Inquilab Logo

یہ ہیں دُنیا کی بڑی اور اہم کمپنیوں کی کمان سنبھالنے والے ہندوستانی

Updated: January 06, 2022, 8:49 PM IST | Shahebaz Khan | Mumbai

دنیا بھر میں ایسی متعدد کمپنیاں ہیں جن میں ہندوستان سے تعلق رکھنے والے افراد کلیدی عہدوں پر فائز ہیں ۔ تاہم، ۱۰؍ ایسی بڑی کمپنیاں ہیں جن کی قیادت مکمل طور پر ہندوستانی نژاد افراد سنبھال رہےہیں ۔ ان میں بیشتر ٹیکنالوجیکل کمپنیاں ہیں ۔ ڈائریکٹر اور سی ای او جیسے عہدوں پر ہندوستانیوں کی تقرری ہمارے لئے باعث فخر ہے۔ جانئے ان ۱۰؍ افراد کے بارے میں ۔

Representation Purpose Only- Picture INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

پراگ اگروال 
 انہیں حال ہی میں ٹویٹر کا سی ای او مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے بطور سافٹ ویئر انجینئر ۲۰۱۱ء میں اس کمپنی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ انہیں ۲۰۱۷ء میں چیف ٹیکنالوجی آفیسر مقرر کیا گیا، اور نومبر ۲۰۲۱ء میں سی ای او کا عہدہ تفویض کیا گیا۔ ان کا تعلق اجمیر ،راجستھان سے ہے۔ انہوں نے ممبئی کے تعلیمی اداروں سے تعلیم حاصل کی ہے جبکہ امریکہ سے پی ایچ ڈی کی ہے۔
اروند کرشنا
 اروند کرشنا آئی بی ایم کے چیئرمین اور سی ای او ہیں ۔انہیں اپریل ۲۰۲۰ء میں کمپنی کا سی ای او جبکہ جنوری ۲۰۲۱ء میں چیئرمین کا عہدہ تفویض کیا گیا۔ انہوں نے آئی بی ایم میں اپنے کریئر کا آغاز ۱۹۹۰ء سے کیا تھا۔ ان کا تعلق آندھرا پردیش سے ہے۔ انہوں نے چنئی کے تعلیمی اداروں سے تعلیم حاصل کی ہے جبکہ یونیورسٹی آف الینوائس سے پی ایچ ڈی کی ہے۔
سندر پچائی
 سندر پچائی الفابیٹ انکارپوریٹڈ اور اس کی ذیلی کمپنی گوگل کے سی ای او ہیں ۔ ان کا تعلق مدراس، تمل ناڈو سے ہے۔ انہوں نے آئی آئی ٹی کھرگ پور سے انجینئرنگ کی ہے۔ انہوں نے اسٹینفورڈ یونیورسٹی سے ایم ایس جبکہ یونیورسٹی آف پینسلوانیا سے ایم بی اے کیا ہے۔ اپنے کریئر کا آغاز انہوں نے میکینزی سے کیا تھا جبکہ ۲۰۰۴ء میں گوگل میں شمولیت اختیار کی تھی۔
ستیہ نڈیلا
 ستیہ نڈیلا مائیکروسافٹ کے ایگزیکٹیو چیئرمین اور سی ای او ہیں ۔ انہیں ۲۰۱۴ء میں سی ای او کا عہدہ تفویض کیا گیا تھا جبکہ ۲۰۲۱ء میں کمپنی کا چیئرمین بنایا گیا۔ ان کا تعلق حیدرآباد،تلنگانہ سے ہے۔ انہوں نے حیدرآباد اور کرناٹک کے تعلیمی اداروں سے تعلیم حاصل کی ہے جبکہ کمپیوٹر سائنس میں ایم ایس یونیورسٹی آف وسکونسن سے کیا ہے۔
شانتنو نارائن
 شانتنو نارائن ، اڈوبی انکارپوریٹڈ کے چیئرمین، صدر اور سی ای او ہیں ۔ ان کا تعلق حیدرآباد، تلنگانہ سے ہے۔ انہوں نے مذکورہ شہر کے تعلیمی اداروں سے تعلیم حاصل کی ہے۔ تاہم، بولنگ گرین اسٹیٹ یونیورسٹی، اوہائیو سے کمپیوٹر سائنس میں ماسٹرز کیا ہے اور یونیورسٹی آف کیلیفورنیا سے ایم بی اے کیا ہے۔انہوں نے اپنے کریئر کا آغاز میجریکس آٹومیشن سے کیا تھا۔
اجے پال سنگھ بنگا
 اجے سنگھ بنگا ماسٹر کارڈ کے ایگزیکٹیو چیئرمین ہیں ۔ اس سے قبل وہ مذکورہ کمپنی کے سی ای او بھی رہ چکے ہیں ۔ آئندہ چند دنوں میں وہ اپنے عہدے سے سبکدوش ہوجائیں گے۔ وہ ہندوستان اور امریکہ کی کئی بڑی اور اہم کمپنیوں میں کلیدی عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں ۔ ان کا تعلق پونے، مہاراشٹر سے ہے۔ انہوں نے ملک کے مختلف تعلیمی اداروں سے تعلیم مکمل کی ہے۔
سنجے مہروترا
 سنجے مہروترا مائیکرون ٹیکنالوجی کے سی ای او ہیں ۔ ۲۰۱۶ء تک وہ سین ڈسک کے صدر اور سی ای او تھے۔ ان کا تعلق کانپور،اتر پردیش سے ہے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم دہلی کے تعلیمی اداروں سے حاصل کی ہے جبکہ یونیورسٹی آف کیلیفورنیا سے کمپیوٹر سائنس میں الیکٹریکل انجینئرنگ کی ہے۔ ۷۰؍ سے زائد ایجادات کے حقوق ان کے نام پر محفوظ ہیں ۔
جے شری اُلال
 جے شری الال ارستا نیٹ ورکٹس کی صدر اور سی ای او ہیں ۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم نئی دہلی کے تعلیمی اداروں سے حاصل کی ہے۔ انہوں نے سان فرانسسکو یونیورسٹی سے الیکٹریکل انجینئرنگ میں بی ایس اور سانتا کلارا یونیورسٹی سے انجینئرنگ مینجمنٹ میں ماسٹرز کیا ہے۔ اپنے کریئر کا آغاز انہوں نے ایڈوانسڈ مائیکرو ڈیوائسیز سے کیا تھا۔ وہ سسکو سے بھی وابستہ رہ چکی ہیں ۔
نکیش اروڑہ
 نکیش اروڑہ پالو آلٹو نیٹ ورکس کے سی ای او اور چیئرمین ہیں ۔ اس سے قبل وہ گوگل سےوابستہ تھے۔ وہ سافٹ بینک گروپ کے صدربھی رہ چکے ہیں ۔ان کا تعلق وارانسی، اتر پردیش سے ہے۔ انہوں نے آئی آئی ٹی، بنارس سے گریجویشن کیا ہے جبکہ بوسٹن کالج سے ایم بی اے کیا ہے۔ اپنے کریئر کا آغاز انہوں نے ۲۰۰۰ء میں ٹی موشن نامی کمپنی کی بنیاد ڈال کر کی تھی۔
وسنت نرسمہن
 وسنت نرسمہن ۲۰۱۸ء سے نووراٹس کے سی ای او ہیں ۔ انہوں نے یونیورسٹی آف شکاگو سے گریجویشن جبکہ ہارورڈ میڈیکل اسکول سے ایم ڈی کیا ہے۔ نووارٹس کا شمار دنیا کی بڑی اور اہم میڈیکل کمپنیوں میں ہوتا ہے۔ ۲۰۰۵ء میں انہوں نے نووارٹس میں شمولیت اختیار کی تھی۔ اس سے قبل وہ امریکہ ہی کی ایک ہیلتھ کیئر کمپنی سے وابستہ تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK