Inquilab Logo Happiest Places to Work

ثبات اسلامبولی: شام کی پہلی خاتون ڈاکٹر اور تعلیم نسواں کی علمبردار

Updated: May 23, 2026, 2:59 PM IST | Mumbai

Sabat Islambouli کی اصل عظمت یہ ہے کہ انہوں نے مشرقی معاشروں میں خواتین کیلئے اعلیٰ تعلیم، شناخت اور سماجی شرکت کی نئی راہیں کھولیں۔

Sabat Islambouli received his medical degree in 1890. Photo: INN
ثبات اسلامبولی نے۱۸۹۰ء میں طب کی ڈگری حاصل کی۔ تصویر: آئی این این

 ثبات اسلامبولی مشرقِ وسطیٰ کی اُن غیر معمولی خواتین میں شمار کی جاتی ہیں جنہوں نے انیسویں صدی میں ایسے دور میں طب کے میدان میں قدم رکھا جب عورتوں کی اعلیٰ تعلیم کو معیوب سمجھا جاتا تھا۔ وہ ایک ڈاکٹر تھیں۔ اس بات پر تقریباً تمام مؤرخین متفق ہیں کہ وہ شام کی پہلی معروف خاتون ڈاکٹر تھیں اور عرب دنیا میں خواتین کی طبی تعلیم کی ابتدائی علمبرداروں میں شامل تھیں۔ 
ثبات غالباً۱۸۶۷ء میں عثمانی دور کے شام، یعنی موجودہ سیریا کے شہر دمشق میں ایک کرد نژاد یہودی خاندان میں پیدا ہوئی تھیں۔ ان کے نام کے تلفظ اور ہجے مختلف تاریخی ریکارڈز میں الگ الگ ملتے ہیں، جیسے’’ثبات اسلامبولی‘‘، ’’سبات اسلامبولی‘‘، ’’طابات اسلامبولی‘‘ وغیرہ۔ اس اختلاف کی وجہ اُس زمانے میں عربی، ترکی، کردی اور انگریزی زبانوں کے درمیان ناموں کی منتقلی تھی۔ 

یہ بھی پڑھئے: جے ایم بیری: مشہور برطانوی ادیب اور’’پیٹر پین‘‘ کے خالق

ثبات اسلامبولی نے اپنی ابتدائی زندگی ایک ایسے معاشرے میں گزاری جہاں خواتین کا گھر سے باہر تعلیم حاصل کرنا نہایت مشکل سمجھا جاتا تھا۔ اس دور میں مشرقِ وسطیٰ میں عورتوں کیلئے طبی تعلیم تقریباً ناممکن تصور کی جاتی تھی لیکن انہوں نے سماجی رکاوٹوں، مذہبی تعصبات اور صنفی امتیاز کے باوجود تعلیم جاری رکھی۔ ان کی ذہانت اور عزم نے انہیں امریکہ جانے پر آمادہ کیا جو اُس زمانے میں ایک غیر معمولی فیصلہ تھا۔ وہ۱۸۸۵ء میں امریکہ کے معروف ادارے’’ویمنز میڈیکل کالج آف پنسلوانیا‘‘میں داخل ہوئیں، جو دنیا کا پہلا میڈیکل کالج تھا جہاں خواتین کو باقاعدہ طبی تعلیم دی جاتی تھی۔ 
امریکہ میں تعلیم کے دوران ثبات اسلامبولی نہ صرف علمی اعتبار سے ممتاز رہیں بلکہ وہ عالمی سطح پر خواتین کی جدوجہد کی ایک علامت بھی بن گئیں۔ انہوں نے۱۸۹۰ء میں طب کی ڈگری حاصل کی۔ اس کامیابی نے انہیں نہ صرف شام بلکہ پورے عرب مشرق میں ایک نمایاں مقام عطا کیا۔ وہ اُن اولین خواتین میں شامل تھیں جنہوں نے مغربی طرزِ طب کی باقاعدہ تعلیم حاصل کی اور عملی معالجہ کیا۔ مؤرخین کے مطابق تعلیم مکمل کرنے کے بعد وہ واپس دمشق آئیں اور وہاں طب کے شعبے سے وابستہ رہیں۔ اس زمانے میں خواتین مریض اکثر مرد ڈاکٹروں سے علاج کروانے میں جھجھک محسوس کرتی تھیں، اس لئے خاتون ڈاکٹروں کی موجودگی معاشرے کیلئے نہایت اہم تھی۔ 

یہ بھی پڑھئے: ایڈتھ کلارک: امریکہ کی پہلی پروفیشنل خاتون الیکٹریکل انجینئر

ثبات اسلامبولی نے خصوصاً خواتین اور بچوں کی صحت کے شعبے میں اہم کردار ادا کیا، اگرچہ ان کی عملی زندگی کی مکمل تفصیلات محفوظ نہیں رہ سکیں۔ بعد ازاں بعض ریکارڈز سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ قاہرہ منتقل ہوگئیں، جہاں اُس زمانے میں علمی اور طبی سرگرمیوں کا بڑا مرکز قائم ہو رہا تھا۔ ۱۹۱۹ءکے آس پاس ان کا نام کالج کے سابق طالبات کے ریکارڈ میں قاہرہ کے حوالے سے ملتا ہے۔ اس کے بعد ان کی زندگی کے بارے میں بہت کم معلومات دستیاب ہیں۔ ثبات اسلامبولی کا انتقال ۷۳؍ سال کی عمر میں ۱۹۴۱ءمیں ہوا تھا۔ 
( وکی پیڈیا)

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK