Inquilab Logo

عالمی یوم جنگلی حیات ۳؍ مارچ کو منایا گیا

Updated: March 06, 2020, 12:00 PM IST | Mumbai

ہر سال ۳؍ مارچ کو اقوام متحدہ کے زیر اہتمام عالمی یوم جنگلی حیات (ورلڈ وائلڈ لائف ڈے) منایا جاتا ہے۔

Tiger- Picture INN
شیر۔ تصویر: آئی این این

ہر سال ۳؍ مارچ کو اقوام متحدہ کے زیر اہتمام عالمی یوم جنگلی حیات (ورلڈ وائلڈ لائف ڈے) منایا جاتا ہے۔ ۲۰؍ دسمبر ۲۰۱۳ء کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نےاپنے ۶۸؍ ویں سیشن میں ہر سال یہ دن منانے کی قرارداد منظور کی تھی۔ اس دن کو منانے کا مقصد دنیا بھر میں جنگلی حیات کی نسل و افزائش، اس کے ماحولیات پر اثرات اور جنگلی حیات کے تحفظ کے تعلق سے شعور اجاگر کرنا ہے۔خیال رہے کہ اس دن کو منانے کی تجویز سب سے پہلے تھائی لینڈ نے ۱۹۷۳ء میں پیش کی تھی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ۵۰ء کے عشرے کے بعد دنیا بھر میں تیزی سے جنگلات کی کٹائی ہوئی ہے جس کی وجوہات انسانوں کی بڑھتی ہوئی آبادی اور انفرا اسٹرکچر ہیں ۔ جنگلات کی کٹائی کے سبب ہزاروں پرندوں اور جانوروں کا قدرتی مسکن تباہ ہوگیا ہے۔ کئی جانوروں اور پرندوں کی نسلیں ناپید ہوچکی ہیں ۔ گزشتہ چند برسوں سے جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے کئی اقدام کئے جارہے ہیں ۔ ہر سال اس دن کی ایک تھیم ہوتی ہے۔ گزشتہ سال اس کا تھیم ’زیر آب زندگی: لوگوں اور سیارے کیلئے‘ تھا۔ امسال اس کا تھیم ’سسٹیننگ آل لائف آن ارتھ‘ (زمین پر زندگی کو برقرار رکھنا) ہے۔ زمین پر بے شمار جانور، پرندے ، پودے اور درخت ہیں جنہیں محفوظ رکھنا انسانوں کی ایک اہم ذمہ داری ہے۔ امسال اس دن پر ماہرین نے بحث کی کہ جنگلی حیات کیوں ضروری ہے، ہر ذی روح سائنسی طور پر ایک دوسرے سے کس طرح وابستہ ہے اور ان سب کا وجود کیوں ضروری ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK