیزائن دراصل ۲؍ سال پہلے دبئی فیوچر فاؤنڈیشن کی جانب سے منعقدہ ڈیزائن کے ایک مقابلے میں شرکت کیلئے بنایا گیا تھا۔ اب ہمیں بتایا گیا ہے کہ ہمارا ڈیزائن شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ یہ سرکل ۳؍ کلو میٹر طویل ہوگاجو یقیناً سیاحوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کروائیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK