Inquilab Logo

صبح نیند سے بیدار ہونے پر طبیعت بوجھل محسوس ہوتی ہے، کیوں ؟

Updated: October 01, 2021, 7:30 AM IST | Mumbai

صبح نیند سے بیدار ہونے پر بیشتر لوگ اپنے آپ کو ہلکا پھلکا محسوس کرتے ہیں ۔ ہمیں فطری طور پر نیند اس لئے آتی ہے کہ ہم دن بھر کی تھکاوٹ سے نجات حاصل کرسکیں ۔

Symbolic image. Photo: INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

صبح نیند سے بیدار ہونے پر بیشتر لوگ اپنے آپ کو ہلکا پھلکا محسوس کرتے ہیں ۔ ہمیں فطری طور پر نیند اس لئے آتی ہے کہ ہم دن بھر کی تھکاوٹ سے نجات حاصل کرسکیں ۔ ۸؍ یا ۹؍ گھنٹے کی نیند پوری کرنے بعد انسان تازہ دم ہوکر بیدار ہوتا ہے، اور پھر اپنی روزمرہ کی زندگی میں مصروف ہوجاتا ہے۔ لیکن دنیا میں ۶۴؍ فیصد ایسے افراد ہیں جو صبح نیند سے بیدار ہونے پر تھکاوٹ محسوس کرتے ہیں ۔
 بیشتر لوگ نیند سے اٹھنے کے بعد موڈ میں کچھ تبدیلیاں محسوس کرتے ہیں مثلاً اداسی، مایوسی، غصہ، انتہائی کاہلی وغیرہ لیکن کیا یہ معاملہ صرف سستی اور چڑچڑے پن کی حد تک محدود ہے یا پھر کوئی عارضہ ہے۔ بعض افراد کو بستر سے اٹھ کر کچن تک جانے کا فاصلہ طے کرنا بھی طبیعت پر گراں گزرتا ہے، کیا آپ نے کبھی غور کیا کہ ایسا کیوں ہوتا ہے ؟
 طبی ماہرین کے مطابق عموماً ایسے لوگ جو صبح موڈ کی خرابی محسوس کرتے ہیں وہ وقت گزرنے کے ساتھ دن میں بہتر ہوجاتے ہیں اور ان کی حالت صبح جیسی نہیں رہتی۔ایسے افراد بغیر کسی وجہ کے موڈ کی خرابی محسوس کرتے ہیں ، یہ ان کے مزاج کا حصہ بن جاتا ہے جس کا کوئی واضح سبب نہیں ہوتا۔
 طبی ماہرین نے صبح کے وقت افسردگی کی کوئی ایک خاص وجہ نہیں بتائی ہے لیکن افسردگی کی مختلف وجوہات ہیں اور ہارمونل عوامل علامات کے وقت پر اثرانداز ہوسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہارمون میں تبدیلیاں دن بھر ہوتی ہیں لیکن صبح کے وقت افسردگی کا ایک اہم سبب ہوسکتی ہیں ۔
  تحقیق کے مطابق جب اندھیرا ہوتا ہے تو جسم میلاٹونن نامی ہارمون تیار کرتا ہےجس سے انسان کو بہت نیند آتی ہے اور کورٹیسول صبح کے وقت تناؤ اور افسردگی کا جواب دینے میں کردار ادا کرتا ہے۔ کسی شخص کے جسم میں عدم توازن، نیند کی مقدار اور روشنی کی نمائش مزاج میں تبدیلی کا باعث بن سکتی ہے۔بیماریوں کے کنٹرول اور روک تھام کے مراکز کے مطابق صبح کے وقت افسردگی میں دیگر کچھ عوامل ہوسکتے ہیں ، جن میں خاندانی یعنی موروثی بیماری، طبی مسئلہ، الکحل یا ایسی دوائیں جن میں الکحل ہو، ادویات کا استعمال کرنا، زندگی کے واقعات جیسے طلاق یا کوئی اور بڑا غم اور زندگی کے مشکل حالات وغیرہ شامل ہیں ۔
 صبح کے وقت افسردگی کا شکار افراد کواکثر ان علامات کا سامنا ہوتا ہے: صبح اٹھنے اور بستر سے باہر نکلنے میں دشواری، دن کے آغاز میں توانائی کی شدید کمی، نہانا یا کافی بنانا جیسے سادہ کام کرنے میں دشواری پیش آنا ۔
 اس کے علاوہ تاخیر سے جسمانی یا عملی کام کرنا، توجہ کی کمی یا توجہ کا فقدان، شدید اکتاہٹ یا مایوسی، یا پھر ایسی سرگرمیوں میں دلچسپی کا فقدان جو کبھی ان کیلئے خوشگوار تھیں ۔
 طبی ماہرین نے صبح کے وقت افسردگی سے نمٹنے کیلئے چند تجاویز پیش کی ہیں ، جن میں چند درج ذیل ہیں :
 ماہرین نےورزش کرنے کے علاوہ یہ بھی کہا ہے کہ رات کو جلدی سونے کی عادت ڈالیں اور دیر تک نہ جاگیں ، مکمل آرام کریں ، ایسی چیزوں کے استعمال سے گریز کریں جو نیند میں تاخیر کا سبب بنتی ہیں ، مثلاً ٹی وی یا موبائل فون، اور رات کے کھانے میں ایسی غذاؤں کااستعمال نہ کریں جو نیند میں خلل کا باعث بنتی ہیں ۔اس کے باوجود افاقہ نہ ہو تو کسی ڈاکٹر سے مشورہ کریں ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK