Inquilab Logo

راجستھان رائلز، سپرجائنٹس کو زیر کرنے کیلئے بیتاب

Updated: April 27, 2024, 11:18 AM IST | Agency | Lucknow

آج راجستھان رائلزکی ٹیم لکھنؤ سپرجائنٹس کے میدان پرکھیلے گی۔ راجستھان کے سبھی کھلاڑی اچھے فارم میں۔ لکھنؤ کی ٹیم بھی تیار۔

Sandeep Sharma and Yashwi Jaiswal. Photo: INN
سندیپ شرما اور یشسوی جیسوال۔ تصویر : آئی این این

سنیچرکو جب آئی پی ایل میچ میں فارم میں کھیلنے والی راجستھان رائلز ٹیم کا مقابلہ لکھنؤ سپر جائنٹس سے ہوگا تو اس کی توجہ جیت کے سلسلے کو برقرار رکھنے پر مرکوز ہوگی جبکہ لکھنؤ پچھلی شکست کا حساب بیباق کرنا چاہے گا۔ 
 سابق چمپئن راجستھان رائلز نے اس سیزن میں ۸؍ میں سے ۷؍ میچ جیتے ہیں اور انہیں ہرانا لکھنؤ کے لئے مشکل کام ہوگا۔ دوسری طرف لکھنؤ ۸؍ میچوں میں ۵؍ جیت کے ساتھ ٹیبل میں چوتھے نمبر پر ہے۔ گجرات ٹائٹنس کے خلاف واحد شکست کے علاوہ، رائلز نے اس سیزن میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور لگاتار آخری ۳؍ میچ جیتے ہیں۔ 
 ریان پراگ ان کی بیٹنگ میں ریڑھ کی ہڈی ثابت ہوئے ہیں جنہوں نے ۸؍ میچوں میں ۳۱۸؍ رن بنائے۔ یشسوی جیسوال کے فارم میں واپسی سے رائلز کی بیٹنگ مضبوط ہوئی ہے۔ ممبئی انڈینس کے خلاف آخری میچ میں جیت کیلئے ۱۸۰؍ رن کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے جیسوال نے۶۰؍ گیندوں پرناٹ آؤٹ ۱۰۴؍ رن بنائے تھے جس کی وجہ سے ٹیم ۹؍ وکٹوں سے جیت گئی۔ جیسوال اور جوس بٹلر مل کر اوپننگ میں کسی بھی حملے کو تباہ کر سکتے ہیں۔ 
 راجستھان کے کپتان سنجو سیمسن بھی اب تک ۳۱۴؍ رن بنا چکے ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز کے شیمرون ہتمائر بھی بلے سے آتش بازی کے ماہر ہیں۔ روومین پاویل اور دھرو جوریل سے بہتر کارکردگی کی توقع ہے۔ بولنگ میں رائلز کے پاس ٹرینٹ بولٹ، اویس خان اور سندیپ شرما جیسے تیز گیند باز ہیں۔ اسپن کی ذمہ داری یزویندر چہل اور روی چندرن اشون کے پاس ہے، حالانکہ اشون کو اس سیزن میں فارم کے لئے جدوجہد کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ چہل نے ۸؍ میچوں میں ۱۳؍ وکٹ حاصل کئے ہیں۔ 
 دوسری طرف لکھنؤ سپرجائنٹس اس سیزن میں رائلز کے خلاف۲۰؍ رن کی شکست کا حساب بیباق کرنا چاہے گا۔ لگاتار دو جیت کے بعد کے ایل راہل کی کپتانی والی ٹیم پراعتماد ہے اور یہ میچ جیت کر پلے آف کے لئے اس کا دعویٰ مضبوط ہو سکتا ہے۔ راہل اور ان کے اوپننگ پارٹنر کوئنٹن ڈی کاک فارم میں ہیں جس کی وجہ سے لکھنؤ کی بلے بازی مضبوط نظر آرہی ہے۔ 
  دوسری طرف مڈل آرڈر بلے بازوں کی کارکردگی تشویشناک ہے تاہم مارکس اسٹوئنس نے چنئی سپرکنگز کے خلاف آخری میچ میں ناقابل شکست سنچری بنا کر یہ مسئلہ حل کر دیا ہے۔ اسٹونیس نے۶۳؍ گیندوں پر۱۲۴؍ رن بنائے تھے جس کی مدد سے لکھنؤ سپرجائنٹس نے ۶؍ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ 
 دیودت پڈیکل، نکولس پوران اور دیپک ہڈا کو تاہم بہتر کارکردگی پیش کرنی ہوگی۔ بولنگ میں، لکھنؤ کیمپ تیز گیند باز مینک یادو کی فٹنیس کے لئے دعا کرے گا، جو پٹھوں میں کھنچاؤ کی وجہ سے کچھ میچوں سے باہر ہو چکے ہیں۔ 
 راجستھان رائلز: سنجو سیمسن (کپتان)، جوس بٹلر، شیوم دوبے، شیمرون ہتمائر، یشسوی جیسوال، دھرو جوریل، ٹام کوہلر-کیڈمور، ریان پراگ، روومین پاویل، کرونال سنگھ راٹھور، روی چندرن اشون، ڈونووان فریرا، اویس خان، ٹرینٹ بولٹ، ناندرے برجر، یزویندر چہل، پرسیدھ کرشنا، نودیپ سینی، سندیپ شرما، کلدیپ سین، عابد مشتاق، تنوش کوٹیان۔ 
 لکھنؤ سپر جائنٹس: کے ایل راہل (کپتان)، کوئنٹن ڈی کاک، نکولس پوران، آیوش بدونی، کائل میئرس، مارکس اسٹونیس، دیپک ہڈا، دیودت پڈیکل، روی بشنوئی، نوین الحق، کرونال پانڈیا، یودھویر سنگھ، پریرک مانکڈ، یش ٹھاکر، امیت مشرا، شمر جوزف، مینک یادو، محسن خان، کے گوتم، شیوم ماوی، ارشین کلکرنی، ایم سدھارتھ، ایشٹن ٹرنر، محمد ارشد خان۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK